Ye Film Dekhne Ke Qabil Hai
یہ فلم دیکھنے کے قابل ہے
آج سے 18 سال پہلے ریلیز ہوئی یہ فلم ایک ایسے انسان کی جد و جہد کے گرد گھومتی ہے جو ایک بے گھر سے ایک کروڑ پتی بنا۔ فلم Pursuit of Happyness میں ایک باپ (Chris Gardner) اپنے ایک بچے کو خوراک اور چھت مہیا کرنے سے بھی قاصر ہے۔ یہ فلم Chris کی زندگی کا تقریباً ایک سال دکھاتی ہے جب وہ 1981 میں ایک سیلز مین ہے اور ایک ایسی مشین بیچنے کی کوشش کرتا رہتا ہے جو ہڈیو کی کثافت معلوم کرنے کے لیے استعمال کی جاتی ہے لیکن اس کو کوئی لینے کو تیار نہیں ہوتا۔
اس فلم میں کرس کا کردار Will Smith ادا کر رہے ہیں اور بچے کا کردار ان کا اپنا بیٹا Jaden Smith ادا کر رہا ہے۔ بچے کو Daycare میں چھوڑ کر سڑکوں پر اپنی مشین اٹھائے پھرتا ہے، ڈاکٹروں کی منت سماجت کرتا ہے لیکن مہینوں میں ایک مشین بیچ پاتا ہے۔ پھر ایسے حالات سے تنگ آکر بیوی بھی چھوڑ جاتی ہے اور وہ اپنے بچے کے ساتھ اکیلا رہ جاتا ہے۔
اس کی ایک شخص (Jay) سے ملاقات ہوتی ہے جو کسی Brokerage firm میں مینیجر کے طور پر کام کرتا ہے، اس کے ساتھ ٹیکسی میں سفر کے دوران Chris ایک Rubik's cube کو حل کرتا ہے جس سے Jay کچھ مرعوب ہوتا ہے اور اس کو انٹرویو کے لیے بلاتا ہے۔ انٹرویو سے ایک رات پہلے Chris کو پولیس گرفتار کرلیتی ہے کیونکہ اس کی گاڑی کا جرمانہ کافی عرصہ سے واجب الادا تھا۔ صبح جیل سے سیدھا انٹرویو کے لیے گندے کپڑوں میں ہی پہنچتا ہے اور انٹرویو کے بعد پتا چلتا ہے کہ یہ کوئی جاب نہیں بلکہ ایک بغیر معاوضہ کے انٹرنشپ ہے۔ وہ پھر سے اداس ہوجاتا ہے کہ وہ امید بھی ٹوٹ گئی کہ شاید پیسے ملتے اور وہ گھر کا کرایہ دے پاتا۔
وہ انٹرنشپ شروع کرنے کا فیصلہ کرتا ہے اور ساتھ اپنی مشین بیچنے کا کام بھی جاری رکھتا ہے۔ مفت کے شیلٹر ہوم حاصل کرنے کے لیے لمبی لائن میں بھی لگتا ہے۔ آخر اس کی انٹرنشپ ختم ہو جاتی ہے اور 20 لوگوں میں سے صرف ایک کو جاب کی آفر ہونی تھی، اسی امید میں محنت کرتا جاتا ہے اور خوب تیاری سے امتحان دیتا ہے انٹرویو دیتا ہے۔
آخر وہ خوش نصیب وہی Chris Gardner ہوتا ہے جس کو جاب ملتی ہے۔ یہ اس کی کامیابی کی پہلی سیڑھی ہوتی ہے۔ یہ فلم کرس کی اپنی بائیو گرافی پر فلمائی گئی ہے جو اس کی زندگی کے مشکل وقت کی روداد سناتی ہے۔
فلم سے ہٹ ہر بتاتا چلوں کہ Chris ایک کامیاب بزنس مین بنا، اپنی Brokerage firm کھولی جس کو شراکت داری پر اس نے 2006 میں کروڑوں ڈالر میں بیچا۔ Chris ایک موٹیویشنل سپیکر بھی ہے جو محنت کرنے والوں کے لیے ایک رول ماڈل ہے۔ اس کی نجی زندگی انتہائی مشکلات میں گزری، اس کی ماں جیل میں رہی، یہ اپنے مامووں کے ساتھ بھی رہا، نیوی میں نوکری بھی کی جہاں یہ ایک ڈاکٹر کے ساتھ رہا اور پھر لیب اسسٹنٹ بھی رہا۔
غریبوں کے لیے اس نے بہت فلاحی کام کیے خاص طور پر کم آمدنی والوں کے لیے سستے گھروں کی تعمیر میں 5 کروڑ ڈالر دیے۔
اس فلم میں کچھ چیزیں حقیقت سے ہٹ جر ہوسکتی ہیں لیکن مجموعی طور پر Chris کی محنت اور زندگی کا احاطہ اس کی آٹو بائیو گرافی کے مطابق ہی ہے۔ کرس خود اس فلم کے پروڈیوسر بھی ہیں۔