Starlink Internet, Sasta Ya Mehanga?
سٹارلنک انٹرنیٹ، سستا یا مہنگا؟
اُمید ہے کہ جلد ہی پاکستانی ٹیلی کام اتھارٹی اور سٹارلنک میں معاہدہ طے پاجائے گا اور سیٹلائیٹ انٹرنیٹ پاکستان میں میسر ہوگا۔ کیا اس پر وی پی این کا پہرا ہوگا یا اس کی فراہمی میں کسی تعطل کا عمل دخل ہوگا یا نہیں؟ کیا کوئی خلائی شارک سگنل کاٹے گی یا نہیں، اس کا جواب کسی اور پوسٹ میں لیکن آج ہم اس کی قیمت کا اندازہ لگانے کی کوشش کریں گے۔
سٹارلنک کا ہارڈوئیر قریباً 350 سے 600 ڈالر تک کا ہے اور اس کے پیکج مختلف ڈیٹا ریٹس کی بنا پر مختلف ملکوں میں مختلف ہیں جن پر ہم بات کریں گے؟
چونکہ ہم ایک ترقی پذیر ملک سے تعلق رکھتے ہیں تو ان کے ریٹس میں کچھ رعایت دیکھیں گے۔ اس بات کا اندازہ مجھے افریقہ کے مختلف پسماندہ ممالک میں ان کے ریٹس سے ہوا ہے۔ ہم یہاں نائیجیریا، زمبابوے اور کینیا کو ایک ریفرنس کے طور پر لیں گے تاکہ اپنے ملک میں متوقع قیمتوں کا اندازہ کریں۔
اس وقت زیمبیا اور نائیجیریا نسبتاً سستے ملک مانے جاتے ہیں، لیکن اکتوبر 2024 میں اس کی قیمت 90 فیصد تک بڑھا دی گئی ہے۔ سٹارلنک پیکجز کے حساب سے جس میں ایک بنیادی گھریلو صارفین کے لیے پہلے 23 ڈالر تک کا پیکج بھی موجود تھا اب وہ 50 ڈالر کا کر دیا گیا ہے جس کی ڈیٹا لمٹ 1 ٹیرا بائٹ ہے اور ہارڈویئر کی قیمت بھی 220 ڈالر سے بڑھا کر 300 ڈالر کردی ہے (نائیجیریا)۔ اگر نائیجیریا میں وہاں پر پہلے سے موجود براڈبینڈ کنیکشن کی قیمت کی بات کریں تو اب سٹارلنک کی قیمت ان کے برابر آگئی ہے صرف ہارڈوئیر کی قیمت زیادہ ہے۔
اسی طرح کینیا کی بات کریں تو وہاں پر اس کے ہارڈوئیر کو کرائے پر بھی لیا جاسکتا ہے جو 15 ڈالر ہر ماہ ہے اور کم از کم پیکج (50 جی بی ڈیٹا) 10 ڈالر فی ماہ پر خریدا جا سکتا ہے اور Unlimited plan کے لیے 50 ڈالر ادا کرنے ہوں گے۔ ان تمام کنکشنز کی رفتار 200mbps تک ہے۔
اب بات کریں پاکستان میں متوقع قیمتوں کی تو یہ میرا اندازہ ہے جو ان ممالک کے پیکج دیکھ کر لگایا ہے۔ ہارڈوئیر کی قیمت کم از کم ایک لاکھ روپے گھریلو اور 2 لاکھ سے 4 لاکھ تک بزنس کے لیے ہوسکتی ہے۔ کم از کم پیکج جو ایک ٹیرا بائٹ (1TB) کا ہو اس کی قیمت 30 سے 40 ڈالر کے درمیان ہوگا اور Unlimited data plan کے ساتھ 50 سے 60 ڈالر کے درمیان۔
اگر ہم ان قیمتوں کا PTCL کے فلیش فائیبر سے موازنہ کریں تو
30mbps at Rs. 3800
40mbps at Rs. 6000
50mbps at Rs. 7000
100mbps at Rs. 12600
250mbps at Rs. 26000
اگر سادہ سا موازنہ کریں تو 50 ڈالر کا سٹارلنک پیکیج جو Unlimited data کے ساتھ ہوگا وہ PTCL کے 100mb سے بہتر ہے کیونکہ سٹارلنک کی Availability تقریباً 99 فیصد ہے لیکن یہاں ہارڈوئیر کی قیمت زیادہ ہے۔ سٹار لنک کے کنکشن کو لوگ آپس میں شیئر بھی کر سکتے ہیں تو 50 ڈالر والا پیکج 3 لوگ شئیر کریں تو 5000 فی ماہ میں بہت اچھا آپشن مل جائے گا۔
آخری بات یہ کہ سٹارلنک کی ابتدائی قیمت کے علاوہ اس کے پیکج ریٹ بہت Competitive ہوں گے جس سے لوکل انٹرنیٹ فراہم کرنے والی کمپنیوں کو پریشانی ہوسکتی ہے۔