Thursday, 26 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Saqib Ali
  4. Muft Ke VPN Istemal Karne Chahiye?

Muft Ke VPN Istemal Karne Chahiye?

مفت کے VPN استعمال کرنے چاہیے؟

اس وقت پوری دنیا میں انٹرنیٹ پر اپنی پرائیویسی کو لے کر ہر کوئی یہ کوشش کرتا ہے اس کا ڈیٹا محفوظ رہے اور اس کے ساتھ ساتھ حکومت کی طرف سے لگی پابندیوں کو بھی آسانی سے بائی پاس کیا جائے۔ پاکستان میں ایک سال سے اس رحجان کا بڑھنا کوئی نئی خبر نہیں ہے۔ مشہور میگزین فوربز نے پاکستان میں وی پی این کے استعمال میں 400 فی صد تک بڑھوتری کا بتایا ہے جس کے پیچھے ایکس (ٹوئٹر) کی بندش بھی شامل ہے۔

وی پی این کام کیسے کرتے ہیں؟

اس سوال کا جواب دینے کے لیے پہلے وی پی این پر تھوڑی بات کرتے ہیں۔ آپ گھر میں اگر DSL سے انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں تو گھر میں رکھی ڈیوائس کے ساتھ آپ ایک نیٹورک بناتے ہیں جس میں باقی موبائل اور کمپیوٹر بھی شامل ہوتے ہیں۔ اس نیٹورک پر ٹریفک اس ڈیوائس سے ہوکر گزرتی ہے مطلب کوئی بھی دوسرا بندہ جو نیٹورک پر ہو اور اس کے پاس مخصوص سافٹ وئیر ہو تو وہ سب کی ٹریفک دیکھ سکتا ہے۔ لیکن اگر اس نیٹورک پر کوئی بندہ وی پی این استعمال کررہا ہو تو اس کی ٹریفک Encrypted نظر آئے گی لیکن یہ پتہ چل جائے گا کہ یہ بندہ وی پی این استعمال کر رہا ہے اور یہ بھی معلوم کیا جا سکتا ہے کہ کون سا وی پی این استعمال ہو رہا ہے۔

اب وی پی این والا معاملہ دیکھتے ہیں، جب بھی آپ کسی وی پی این ایپ کو انسٹال کرکے اس کو آن کرتے ہیں تو وہ آپ کو ملک سے باہر اس وی پی این والی کمپنی کے نیٹورک کا حصہ بنا دیتا ہے۔ آپ کی ٹریفک سیدھا اس بیرونی نیٹورک پر جاتی ہے اور وہاں سے آپ کی مطلوبہ ویب سائٹ پر جاتی ہے اور واپس encrypted شکل میں آپ کے پاس آتی ہے مطلب آپ کے اور اس وی پی این نیٹورک کے درمیان ایک سیکریٹ سرنگ (encrypted tunnel) بن جاتی ہے۔

آپ کا VPN آپ کے بارے میں کیا جانتا ہے؟

جب آپ VPN استعمال نہیں کرتے تو آپ کی ISP جانتی کہ آپ کون سے ویب پیج کھول رہے ہیں لیکن جب آپ وی پی این سے جڑ جاتے ہیں تو آپ کی ISP کو اس بات کا علم نہیں ہوتا کہ آپ کون سی ویب سائٹس دیکھ رہے ہیں۔ آپ کی ISP صرف یہ جانتی ہے کہ آپ ایک ایسے آئی پی ایڈریس پر جارہے ہیں جو بلاک نہیں کیا گیا اور وہ جان سکتے ہیں کہ آپ وی پی این کا استعمال کر رہے ہیں۔ جس وی پی این نیٹورک سے آپ جڑے ہیں ہے وہ آپ کا اصل IP Address جانتا ہے، آپ کیا دیکھ رہے ہیں وہ بھی جانتا ہے۔ وہ سب کچھ جو آپ کا ISP دیکھ سکتا ہے اب وہ وی پی این سرور دیکھ سکتا ہے لیکن یہ یاد رہے کہ وہ آپ کا اس ویب سائٹ پر فراہم کیا گیا ڈیٹا نہیں دیکھ سکتے۔ اس لیے ایسی ویب سائٹس پر ہی جائیں جو https پروٹوکول استعمال کرتی ہیں۔

کون سا وی پی این اچھا ہے؟

اس بات کا انحصار وی پی این سروس کی پرائیویسی پالیسی پر ہے۔ اگر تو وہ ایک no-log پالیسی کا حامل وی پی این ہے تو وہ آپ کا ڈیٹا لاگ نہیں کرے گا۔ یعنی آپ کا آئی پی ایڈریس، جو ویب سائٹس آپ نے دیکھیں، کتنا وقت اور کتنا ڈیٹا وی پی این سیشن میں لگایا۔ یہ سب ڈیٹا اگر کوئی وی پی این لاگ کر رہا ہے تو وہ حکومت یا اداروں کی درخواست پر مہیا کر سکتا ہے۔ لیکن اس کے لیے اس ملک میں یہ قانون ہونا چاہیے کہ وی پی این سروس ڈیٹا لاگ کر سکتی ہے۔ جیسے امریکہ میں یہ قانون تو نہیں ہے لیکن وہ National Security Letters کے زریعے وی پی این کا ڈیٹا لاگ کروا سکتے ہیں۔

ایک مشہور فری وی پی این SuperVPN ہے جس کا پچھلے سال ڈیٹا لیک ہوا اور پتا چلا کہ 36 کروڑ سے زیادہ لوگوں کا ڈیٹا چوری ہوگیا، مطلب وہ ڈیٹا لاگ کر رہا تھا۔

فری کا وی پی این؟

مفت کے وی پی این دو قسم کے ہیں، ایک مکمل مفت ہوتے ہیں اور دوسرے محدود وقت اور محدود فیچرز کے ساتھ مفت ہوتے ہیں، پہلی قسم سے پرہیز کریں یا کم از کم وہ استعمال کریں جس پر بھروسہ کیا جا سکتا ہے۔ دوسری قسم میں محدود ڈیٹا ہی میسر ہوتا ہے جو کافی اچھے اور بھروسہ والے وی پی این ہوتے ہیں، جیسے NordVPN اور ProtonVPN وغیرہ۔ اگر تو آپ کا ریگولر استعمال ہے اور آپ قیمت ادا کرسکتے ہیں تو ہمیشہ پیڈ وی پی این ہی استعمال کریں۔

اب آخر میں آپ کو میں اپنی رائے دوں گا کہ کون سا وی پی این استعمال کریں۔ آپ ProtonVPN استعمال کرسکتے ہیں کیونکہ اس کے سرور سویٹزرلینڈ میں ہیں جہاں پر پرائیویسی قانون کسی بھی قسم کی logging کی پابندی نہیں لگاتے۔ یہ ایک no-log VPN ہے جس کی ابھی تک ڈیٹا لیکس بھی نہیں دیکھی گئیں۔ تو ایسے وی پی این جو یورپی یونین میں ہوں اور no-log کی پالیسی پر عمل پیرا ہوں ان کی کوئی ڈیٹا لیک کی رپورٹ پبلش نہ ہوئی ہو اس کو استعمال کیا جاسکتا ہے۔

اس کے علاوہ وی پی این کا Encryption algorithm بھی دیکھیں کہ وہ جدید (AES256) اور مضبوط ہو۔ پرائیویسی حاصل کرنے کے لیے وی پی این یا Tor browser کے استعمال کا موازنہ کرنے کے لیے ایک نئی تحریر آپ کی خدمت میں پیش کروں گا۔

About Saqib Ali

Saqib Ali is a writer and Research enthusiast in Astronomy, Cyber security, and Information Technology.
FaceBook: facebook.com/AstroSaqi
YouTube: Youtube.com/@astrosaqi

Check Also

Jadeed Maharton Ki Ahmiyat, Riwayati Taleem Se Aage

By Sheraz Ishfaq