Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Saqib Ali
  4. Masnoi Zahanat Ka Naya Daur

Masnoi Zahanat Ka Naya Daur

مصنوعی ذہانت کا نیا دور

آپ آن لائن پیزا آرڈر کرتے ہیں اور اس کے لیے ان کے آٹومیٹک چیٹ بوٹ کا استعمال کرتے ہیں وہ آپ کا آرڈر لیتا ہے اور آپ کو ڈلیوری مل جاتی ہے۔ آپ دس بار بھی آرڈر کریں تو وہ چیٹ بوٹ آپ کو ایک جیسا رویہ دکھاتا ہے جیسے آپ کو جانتا ہی نہیں۔ لیکن اگر ایسا ہو کہ ایک دن وہ آپ کا ہال چال پوچھے اور بتائے کہ سر آخری بار آپ نے یہ پیزا آرڈر کیا تھا اور موسم بھی اس دن بہت اچھا تھا، کیا آپ وہی والا پیزا آرڈر کریں گے یا میں آپ کو آج کے موسم کی مناسبت سے کچھ نیا مشورہ دوں۔

اب یہاں دو قسم کے مصنوعی ذہانت کے نظاموں سے آپ کا واسطہ پڑا ہے ایک روایتی اے آئی سسٹم جو ہم سالوں سے استعمال کررہے ہیں جس کی صلاحیتیں محدود ہیں اور دوسرا ہے Agentic AI کا بوٹ جو بہت پاور فل ہے، فیصلہ کرسکتا ہے، آپ کے ساتھ سوشلی منسلک ہوجاتا ہے آپ کی پسند نہ پسند کا خیال کرتا ہے اس کو ہم صرف اے آئی نہیں بلکہ AI Agent کا نام دیتے ہیں جو مصنوعی ذہانت کا ایک نیا باب ہوگا۔

تین سال ہوگئے آپ کو مصنوعی ذہانت کے نظام استعمال کرتے ہوئے، ہر سوال کا جواب، اچھی اچھی تصاویر اور ویڈیو اور مقابلہ بازی میں لگی ہوئی ٹیکنالوجی کمپنیاں آپ دیکھ رہے ہیں لیکن اس سے آگے بھی کچھ ہونا ہے یا یہی سب چلے گا؟

جو مصنوعی ذہانت کے نظام ہم استعمال کرتے آئے ہیں ان کو Generative AI کہا جاتا ہے اور اس کا دائرہ کار ایک عام صارف کے لیے محدود ہے جو صارف کے سوال کے مطابق لینگوئج ماڈل کا استعمال کرکے اپنا جواب بنا کر دیتا ہے۔

اگرچہ اس کی شاندار تصاویر بنانے، دلکش کہانیاں لکھنے اور حقیقت پسندانہ ویڈیو تیار کرنے کی صلاحیت متاثر کن ہے، لیکن کیا آئے دن جدید لینگوئج ماڈل متعارف کروانے کے پیچھے کیا بس یہی کچھ کرنا ہے؟

آپ کو کیسا لگے گا کہ آپ کے ساتھ کسی کسٹمر سروس سنٹر میں ایک روبوٹ آپ کی طرح کام کر رہا ہو اور وہ فیصلہ لینے میں کسی کا محتاج نہ ہو؟

کسی بینک کی ہیلپ لائن پر آپ کے اکاؤنٹ کے مسائل حل کررہا ہو اور آپ کو جانتا بھی ہو، کسی ڈاکٹر کے ساتھ مریض کی رپورٹس چیک کرکے مرض کی تشخیص میں مشورہ دے رہا ہو، یا پھر چاند اور مریخ پر انسانوں کے لیے گھر بنارہا ہو۔

اب چونکہ یہ لینگوئج ماڈل کافی میچور ہوگئے ہیں تو ان کو ان کے اصل کام پر لگانا ضروری ہے۔ جنریٹو اے آئی مصنوعی ذہانت کے استعمال کا ایک passive and reactive ماڈل ہے لیکن اس ذہانت کا Active استعمال ایک نیا انقلاب لے کر آنے والا ہے۔

جنریٹو اے آئی میں آزادانہ سوچ، منصوبہ بندی، یا عمل کی صلاحیت کا فقدان ہے۔ یہ ایک ماہر تخلیق کار ہے، لیکن ایک عمل درآمد کرنے والا نہیں ہے۔

یہ ایجنٹک اے ائی کیا ہے؟

Agentic AI:

ایجنٹک اے آئی مصنوعی ذہانت کے نظام کے پریکٹیکل استعمال کی ایک اہم ارتقاء کی نمائندگی کرتا ہے، جو Content Creation کی حدود سے آگے بڑھ کر خود مختار فیصلہ سازی کی طرف جاتا ہے۔ یہ نظام اپنے ماحول کو سمجھنے، اس کے بارے میں استدلال کرنے، منصوبے بنانے اور مخصوص اہداف حاصل کرنے کے لیے اقدامات کرنے کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں۔ یہ ذہین Agent ہیں، جو کسی حد تک آزادی کے ساتھ کام کرنے، سیکھنے اور بدلتے ہوئے حالات کے مطابق ڈھالنے کے قابل ہیں۔

مختلف صنعتوں میں Complex Workflow کو خودکار بنانے سے لے کر روبوٹس کو متحرک ماحول میں پیچیدہ کام انجام دینے کے قابل بنانے تک، اس کی صلاحیت بہت زیادہ ہے۔ یہ ایجنٹک اے آئی Target or Goal oriented ہے ناکہ صرف کسی صارف کی طلب پر ایکشن لے۔ مثلاً ایک ایجنٹ کای سٹور پر اس کی Inventory کو مینیج کرتا ہے تو وہ خود سے ان پروڈکٹس کا آرڈر کرے گا جو سٹور میں کم ہورہی ہیں۔ آپ کی ای میل تک رسائی رکھنے والا ایجنٹ آپ کے ای میل پڑھ کر ان کا خود سے رپلائی کردے گا اور آپ کے سیٹ کیے گئے ٹارگٹ کو حاصل کرنے کے لیے آپ کو معاونت دے گا۔

ٹیک کمپنیاں اس فیلڈ میں بھاری سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ NVIDIA اے آئی ایجنٹس کے لیے انفراسٹرکچر بنا رہا ہے، جبکہ Automation Anywhere اور UiPath جیسی کمپنیاں روبوٹک پروسیس آٹومیشن کی صلاحیتوں کو بڑھاتے ہوئے، ایجنٹک اے آئی کو اپنے آٹومیشن پلیٹ فارمز میں ضم کر رہی ہیں۔ بڑے لسانی ماڈلز (LLMs) میں تیز رفتار پیشرفت، جو ایجنٹک اے آئی سسٹمز کے اہم اجزاء کے طور پر کام کرتے ہیں، اس پیش رفت کو مزید تیز کر رہے ہیں۔

یہ تبدیلی مصنوعی ذہانت کے ارتقاء میں ایک اہم سنگ میل ہے، جو ذہین نظاموں کے دور کا آغاز کر رہی ہے جو نہ صرف تخلیق کر سکتے ہیں بلکہ عمل بھی کر سکتے ہیں، حل بھی کر سکتے ہیں اور نیا سیکھ بھی سکتے ہیں۔ ہوسکتا ہے آپ کے گھر کی بجلی کی کھپت کا حساب رکھنے والا ایجنٹ ایک دن آپ کو مشورہ دے کہ بھائی اتنی بھی گرمی نہیں ہے اے سی بند کرو اور باہر موسم اچھا ہے وہ انجوائے کرو ورنہ بل بہت زیادہ آئے گا۔

About Saqib Ali

Saqib Ali is a writer and Research enthusiast in Astronomy, Cyber security, and Information Technology.
FaceBook: facebook.com/AstroSaqi
YouTube: Youtube.com/@astrosaqi

Check Also

J Dot Ka Nara

By Qamar Naqeeb Khan