Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Saqib Ali
  4. Andromeda

Andromeda

انڈرومیڈا

ہماری پڑوسی کہکشاں، انڈرومیڈا، ہم سے 25 لاکھ نوری سال کے فاصلے پر ایک دیو ہیکل کہکشاں ہے اور وہ اکیلی نہیں بلکہ اس کے ساتھ بونی کہکشاؤں (dwarf galaxies) کا ایک گروہ ہے، ایک پیچیدہ نظام جس کو ماہرینِ فلکیات ابھی تک پوری طرح سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

حالیہ مشاہدات سے، خاص طور پر ہبل اسپیس ٹیلی سکوپ سے، اس نظام کے بارے میں ہماری معلومات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ یہ تحقیق The Astrophysical Journal میں پبلش ہوئی ہے۔

انڈرومیڈا کے بارے میں جانا جاتا ہے کہ اس کے گرد گھومنے والی بونی کہکشاؤں کی تعداد 36 ہے۔ یہ بونی کہکشائیں انڈرومیڈا اور ہماری اپنی ملکی وے جیسی بڑی کہکشاؤں کے ارتقاء کو سمجھنے کے لیے بہت اہم ہیں۔

حالیہ ہبل مشاہدات نے ان بونی کہکشاؤں کے حیرت انگیز پہلوؤں کو ظاہر کیا ہے خاص طور پر نئے ستاروں کے بننے کا عمل کو، جو پہلے سے تسلیم شدہ ماڈلز سے متصادم ہے۔ یعنی اس عمر کی کہکشاؤں میں ستاروں کی پیدائش کا عمل نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے لیکن یہاں نئے ستارے بننے کا عمل اب بھی جاری ہے۔

اس کے علاوہ UC Berkeley کے فلکیات کے پروفیسر اور ہبل کے اس پروگرام کے پرنسپل انویسٹیگیٹر Daniel Weisz نے اپنی حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان بونی کہکشاؤں کی ایک بڑی تعداد ایک ہی پلین (Plane) میں گھوم رہی ہیں، جو ایک ایسا مظہر ہے جسے ابھی تک پوری طرح سمجھا نہیں جا سکا۔

ہبل دوربین کے زمین کے گرد ایک ہزار چکروں سے حاصل کردہ ڈیٹا سے اینیمیشن بنائی گئی ہے جس میں ان ڈوارف کہکشاؤں کو انڈرومیڈا کے گرد ایک مخصوص انداز میں گھومتے دیکھا جا سکتا ہے خاص طور پر قریب کی کہکشائیں M32 اور M110۔ اس میں M32 ایک دلچسپ کہکشاں ہے اور اس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ کسی بڑی کہکشاں کا بچا ہوا مرکز ہے جو اربوں سال پہلے انڈرومیڈا اے تصادم کے بعد ایسا ہوگیا۔

خلاصہ یہ ہے کہ انڈرومیڈا کہکشاں اور اس کی بونی کہکشاؤں کے اس نظام میں بہت کچھ کھوجنے کے لیے باقی ہے۔ یہ کہکشائیں کیوں ایک ہی پلین میں گھوم رہی ہیں اور ان میں ستاروں کی پیدائش کا عمل ابھی تک کیوں جاری ہے۔

About Saqib Ali

Saqib Ali is a writer and Research enthusiast in Astronomy, Cyber security, and Information Technology.
FaceBook: facebook.com/AstroSaqi
YouTube: Youtube.com/@astrosaqi

Check Also

Gumshuda

By Nusrat Sarfaraz