Plastic Ka Khamosh Zehar
پلاسٹک کا خاموش زہر

پاکستان میں پلاسٹک ہماری زندگی کا اس طرح حصہ بن چکا ہے کہ ہم اس کے مہلک اثرات سے بالکل بے نیاز ہو چکے ہیں۔ سب سے بڑا ظلم تو یہ ہے کہ تندور سے نکلتی ہوئی تپتی گرم روٹی فوراً غیر معیاری اور ری سائیکل شدہ پلاسٹک کے شاپر میں ڈال دی جاتی ہے، جہاں حرارت ملتے ہی شاپر کے زہریلے کیمیکلز پگھل کر اس روٹی کا حصہ بن جاتے ہیں جسے ہم بڑے شوق سے کھاتے ہیں۔ دکانوں کے باہر تپتی دھوپ میں پڑی کولڈ ڈرنکس اور پانی کی بوتلیں درحقیقت ایک "کیمیکل کاک ٹیل" بن چکی ہیں کیونکہ سورج کی شعاعیں پلاسٹک کے بانڈز توڑ کر فتالیٹس (Phthalates) جیسے زہریلے مادوں کو مشروب میں شامل کر دیتی ہیں۔
یہی حال ہمارے پسندیدہ فاسٹ فوڈ کا ہے جو پلاسٹک کی کوٹنگ والے ڈبوں میں پیک ہو کر زہر بن جاتا ہے، یہاں تک کہ اسے تیار کرنے والے سستے پلاسٹک کے دستانے بھی کیمیکلز کو برگر اور چپس میں منتقل کر دیتے ہیں۔ گھروں میں فریج کے وہ برتن اور پانی کی بوتلیں جو سالہا سال تبدیل نہیں کی جاتیں، وہ مائیکرو پلاسٹک کا سب سے بڑا ذریعہ بن کر ہماری رگوں میں اتر رہی ہیں۔
انسانی جسم درحقیقت مختلف نظاموں کا مجموعہ ہے لیکن اینڈوکرائن سسٹم (Endocrine System) ان سب کا وہ بنیادی ستون اور کنٹرول روم ہے جو ہارمونز کے ذریعے ہماری مردانگی، نسوانیت، بھوک، نیند اور توانائی کو کنٹرول کرتا ہے۔ جب ہم پلاسٹک کے ذریعے فتالیٹس جسم میں اتارتے ہیں تو یہ براہِ راست اسی مرکزی نظام کو ڈیمج (Damage) کر دیتے ہیں۔ فتالیٹس دراصل وہ "ہارمونل ڈاکو" ہیں جو قدرتی ہارمونز کا راستہ روک کر پورے نظام کو مفلوج کر دیتے ہیں اور چونکہ اینڈوکرائن سسٹم جسم کا کمانڈ سینٹر ہے، اس لیے اس کے خراب ہوتے ہی تاش کے پتوں کی طرح اعصابی، تولیدی اور ہاضمے کے نظام بکھرنا شروع ہو جاتے ہیں۔ نوجوان طبقہ آج جس کا سب سے زیادہ شکار ہے، اس کی سائنسی وجوہات انتہائی ہولناک ہیں۔ فتالیٹس مردانہ ہارمون "ٹیسٹوسٹیرون" کو دبا کر مردانہ کمزوری اور بانجھ پن پیدا کرتے ہیں جبکہ خواتین میں یہ ہارمونل بگاڑ اور حمل کے پیچیدہ مسائل کا باعث بنتے ہیں۔
ایک بڑی سائنسی حقیقت یہ بھی ہے کہ لڑکا پیدا کرنے والا "Y" کروموسوم انتہائی حساس ہوتا ہے جو پلاسٹک کے زہریلے اثرات اور حرارت کی وجہ سے جلد مر جاتا ہے، جبکہ لڑکی پیدا کرنے والا "X" کروموسوم بچ جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ متاثرہ افراد کے ہاں لڑکیوں کی پیدائش کا تناسب بڑھ جاتا ہے۔ یہی کیمیکلز "اوبیسوجنز" کہلاتے ہیں جو میٹابولزم کو اتنا سست کر دیتے ہیں کہ سخت ورزش کے باوجود وزن کم نہیں ہوتا اور لبلبے پر حملے کے نتیجے میں کم عمری میں ہی شوگر اور ہائی بلڈ پریشر جیسے امراض جڑ پکڑ لیتے ہیں۔ اینڈوکرائن کی یہی خرابی چڑچڑاپن، یادداشت کی کمی اور "برین فوگ" یعنی ذہنی دھندلاہٹ پیدا کرتی ہے جو آج کے نوجوان کا عام مسئلہ ہے۔
عالمی سطح پر اب اس کے خلاف بڑی آوازیں اٹھ رہی ہیں، مشہور اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو جیسے سلیبرٹیز اب پلاسٹک کے خلاف مہم چلا رہے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ ان کی فٹنس اور مردانہ وجاہت کا دشمن یہی پلاسٹک ہے۔ حال ہی میں یہ ہولناک انکشاف بھی ہوا ہے کہ 80 فیصد انسانوں کے خون میں مائیکرو پلاسٹک پایا گیا ہے اور اب یہ زہر نومولود بچوں کے فضلے اور ماں کے دودھ تک پہنچ چکا ہے۔ دریاؤں میں پلاسٹک کی وجہ سے نر مچھلیوں کا مادہ کی خصوصیات اپنانا اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ کیمیکلز جنس کے قدرتی توازن کو کیسے بدل رہے ہیں۔
اس زہر سے نجات کے لیے اب ہمیں یہ ہنگامی اقدامات فوری طور پر اپنی زندگی کا حصہ بنانے ہوں گے:
پلاسٹک کا بائیکاٹ اور متبادل: گرم کھانے کے لیے صرف مٹی، شیشے یا سٹینلیس اسٹیل کے برتنوں کا استعمال کریں اور تندور سے روٹی لانے کے لیے کپڑے کا رومال یا کاغذ کا تھیلا اپنائیں۔
مٹی کے گھڑے کا استعمال: پانی پینے کے لیے مٹی کا گھڑا بہترین ہے کیونکہ مٹی اپنی قدرتی الکلائن خاصیت کی وجہ سے ان کیمیکلز کے اثرات کو زائل کرنے کی قدرتی صلاحیت رکھتی ہے۔
قدرتی ڈی ٹاکس (Dietary Detox): روزانہ کی خوراک میں لیموں، ادرک، ہلدی اور ہری سبزیوں کا استعمال بڑھائیں تاکہ جگر ان زہریلے مادوں کو خون سے صاف کرکے خارج کر سکے۔
ورزش اور پسینہ بہانا: روزانہ کی بنیاد پر سخت جسمانی مشقت یا ورزش کریں تاکہ پسینے کے ذریعے مساموں میں چھپے ہوئے یہ کیمیائی اثرات باہر نکل سکیں۔
انٹرمٹنٹ فاسٹنگ (روزہ): ہفتے میں ایک یا دو بار 14 سے 16 گھنٹے کا وقفہ (یا روزہ) جسم کو یہ موقع دیتا ہے کہ وہ اپنے خلیات کی خود صفائی (Autophagy) کرے اور فاسد مادوں کو جلا کر ختم کر دے۔
اگر آج کے نوجوان نے اپنی زندگی سے پلاسٹک کو نہ نکالا تو آنے والی نسلیں ذہنی اور جسمانی طور پر مفلوج پیدا ہوں گی، یہ محض صحت کا مسئلہ نہیں بلکہ ہماری بقا کی جنگ ہے۔

