Wednesday, 08 April 2026
  1.  Home
  2. Blog
  3. Saad Makki Shah
  4. Iran Ki Androoni Kashmakash Aur Pakistan

Iran Ki Androoni Kashmakash Aur Pakistan

ایران کی اندرونی کشمکش اور پاکستان

فارن افئیرز میں شائع ایک اھم مضمون میں پیگاہ بنی ھاشمی نے ایران کی موجودہ صورتحال کا نہایت گہرا تجزیہ پیش کیا ہے۔ ان کے مطابق ایران اس وقت صرف بیرونی دباؤ، امریکہ، اسرائیل اور معاشی پابندیوں کا سامنا نہیں کر رہا بلکہ ایک شدید اندرونی بحران سے بھی گزر رہا ہے جو طویل مدت میں زیادہ فیصلہ کن ثابت ھو سکتا ہے۔

مصنفہ کے نزدیک ایران ایک ایسے موڑ پر کھڑا ہے جہاں اس کے تین ممکنہ راستے بنتے ھیں۔ پہلا راستہ یہ ہے کہ ریاست مزید سختی اختیار کرے، سکیورٹی اداروں کا کردار بڑھ جائے اور عوامی آزادیوں کو مزید محدود کر دیا جائے، جس سے وقتی استحکام تو آ سکتا ہے مگر اندرونی بے چینی بڑھتی رھے گی۔ دوسرا امکان بتدریج اصلاحات کا ھیں، جس میں نظام اپنی بقا کے لیے کچھ لچک دکھائے، نوجوانوں اور متوسط طبقے کو جزوی ریلیف دے اور عالمی سطح پر محدود مفاہمت کی کوشش کرے۔ تیسرا اور سب سے خطرناک راستہ وہ ہے جہاں معاشی دباؤ، عوامی بے اطمینانی اور سیاسی تقسیم مل کر ایک بڑے نظامی بحران کو جنم دیں جو ریاستی ڈھانچے کو ہلا کر رکھ سکتا ہے۔

یہ تجزیہ واضح کرتا ہے کہ ایران کا مستقبل صرف جنگی میدان میں نہیں بلکہ اس کے اپنے معاشرے، معیشت اور ریاستی اداروں کی اندرونی کیفیت میں طے ہوگا۔ اگر اندرونی دباؤ میں کمی نہ آئی تو بیرونی خطرات سے قطع نظر، ایران کو ایک بڑے اور غیر متوقع موڑ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔۔

ایران شدت جذبات سے مغلوب ھو کر یا اندرونی کشمکش کے زیر اثر کچھ نامناسب اور غیر دانشمندانہ جنگی اقدامات کر رھا ہے جو اسے بہت سے ھمدرد عناصر سے بھی محروم کر رھا ہے۔

سعودیہ کے غیر فوجی انڈسٹریل سیکٹر پر حملہ ایران کے اندر کے تضادات کو واضح کر رھا ہے۔ قبل ازیں میں بارھا یہ لکھ چکا ھوں کہ ایران کی شکست یا توڑ پھوڑ اندرونی طور پر ھی ممکن ہے۔ بیرونی قوتیں مل کر بھی اسے مکمل شکست نہیں دے سکتیں۔ ایران کو اب بھی اپنی اندرونی کمزوریوں کو مصلحت آمیز انداز سے دور کرنا ھوگا۔ ایرانی یوتھیاز اس کی استقامت کو توڑ سکتے ھیں۔

ھمارے لئے سب سے پہلے پاکستان ہے۔۔ مگر پاکستان کو بہر قیمت و بہرصورت اس جنگ سے دور رھنا چاھئے۔ ایران اور ایرانی ختم نہیں ھونے جا رھے لہٰذا اس جنگ میں ھماری شمولیت سے اس جنگ کے شعلے اور لپٹیں براہِ راست پاکستان میں در آئیں گی۔

ایرانی نہ بھی کچھ کریں تو سامراجی قوتیں پاکستان میں انتشار کو ضرور ھوا دیں گی۔۔ نیز ھمارا تیسرا بارڈر اور اندرون ملک بھی غیر محفوظ ھونے جا رھا ہے۔

خدا خیر کرے۔۔

Check Also

Final Solution?

By Syed Mehdi Bukhari