Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Rizwan Ahmad Qazi
  4. Main Hoon Pakistan, Suno Meri Kahani (1)

Main Hoon Pakistan, Suno Meri Kahani (1)

میں ہوں پاکستان، سنو میری کہانی (1)

جب بھی ہم لفظ پاکستان بولتے ہیں تو ہمارے ذہنوں میں سب سے پہلے جو تین نام آتے ہیں وہ قائداعظمؒ، علامہ اقبالؒ اور چوہدری رحمت علی ہیں۔ پاکستان بننے میں اس مثلث کا بہت ہی اہم کردار ہے۔ اسی کے ساتھ وہ نعرہ "پاکستان کا مطلب کیا؟ لاالہ الااللہ" جو تاریخی بن گیا اسے بھی دہرانے کی ضرورت ہے۔ ہم تحریکِ پاکستان کی روح کو حقیقی معنوں میں تبھی سمجھ سکتے ہیں جب ہم قائداعظمؒ اور علامہ اقبالؒ کی شخصیات اور ان کے تاریخی کردارکے بارے مکمل آگاہی حاصل کرتے ہیں جس میں ان کی تقاریر اور اشعار کی اصل روح کو سمجھنا ہے۔

یہ تینوں کردار اور ان کے بارے شعور و آگاہی پاکستانی قوم میں احساس زندہ رکھنے کے لیے بہت ضروری ہے تاکہ تصورِ پاکستان کو نوجوان نسل کے ذہنوں میں تروتازہ رکھا جائے۔ آج کے نوجوانوں کو یہ باور کروانے کی ضرورت ہے کہ پاکستان راتوں رات ہی نہی بن گیا بلکہ اس کے حصول کے لیے ہمارے اسلاف نے بہت سی قربانیاں دی تھیں۔ وہ آگ و خون کے سمندر سے گزر کر منزل کے حصول یعنی پاکستان کے لئے آگے بڑھتے رہے اور ناممکن کو ممکن ہوا بنا دیا۔ آج کے دور میں تحریکِ پاکستان کے حقائق کو اجاگر کرنا اس لیے بھی ضروری ہے تاکہ ہماری منزل ہماری آنکھوں کے سامنے رہے اور ہم اسلاف کی قربانیوں کو بھول نہ جائیں۔

سال 2025کے 14 اگست کو ہمارے پیارے ملک پاکستان کو بنے ہوئے 78 سال ہو جائیں گے۔ میری یہ تحریریں میرے پیارے ملک، جو اسلام کے نام پر بنا، اُس کے ساتھ لامحدود محبتوں اور ان گنت پیار کا ثمر ہے۔ مجھے فخر ہے کہ میں نے اس آزاد ملک میں آزاد شہری کی حثیت سے آنکھ کھولی اور پاکستان کو اچھے اور برے حالات سے گزرتے دیکھاہے۔ میری زندگی میں کچھ ایسے واقعا ت بھی رونما ہوئے جو نہ صرف میرے بلکہ میرے دور کے کافی لوگوں کے اذہان پہ ان منٹ نقوش چھوڑ گئے ہیں۔

میری ان تحریروں میں کوشش ہوگی کہ نوجوانوں کو تحقیق اور غور و فکر کی روشنی حاصل ہو اور ایسے حالات و واقعات کی طرف توجہ مبذول کروائی جائے جو عام طور پر منظرِعام پہ نہی آتے۔ میری کوشش ہوگی کہ محبت، پیار، عقیدت جیسے جذبات کے ساتھ ساتھ سچ کو نہ چھوڑا جائے۔ اس 78ویں سالگرہ کی مناسبت سے آئندہ آنے والی تحریروں میں تاریخ کے جھروکوں سے خوشی اور غمی، اچھے اور برے واقعات بیان کئے جائیں جو کہ تحریکِ پاکستان کے پل پل بدلتے حالات کے ساتھ وقوع پذیر ہوئے اور جن کا پاکستان کے بننے میں بہت ہی اہم کردار ہا۔

جیسے کہ ہر پاکستانی جانتا ہے کہ پاکستان 14 اور 15 اگست کی درمیانی شب معرضِ وجود میں آیا۔ جس اسلامی مہینہ میں یہ عظیم کارنامہ ہوا وہ رمضان کا مبارک مہینہ تھا اور سب سے اہم بات کہ وہ رات لیلتہ القدر (ستائیسویں شب) تھی جب میرا پاک ملک کو دنیا کے نقشے پہ ابھرا۔ رات کے 12 بجتے ہی آل انڈیا ریڈیو لاہور اور پشاور سے یہ اعلان ہوا: "یہ ریڈیو پاکستان ہے"۔ یہ اعلان ہوتے ہی ملک کے طول و عرض میں جشن کا سماں پیدا ہوگیا۔

عوام بے انتہا مسرت و خوشی کے جذبات سے لبریز ہو کر گلی کوچوں میں "پاکستان زندہ باد"کے نعرے لگانے لگے۔ تحریکِ پاکستان کے دوران لگایا جانے والا نعرہ "پاکستان کا مطلب کیا! لاالہ الااللہ" اور پھر پاکستان کا رمضان المبارک کی لیلتہ القدر کی رات کو بننا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان بننے میں قدرت کا ہاتھ ہے اور یہ ملک قیامت تک قائم و دائم رہنے کے لیے بنا ہے۔ ان قدرت کے بھیدوں کو سمجھنا اُن لوگوں کے لئے بہت ضروری ہے جو اِن رمزوں کو سمجھتے ہیں۔ اُس وقت کے رہنماوں نے بھی اس کو نیک شگون سمجھا اور 15 کی بجائے 14 اگست کو اپنا یومِ آزادی کا دن مقرر کیا۔

قائداعظم کی انتھک محنت، لگن اور جذبہِ آزادی کے حصول کے ساتھ ہندوستان کے مسلمانوں کے علیحدہ وطن کے قیام کے لئے کی جانے والی کوششیں آخر کار پاکستان کی شکل میں سامنے آئیں۔ قائداعظم مسلمانانِ ہند کے لئے ایک الگ وطن چاہتے تھے جس میں وہ آزادی کے ساتھ اپنی عبادات کر سکیں۔ قائد اعظمؒ نے کئی مواقعوں پر پاکستان کو اسلام کا قلعہ اور لیبارٹری قرار دیا جہاں اسلام کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق ریاست کے قوانین بنائے جائیں گے۔ پاکستان کے حصول کے لئے کی جانے والی کوششیں مسلمان رہنماؤں کے لئے سب سے اولین ترجیح تھیں کیونکہ وہ ایسی ریاست چاہتے تھے جہاں مسلمان اور دوسرے مذاہب کے لوگ آزادی کے ساتھ رہ سکیں اور اپنے مذہب کے مطابق اپنی اپنی مذہبی رسومات ادا کر سکیں۔

اگر ہم کچھ تاریخی حقائق اور قدرت کے کرشموں کو سمجھنے کی کوشش کریں تو ہم حیرت زدہ رہ جائیں گے۔ مثال کے طور پر اگر ہم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے انتقال کی تاریخ کو لیں جو 11 ستمبر 1948 ہے اور اس پر غور کریں تو پتا چلتا ہے کہ 1948 سے لے کر آج تک پاکستان کا یومِ آزادی، قائداعظمؒ کا یومِ ولادت 25 دسمبر، یومِ وفات 11 ستمبر اور پاکستان کے پہلے وزیراعظم خان لیاقت علی خان کی شہادت 16 اکتوبر سب تاریخوں کا دن ایک ہی ہوتا ہے۔ جب ہم اپنی پاکستانیت کے جذبات اور حصولِ پاکستان کے لئے دی گئی قربانیوں کے بارے میں غور کریں تو پھر آپ کو یہ حقائق بہت دلچسپ اور حیرت انگیز لگیں گے۔

اسلامی تاریخ پر نظر ڈالنے سے پتا چلتا ہے کی جب بھی مسلمانوں اکھٹے ہوئے اور اپنے خالقِ حقیقی کی طرف رجوع کیا تو اُن کو ہمیشہ اللہ تعالی کی مدد پہنچی۔ جب ہم اس تناظر میں اِن حقائق کا مشاہدہ کریں تو ہم یہ کہنے کے لئے حق بجانب ہیں کہ قائداعظمؒ اور پاکستان قدرت کی طرف سے ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزوم تھے۔ اسی طرح اگر دوسرے ممالک کی تاریخ پڑھیں تو ہمیں اس طرح کے حقائق خال خال ہی نظرآتے ہیں۔ یہ سارے اتفاقات غور و فکر کرنے والوں کے لئے سامانِ فکر و شوق مہیا کرتے ہیں اور جذبہِ حب الوطنی کو بڑھا دیتے ہیں۔ جب ہم ان حقائق کو کھلے دل و دماغ سے دیکھیں گے تو ہم آج بھی یہ نعرہ لگانے میں فخر محسوس کریں گے کہ "پاکستان کا مطلب کیا؟ لاالہ الااللہ"۔

قرآن پاک بھی ہمیں یہی درس دیتا ہے کہ ہم اللہ تعالی کی نشانیوں میں غور و فکر کریں اور اپنی زندگیوں اور معاشرے آقا ﷺ کے بتائے گئے اصولوں کے مطابق صحیح اسلامی معاشرے کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔ پاکستان کا مطلب کیا؟ لاالہ الااللہ اصغر سودائی کی نظم تھی، وہ روزانہ ایک نظم لکھ کر لاتے اور جلسے میں سناتے تھے اور ایک دن وہ ایسی نظم لکھ کر لائے جس نے مسلمانوں کے دلوں کو چھو لیا اور زبان زدِ عام ہوگئی اور یہ نعرہ ہندوستان کے طول و عرض میں انتا مقبول ہوا کہ تحریکِ پاکستان اور یہ نعرہ لازم و ملزوم ہوگیا۔ ایک بار قائداعظم محمد علی جناحؒ نے بھی کہا تھا کہ "تحریکِ پاکستان میں 52 فیصد حصہ اصغر سودائی کا ہے"۔

پاکستان کا مطلب کیا؟ لاالہ الااللہ
شب ظلمت میں گزاری ہے اٹھ وقتِ بیداری ہے

جنگِ شجاعت جاری ہے آتش و آہن سے لڑ جا
پاکستان کا مطلب کیا؟ لاالہ الااللہ

ہادی و رہبر سرورِ دیں صاحبِ علم و عزم و یقیں
قرآں کی مانند حسیں احمدمرسل، صلی علی

پاکستان کا مطلب کیا؟ لاالہ الااللہ
چھوڑ تعلق داری چھوڑ اٹھ محمود بتوں کو توڑ

جاگ اللہ سے رشتہ جوڑ غیراللہ کا نام مٹا
پاکستان کا مطلب کیا؟ لاالہ الااللہ

جرات کی تصویر ہے تو ہمت عالمگیر ہے تو
دنیا کی تقدیر ہے تو آپ اپنی تقدیر بنا

پاکستان کا مطلب کیا؟ لاالہ الااللہ
نغموں کا اعجاز یہی دل کا سوزوساز یہی

وقت کی ہے آواز یہی وقت کی یہ آواز سنا
پاکستان کا مطلب کیا؟ لاالہ الااللہ

پنجابی ہو جا افغان مل جانا شرطِ ایمان
ایک ہی جسم ہے ایک ہی جان ایک رسول اور ایک خدا

پاکستان کا مطلب کیا؟ لاالہ الااللہ
تجھ میں ہے خالد کا لہو تجھ میں ہے طارق کی نمو

شیر کے بیٹے، شیر ہے تو شیر بن اور میدان میں آ
پاکستان کا مطلب کیا؟ لاالہ الااللہ

مذہب و تہذیب کا فن تیرا جداگانہ ہے چلن
اپنا وطن ہے اپنا وطن غیر کی باتوں میں مت آ

پاکستان کا مطلب کیا؟ لاالہ الااللہ
اے اصغر، اللہ کرے ننھی کلی پروان چڑھے

پھول بنے، خوشبو مہکے وقتِ دعاہے ہاتھ اُٹھا
پاکستان کا مطلب کیا؟ لاالہ الااللہ

Check Also

Mufti Muneeb Ur Rehman

By Abid Mehmood Azaam