Thursday, 26 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Noor Hussain Afzal
  4. UAE Ka Khalai Mission Chand Ki Taraf Rawana

UAE Ka Khalai Mission Chand Ki Taraf Rawana

یو اے ای کا خلائی مشن چاند کی طرف روانہ

یو اے ای (UAE) کا چاند کی سطح پر اترنے والا روور راشد اسپیس ایکس کے راکٹ کے ذریعے امریکی ریاست فلوریڈا کے لانچ سینٹر سے 11 دسمبر کو خلائی سفر پر روانہ کیا گیا۔ اس راکٹ میں روور کے ساتھ ساتھ ایک جاپانی کمپنی آئی اسپیس کا لینڈر بھی موجود ہے، لانچ کے 35 منٹ بعد آئی اسپیس لینڈر راکٹ سے الگ ہوگیا، جس کے اوپر یو اے ای کا روور بھی موجود تھا۔

لینڈر کے الگ ہونے کے بعد اسپیس ایکس کا فالکن 9 راکٹ کامیابی سے واپس زمین پر لینڈ کر گیا۔ یو اے ای اس سے قبل مریخ پر مشن کو کامیابی سے بھیج چکا ہے، مگر اب یو اے ای پہلی بار چاند کی سطح پر روور کو اتارنے کا خواہشمند ہے۔ اس روور کا وزن 10 کلوگرام ہے، اور اگر یہ کامیابی سے چاند کی سطح پر اتر جاتا ہے، تو یہ پہلی بار ہوگا، کہ کسی مسلم ملک کا مشن وہاں پہنچنے میں کامیاب ہوگا۔

اس روور میں 2 ہائی ریزولوشن کیمرے، مائیکرو اسکوپک کیمرے، تھرمل امیج کیمرے اور دیگر ڈیوائسز نصب ہیں اور اس کی مدد سے چاند کی سطح پر تحقیق کی جائے گی۔ ویسے تو لانچ کامیاب رہا ہے، مگر چاند پر اترنا بھی آسان نہیں، کیونکہ ایسے ایک تہائی سے زیادہ مشنز ناکام رہتے ہیں۔

اب تک صرف امریکا، چین اور روس کے مشن ہی چاند پر لینڈ کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں، مگر جاپان اور یو اے ای کا نام بھی اس فہرست میں شامل ہونے والا ہے۔ حالیہ برسوں میں بھارت اور اسرائیل کے چاند پر بھیجے جانے والے مشنز کو ناکامی کا سامنا ہوا تھا۔ یہ لینڈر اور روور 5 ماہ میں چاند کی سطح پر پہنچیں گے۔ چاند پر کوئی آب و ہوا نہیں تو لینڈرز کو اترنے کے لیے پیچیدہ طریقہ کار پر عمل کرنا ہوتا ہے۔

یو اے ای کے نائب صدر اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ راشد روور یو اے ای کے خلائی پروگرام کا حصہ ہے جس کا آغاز مریخ پر پہنچنے سے ہوا ہے۔ یواے ای کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد اور دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد نے دبئی میں قائم اسپیس سینٹر کے کنٹرول روم سے راشد روور کی پرواز کا جائزہ لیا۔

شیخ حمدان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ چاند پر پہنچنا اس قوم کے لیے ایک اور سنگ میل ہے جس کے عزائم کی کوئی حد نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ راشد روور یو اے ای کے عظیم اسپیس پروگرام کا حصہ ہے جو مریخ سے شروع ہو کر چاند پر قدم رکھ رہا ہے اور سیارہ زہرہ تک جائے گا۔

اس خوشی کے موقع پر راقم الحروف نورحسین افضل یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان، یو اے ای کے وزیراعظم اور حکمران دبئی شیخ محمد بن راشد آل مکتوم اور ان کی پوری کابینہ اور عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہے، اور دعاگو ہے، یہ ملک جس طرح روز بروز ترقی کے زینے چڑھتا جا رہا ہے، امید ہے کہ اس ملک کا مستقبل بہت زیادہ تابناک اور روشن ہے۔ اللہ تعالیٰ انھیں مزید کامیابیوں اور کامرانیوں سے نوازے۔

Check Also

Wo Shakhs Jis Ne Meri Zindagi Badal Dali

By Hafiz Muhammad Shahid