Tuesday, 24 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Noor Hussain Afzal
  4. Makeup Aur Bhanwen Bareek Karne Ka Sharee Hukum

Makeup Aur Bhanwen Bareek Karne Ka Sharee Hukum

میک اپ اور بھنویں باریک کرنے کا شرعی حکم

کیا عورت آنکھوں کے اوپر کے بال (eyes brows) صاف کرواسکتی ہیں یا نہیں، شریعت کا اس بارے میں کیا حکم ہے؟

عورت کے لیے حسن کے لیے بھنویں بنانا (دھاگا یا کسی اور چیز سے) یا اَبرو کے اطراف سے بال اکھاڑ کر باریک دھاری بنانا جائز نہیں، اس پر حدیث میں لعنت وارد ہوئی ہے، اسی طرح دونوں ابرؤں کے درمیان کے بال زیب و زینت کے حصول کے لیے کتروانا جائز نہیں، خواہ یہ شوہر کی خاطر ہی کیوں نہ ہو۔ البتہ اگر بھنویں بہت زیادہ پھیلے ہوئی ہوں تو ان کو درست کرکے عام حالت کے مطابق (ازالۂ عیب کے لیے) معتدل کرنے کی گنجائش ہے۔

واضح رہے کہ خواتین کے لیے بناؤ سنگھار اور زیب وزینت اختیار کرنے میں شرعی تقاضوں کا لحاظ رکھنا ضروری ہے اور اس بات کا اہتمام کرنا ضروری ہے کہ ان کے کسی طرزِ عمل سے اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺکی ناراضی لازم نہ آئے۔ زیب وزینت اور بناؤ سنگھار میں جن امور کی شریعت میں قطعی طور پر ممانعت ہے۔ انہیں کرنا کسی صورت میں عورت کے لیے جائز نہیں۔ چاہے وہ شوہر ہی کے لیے کیوں نہ ہو۔ اور بناؤ سنگھار کے جو امور شرعی حدود اور جائز درجہ میں ہیں ان میں بھی مقصود شوہر کو خوش کرنا ہو، نہ کہ نامحرم مردوں کو دکھانا یا دوسری عورتوں کے سامنے اترانا ہو، اگر شوہر کو خوش کرنے کے لیے بناؤ سنگھار کرے گی تو اس کو ثواب ملے گا۔ اور اگر نامحرم مردوں کو دکھانے یا فخر کی نیت سے بناؤ سنگھار کرے گی تو گناہ گار ہوگی۔ (حاشية رد المحتار على الدر المختار ج: 6 ص: 373)

(2) میک اپ استعمال کرنے کا حکم:

کیا میک اپ کا استعمال جائز ہے؟ کیا میک اپ حرام اشیاء سے بھی بنایا جاتا ہے اور اس کا استعمال چہرے پر جائز ہے؟ اگر نہیں تو کیسے معلوم کریں کہ کون سی چیز حرام ہے؟ کیوں کہ میک اپ میں تو بہت چیزیں استعمال ہوتی ہیں؟

میک اپ کی بعض صورتیں جائز ہیں اور بعض ناجائز ہیں۔ جائز میک اپ کے لیے ایسی اشیاء کا استعمال جائز ہے جو پاک اور حلال ہوں۔ آج کل میک اپ کی اشیاء میں حرام اور ناپاک بھی استعمال ہوتا ہے اس لیے اگر اجزاء پاک ہوں تو ان کا خارجی استعمال جائز ہے۔ اور ناپاک ہوں تو طہارت کیلئے ان کا دھونا ضروری ہے۔ ناپاک اور حرام مصنوعات کے متعلق معلومات کیلئے کسی حلال تصدیقی ادارے سے راہ نمائی لی جاسکتی ہے۔

اللہ تعالی ہمیں دین سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

Check Also

Muqtadra Ki Hakoomati Bandobast Ki Janib Peh Raft

By Nusrat Javed