Saturday, 06 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Noor Hussain Afzal
  4. Ittehad Rail Poore Amarat Ke Jorne Wala Inqilabi Mansooba

Ittehad Rail Poore Amarat Ke Jorne Wala Inqilabi Mansooba

اتحاد ریل پورے امارات کو جوڑنے والا انقلابی منصوبہ

متحدہ عرب امارات ایک نئے دور میں داخل ہونے کو ہے، جہاں 2026 میں "اتحاد ریلوے" (Etihad Rail) کے تحت مسافر ٹرین سروس کا آغاز ملک کے ٹرانسپورٹ نظام میں انقلاب برپا کرے گا۔ یہ منصوبہ نہ صرف سفری سہولیات کو بہتر بنائے گا بلکہ امارات کی معیشت، سیاحت اور ماحول دوست طرزِ زندگی کے خواب کو بھی حقیقت میں بدل دے گا۔

تقریباً 900 کلومیٹر پر محیط یہ ریلوے نیٹ ورک سات امارات کے گیارہ اہم شہروں کو آپس میں جوڑے گا۔ ان شہروں میں ابوظبی، دبئی، شارجہ، راس الخیمہ، فجیرہ، العین، الرویس، المرفا، الذید، غویفات اور سلطنت عمان کا شہر صحار شامل ہیں۔ اس سے نہ صرف مقامی سفر میں آسانی پیدا ہوگی بلکہ علاقائی روابط کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔

ریلوے نیٹ ورک میں ایک جدید اور تیز رفتار لائن ابوظبی اور دبئی کے درمیان قائم کی جا رہی ہے، جو محض 30 منٹ میں یہ فاصلہ طے کرے گی۔ 350 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی یہ ٹرین خلیجی خطے میں رفتار اور ٹیکنالوجی کا نیا معیار قائم کرے گی۔

اگر سفری اوقات کی بات کی جائے تو ابوظبی سے دبئی کا سفر 57 منٹ، ابوظبی سے الرویس 70 منٹ، ابوظبی سے فجیرہ 105 منٹ اور دبئی سے فجیرہ کا فاصلہ محض 50 منٹ میں طے ہوگا۔ یہ دوریاں جو پہلے گاڑی یا بس کے ذریعے خاصی طویل محسوس ہوتی تھیں، اب نہایت آرام دہ اور تیزرفتار ہو جائیں گی۔

اتحاد ریلوے کے مسافر اسٹیشنز شارجہ کے یونیورسٹی سٹی اور فجیرہ کے سکمکم علاقے میں بنائے جا رہے ہیں، جبکہ دبئی اور ابوظبی میں بھی مختلف مقامات پر اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو اس سہولت کا فائدہ پہنچ سکے۔

جدید ترین کوچز میں فرسٹ، بزنس اور اکانومی کلاس کی سہولیات میسر ہوں گی۔ ہر ٹرین میں 400 سے زائد مسافروں کی گنجائش ہوگی۔ مسافروں کے لیے مفت وائی فائی، انفوٹینمنٹ سسٹم، موبائل اور لیپ ٹاپ چارجنگ پوائنٹس، مکمل ایئرکنڈیشننگ اور آرام دہ نشستوں کا انتظام ہوگا۔ اس کے علاوہ دروازے سے دروازے تک سفری سہولت، نول کارڈ سے ٹکٹنگ اور بین الاقوامی کمپنیوں کی مدد سے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بھی اس منصوبے کا حصہ ہوگا۔

یہ منصوبہ صرف سفری سہولت تک محدود نہیں بلکہ یہ یو اے ای کے اس وژن کا مظہر ہے جو ایک جدید، پائیدار اور اسمارٹ طرزِ زندگی کی جانب لے جا رہا ہے۔ اتحاد ریلوے نہ صرف شہریوں بلکہ ملک میں مقیم غیر ملکیوں اور سیاحوں کے لیے بھی ایک نئی امید بن کر ابھرے گا، جو انہیں تیز، محفوظ اور آرام دہ سفر کا تجربہ فراہم کرے گا۔

یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ اتحاد ریلوے صرف ایک ٹرین منصوبہ نہیں، بلکہ متحدہ عرب امارات کے روشن، مربوط اور پائیدار مستقبل کا ایک عملی قدم ہے۔

Check Also

Bani Pti Banam Field Marshal

By Najam Wali Khan