5 Arab Dollar Se Zameen Par Chand Banane Ka Mansooba
پانچ ارب ڈالر سے زمین پر چاند بنانے کا منصوبہ
تاج محل، دیوار چین سمیت دنیا بھر میں موجود عجائبات کی فہرست میں اضافے ہوگئے ہیں۔ چند نئے عجائبات کی تفصیل پیش خدمت ہے۔
* ویتنام میں بڑے بڑے ہاتھوں کے سہارے کھڑے شاندار گولڈن بریج نے دنیا بھر کے سیاحوں کی توجہ حاصل کی۔ جنگل سے ابھرتے 490 فٹ لمبے پل کے ستونوں کو خدا کے ہاتھوں کا نام دیا گیا ہے۔
* چین میں درختوں سے ڈھکی 364 فٹ کی دو حیرت انگیز عمارتوں میں 900 سے زائد درخت لگائے گئے ہیں۔
* سنگاپور میں 2012 میں کھولا گیا گارڈن بائے دا بے نامی سائنس فکشن پارک اٹھارہ غیر معمولی درختوں کی شکل کے ٹاورز سے شہرت رکھتا ہے۔
* دبئی میں دنیا کا سب سے بڑا فریم 164 میٹر بلند دو ٹاورز پر مشتمل ہے جس کی منفرد فن تعمیر کے ذریعے لوگ 360 ڈگری پر پورے دبئی کا نظارہ کر سکتے ہیں۔
* میکسیکو سٹی میں قائم صومایا میوزیم میں یورپی اور میکسیکن فنکاروں کے چھیاسٹھ ہزار سے زائد آرٹ موجود ہیں۔
* انڈونیشیا کے جزیرے بالی کے پہاڑوں پر موجود جنگل سوئنگز پر ہر کسی کو جھولا جھولنے کی خواہش ہے۔
* 5 ارب ڈالرز سے زمین پر چاند کی تعمیر کا حیرت انگیز منصوبہ بنایا گیا ہے۔ دنیا بھر کے سیاح متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں چاند کو زمین پر دیکھ سکیں گے۔
جی ہاں کینیڈا سے تعلق رکھنے والے مائیکل ہینڈرسن نے 5 ارب ڈالرز کا ایک منصوبہ پیش کیا ہے، جس کے تحت دبئی میں عام افراد کے لیے چاند کو تعمیر کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت 30 میٹر بلند ایک عمارت کے اوپر 274 میٹر بلند چاند کو تعمیر کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ دبئی وہ شہر ہے، جو پہلے ہی دنیا کی بلند ترین عمارت سمیت کئی عجائبات کا گھر ہے۔ اس منصوبے کو مون کا نام دیا گیا ہے اور یہ چاند بنیادی طور پر ہوٹل یا ریزورٹ کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔
مون ریزورٹ انکارپوریشن نامی کمپنی کے ذریعے منصوبے کے لیے سرمایہ فراہم کیا جائے گا۔ مائیکل ہینڈرسن کے مطابق مون دنیا کا سب سے بڑا برانڈ ہے اور 8 ارب افراد اس کے بارے میں جان چکے ہیں، حالانکہ ہم نے ابھی کام بھی شروع نہیں کیا۔ اس منصوبے کے لیے مائیکل ہینڈرسن نے پام جمیرہ میں چاند کی شکل کے ریزورٹ کو تجویز دی ہے۔
جس میں 4 ہزار کمرے ہوں گے اور 10 ہزار افراد قیام کر سکیں گے، جبکہ ایک Lunar colony بھی قائم کی جائے گی تاکہ مہمانوں کو ایسا لگے کہ وہ حقیقت میں چاند پر چل رہے ہیں۔ اس مصنوعی چاند کے نیچے ایک عمارت ہوگی اور یہ رات کو جگمگاتی ہوئی نظر آئے گی۔ درحقیقت مختلف راتوں میں یہ کبھی مکمل، کبھی آدھا اور کبھی ہلال کی شکل میں جگمگاتا نظر آئے گا۔
خیال رہے کہ اس منصوبے کے بارے میں پہلی بار رپورٹ ستمبر 2022 میں سامنے آئی تھی مگر اب زیادہ تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔ البتہ مائیکل ہینڈرسن نے فی الحال چاند کی تعمیر کے آغاز کی تاریخ کے بارے میں نہیں بتایا۔ جو اقوام محنت، کوشش، جدوجہد، اور سعی کو اپنی زندگی کا جزو لاینفک بنا لیتے ہیں وہ ایسے ہی عجائبات دنیا میں کرتے نظر آتے ہیں۔