Tuesday, 16 April 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Muhammad Younas Kasana/
  4. Jo Bache Hain Sang Samait Lo Tan e Dagh Dagh Luta Diya

Jo Bache Hain Sang Samait Lo Tan e Dagh Dagh Luta Diya

جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو تن داغ داغ لٹا دیا

میرا ایک دوست سی اے کر رہا ہے۔ ہم ہفتے میں ایک دو دفعہ مل کر چائے پیتے ہیں ساتھ ہی سیاست پر سیر حاصل گفتگو کر کے دونوں اپنی بھڑاس چائے کی چُسکیوں کے ساتھ ٹیبل پر نکال دیتے ہیں۔ گفتگو کے آخر پر ایک دوسرے کو ملک سے باہر جانے کیلئے موٹیویٹ بھی کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک اور دوست جو کہ ایک نجی یونیورسٹی میں پڑھاتے ہیں اس کے ساتھ بھی چائے کے ساتھ ہم سیاسی تڑکا لگا کر سماجی و معاشی موضوعات اچھے طریقے تل دیتے ہیں۔

یوں ہماری ہفتے بھر کی ذہنی الجھنیں، دفتری تھکاوٹیں اور کچھ روزمرہ کی پریشانیاں ہم ہوا کے حوالے کر کے خالی ذہن اپنے اپنے فلیٹز پر واپس چلے جاتے ہیں۔ ایک دن دوست آیا تو وہ ذرا افسردہ سا لگ رہا تھا پوچھنے پر پتا چلا کہ اس کے کلاس فیلو نے خودکشی کر لی اور لعش بھی ایک دو دن بعد ملی۔ میں نے محرکات کے بارے میں پوچھا تو پتا چلا کہ وہ اس فعل کا ارادہ کافی دیر پہلے ہی کر چکا تھا۔

اصل میں اُس کے مسائل یہ تھے اس نے سی اے میں داخلہ لے تو لیا لیکن اب وہ اسے پاس نہیں کر پا رہا ہے جس کی وجہ سے اسے انٹرن شپ نہیں مل رہی تھی گھر والوں کی طرف سے دباؤ ڈالا جا رہا تھا کہ جو طلبہ تم سے بعد میں لگے وہ انٹرن شپ بھی کر رہے ہیں تم ابھی تک ابتدائی امتحانات میں اٹکے ہوئے ہو۔ اس کے علاوہ آپ سب جانتے ہیں کہ محلے دار، رشتہ دار سب ہی آپ سے پوچھ رہے ہوتے ہیں کہ ہاں بھئی کیا بنا آپ کی ڈگری کا کوئی نوکری بھی کر رہے ہو؟

ساتھ اپنے بیٹے کا بتائے بغیر بتا دینا کہ اس نے تو یہ کر لیا وہ کر لیا اور اگر محلے داروں اور رشتوں داروں کے ساتھ گھر والے بھی مل جائیں تو اذیت دُہری ہو جاتی ہے تو انسان کو ایسے اقدام اُٹھانے میں آسانی ہو جاتی ہے۔ اسی طرح کچھ دیر قبل دہم جماعت کا نتیجہ آیا تو نمبر کم آنے کی وجہ سے طالبہ نے خودکشی کر لی۔ ہم لوگ کیسی تعلیم دے رہے ہیں یا حاصل کر رہے جو زندگیاں بچانے کی بجائے زندگیاں گنوا رہی ہے ایسی تعلیم سے تو ان پڑھ ہی بہتر۔ اب اگر نظام تعلیم پر تنقید کی جائے رویہ بات بہت طویل ہو جائے گی لہٰذا میرے مطابق چند اقدامات جس سے ہم اپنے کسی دوست، بہن، بھائی کی زندگی بچا سکتے ہیں۔

سب سے پہلے آپ کسی ایسی ڈگری میں داخلہ ہی نہ لیں جو آپ کرہی نہیں سکتے اگر آپ کو داخلہ لینے کے بعد محسوس ہو رہا ہے کہ آپ سے نہیں ہو رہی تو فوراً بدل لیں تاکہ ڈگری اور زندگی دونوں بچ جائیں۔

داخلہ لینے سے پہلے کیرئیر کونسلنگ کی کلاسز ضرور لیں اور ڈگری اپنی دلچسپی اور ذہنی قابلیت کے مطابق لیں۔

اگر آپکا بھائی بہن یا دوست الجھا ہوا پریشان دکھائی دے تو اسے نظر انداز نہ کریں بلکہ زیادہ وقت دے کر اس کے غم کا مداوا ضرور کریں ہو سکتا ہے آپ کا دیا ہوا وقت ہی اس کی زندگی بچا دے۔

خصوصاً والدین اپنے بچوں کو پڑھائی کے حوالے سے زیادہ دباؤ نہ ڈالیں بلکہ دوستانہ ماحول رکھیں اور غیر نصابی کتب کی عادات ڈالیں تاکہ وہ زندگی جینے کے اصول بھی سیکھ سکیں اور اگر بچے کا پڑھائی میں دل نہیں لگ رہا تو اسے کوئی ہنر سکھا دیں کیونکہ بچے کی زندگی ضروری ہے ڈگری ضروری نہیں۔

نہ گنواؤ ناوک نیم کش دل ریزہ ریزہ گنوا دیا

جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو تن داغ داغ لٹا دیا

Check Also

Mahrang Baloch Jawab Do

By Najam Wali Khan