Saturday, 06 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Muhammad Waqas Bashir
  4. Makre Aur Insan Ka Jaal

Makre Aur Insan Ka Jaal

مکڑے اور انسان کا جال

ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں مکڑا ایک بھڑ کو اپنے جال میں پھنسا رہا تھا اور بھڑ اپنی پوری طاقت لگا کر آخر کار مکڑے کے جال سے آزاد ہو جاتا ہے اور میں سوچنے لگ گیا کہ مکڑا بھی مچھر مکھی یا بھڑ پے سیدھا سیدھا حملہ نہیں کرتا بلکہ اسے پہلے اپنے جال میں پھنساتا اور الجھاتا ہے اور جب شکار جال میں پھنس اور الجھ کر تھک ہار جاتا ہے تب مکڑا اپنے دانت شکار کے جسم میں گاڑھ دیتا ہے تو انسان کیا کرتا ہے؟

ٹھیک اسی طرح ایک ٹھگ Scammer بھی آپ پے سیدھا حملہ نہیں کرتے بلکہ وہ پہلے جال بچھاتے ہیں اور ایسا خوبصورت جال بچھاتے ہیں کہ وہ آپ کو جال کم جبکہ آپ کو ایک خوبصورت آرٹ Art لگنے لگتا ہے اور آپ اس میں دھیرے دھیرے پھنستے اور الجھتے چلے جاتے ہو۔

مثال کے طور پے ایک انجان نمبر سے کال آئے اور آپ کو کہا جائے کہ مجھے 10 ہزار بھیج دو تو آپ اسے ہرگز پیسے نہیں بھیجو گے پر وہی انجان انسان آپ کو لالچ دے کہ بینظیر انکم سپورٹ میں آپ کا نام منتخب کر لیا گیا ہے اور آپ کو بینظیر انکم سپورٹ کی طرف سے 50 ہزار دیے جائیں گے یا پھر جیتو پاکستان کی طرف سے فیک کال آئے کہ جیتو پاکستان پروگرام میں آپ کا 5 لاکھ روپے کا انعام نکلا ہے پر آپ کو اس کے لیے 50 ہزار بھیجنے ہونگے تاکہ آپ کو 5 لاکھ دیا جا سکے۔

تو آپ جھٹ سے دونوں کو ایک کو 10 اور دوسرے کو 50 ہزار آرام سے بھیج دو گے، اب رکو زرا۔۔ اسی کو جال کہتے ہیں جس میں آپ آسانی سے پھنس جاتے ہو۔

ایک بدکار لڑکا آپ کے جسم کو چھونا چاہے تو آپ اسے اپنا جسم نہیں چھونے دو گی بلکہ اس پے حراسمنٹ کا کیس کر دو گی پر وہی لڑکا پھر آپ کو شادی کرنے کا کہے اور لڑکا خود کو شریف، نیک، محنتی، معزز اور مال دار ظاہر کرے اور پھر آپ کو شادی کی آفر کرے تو آپ فوراً نکاح کے لیے ہاں کر دو گی، آپ نے اسے اپنا جسم چھونے نہ دیا پر اس نے شادی کا جھانسہ دے کر آپ کے جسم تک رسائی حال کر لی، اب رکو زرا، یہی جال ہے جس میں آپ پھنس اور الجھ کے رہ گئی۔۔

ایک آدمی آپ سے 1 لاکھ ادھار مانگے آپ اسے ادھار نہیں دو گے پر اگر وہ کہے کہ یار میں تمہاری سرکاری نوکری لگوا سکتا ہوں، جس میں 80 ہزار تنخواہ ہوگی، کام ہلکا پھلکا ہوگا اور بس مجھے پیسوں کی ضرورت ہے تم مجھے 1 لاکھ ادھار دے دو تو آپ نوکری کی لالچ میں واقعی میں اسے 1 لاکھ ادھار دے دو گے، اب رکو زرا یہی وہ جال ہے جس میں آپ پھنس اور الجھ گئے۔

ایک آدمی آپ سے کسی حیلے بہانے 50 ہزار مانگے پر آپ اسے 50 روپے بھی نہیں دو گے پر وہی آدمی آپ کو کہتا ہے کہ یار مجھے ایک ایسی سکیم کا پتا لگا ہے جس میں 1 لاکھ سرمایہ کاری کرنے سے آپ کو ہر ماہ 50 ہزار ملتے ہیں آپ سوچو گے یار دو ماہ میں 1 لاکھ واپس آ جائے گا اور ہر ماہ 50 ہزار مفت کے ملتے رہے گے سودا گھاٹے کا نہیں ہے آپ اسے 50 ہزار آرام سے دے دو گے، اب رکو زرا یہی وہ جال ہے جس میں آپ پھنس اور الجھ گئے۔

مجھے نہیں پتا کہ حیوانوں میں انسانوں والی خوبیاں پائی جاتی ہیں یا نہیں پر میں اتنا ضرور جانتا ہوں کہ اشرف المخلوقات انسان میں ہر حیوان اور شیطان کی ساری برائی اور خرابیاں پائی جاتی ہیں۔ جہاں انسان دنیا کی تمام مخلوقات میں اشرف المخلوقات ہے وہی تمام مخلوقات میں سب سے بری اور بدترین مخلوق بھی حضرت انسان ہی ہے۔

اس لیے جب کوئی آپ کو لالچ، فائدہ، مفاد دینے کی بات کرے تو فوراً چوکنّے ہو جاؤ کہ ہو نہ ہو یہ کوئی ٹھگ ہے کیونکہ 100 میں سے مشکل سے 5 انسان مخلص ہونگے اور باقی 95 انسان ٹھگ اور فراڈیے ملے گے۔

Check Also

Bani Pti Banam Field Marshal

By Najam Wali Khan