Saturday, 06 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Muhammad Waqas Bashir
  4. Bache Ke Par Na Kaaten, Usay Urne Dein

Bache Ke Par Na Kaaten, Usay Urne Dein

بچے کے پر نہ کاٹیں، اسے اڑنے دیں

یہ تصویر بہت کچھ کہہ رہی ہے، جو ہم والدین اکثر لاشعوری طور پر کر جاتے ہیں کہ ہم اپنے بچوں کو ان کی صلاحیتوں اور خوابوں کے برعکس اپنی توقعات کے سانچے میں ڈھالنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن کیا یہ صحیح ہے؟ کیا ہم اپنے بچے کی پرواز کو ختم تو نہیں کر رہے؟

بچے کی صلاحیت کو جانیں، دیکھیں اور سمجھیں، بچپن میں ہر بچے میں کچھ خاص صلاحیتیں چھپی ہوتی ہیں، کوئی آرٹ میں اچھا ہوتا ہے، کوئی سائنس میں، کوئی کھیل کود میں اور کوئی حساب کتاب میں، ہمارا فرض ہے کہ ہم ان کی چھپی ہوئی صلاحیتوں اور خوبیوں کو پہچانیں، اس کے لیے ہمیں اپنے بچے کے ساتھ وقت گزارنا ہوگا، اس کی دلچسپیوں پر توجہ دینی ہوگی اور اسے مختلف چیزیں کرنے کا موقع دینا ہوگا، اسے آزادانہ طور پر کھیلنے اور تجربہ کرنے کا موقع دینا ہوگا، اسی سے آپ کو اس کی حقیقی خوبیوں کا پتہ چلے گا۔

بچے کو اپنی قابلیت کو دیکھنے، بھالنے اور سمجھنے دیں، ایک بار جب آپ بچے کی صلاحیت کو پہچان لیں، تو پھر اسے خود اپنی صلاحیت کو جاننے دیں، اسے مجبور نہ کریں کہ وہ آپ کے خوابوں کی تکمیل کرے، اسے اپنی پسند کے مطابق اپنے شوق کو پروان چڑھانے دیں، اگر وہ پینٹنگ پسند کرتا ہے تو اسے رنگ اور کینوس لا دیں، اگر اسے کرکٹ پسند ہے تو اسے بیٹ اور بال لا دیں، اسے خود فیصلہ کرنے دیں کہ وہ کیا بننا چاہتا ہے اس سے بچے میں خود اعتمادی اور خود مختاری کا احساس پیدا ہوتا ہے ناکہ بچے پے اپنے فیصلے تھوپنا شروع کر دیں۔

اسے وہ بننے میں مدد کریں جو وہ بننا اور کرنا چاہتا ہے۔

جب بچہ اپنے راستے کا انتخاب کر لے، تو اس کے پر نہ کاٹیں بلکہ اسے اڑنے میں مدد کریں، اس کا سہارا بنیں، اس کی حوصلہ افزائی کریں اور اس کی ہر کامیابی پر اس کی تعریف کریں، ناکامی کی صورت میں اسے حوصلہ دیں اور اسے دوبارہ کوشش کرنے پر آمادہ کریں، اس کے لیے بہترین ماحول فراہم کریں، چاہے وہ کوئی اکیڈمی ہو، استاد ہو یا پھر کوئی ورکشاپ، آپ کا تعاون اور بھروسہ اس کے لیے پروں کا کام کرے گا۔

یاد رکھیں، ہر بچہ ایک چھوٹے سے پودے کی مانند ہوتا ہے جس میں بڑا درخت بننے کی صلاحیت ہوتی ہے، کچھ پودے تیزی سے بڑھتے ہیں، کچھ آہستہ اور ہر ایک پودے کو مختلف دیکھ بھال کی ضرورت ہوتی ہے۔

آپ کا فرض ہے کہ اس پودے کی مناسب دیکھ بھال کریں تاکہ وہ بڑا ہو کر آپ کے لیے اور معاشرے کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکے اور پھل پھول اور چھاؤں دینے والا درخت بن سکے۔

بچے کو وہ بننے دیں جو وہ بن سکتا ہے، نہ کہ وہ جو آپ اسے بنانا چاہتے ہیں، اس کے پر نہ کاٹیں، اسے اڑنے دیں، آپ دیکھیں گے کہ وہ ایسا اور اتنا اونچا اڑے گا کہ اس کی اڑان پے آپ کو بھی فخر ہوگا۔

Check Also

Bani Pti Banam Field Marshal

By Najam Wali Khan