Its Never Too Late
اٹس نور ٹو لیٹ
عمران خان اپنی کتاب، "میں اور میرا پاکستان" کے اختتامی الفاظ میں بیان کرتے ہیں کہ، پانچ بار میں نے کرکٹ کا عالمی کپ کھیلا لیکن صرف آخری بار مجھے جیت جانے کا پورا یقین تھا۔ انگریزی کہاوت ہے، its never too late، آسان الفاظ میں آپ زندگی کو زندہ دلی سے جینا آج سے شروع کر سکتے ہیں چاہے آپ عمر کی پانچویں دھائی میں داخل ہو چکے ہیں، چاہے 17 سال کی عمر میں ہی آپکا عشق ناکام ہو چکا ہے، چاہے بارہویں کے رزلٹ نے آپکو میڈیکل میں داخلے کا اہل ثابت نہیں کیا، چاہے گراونڈ میں بکھرے اینٹ کے ٹکڑے سے ٹکرا کر اچانک اٹھنے والی گیند نے آپ کے گھٹنے کو اسقدر زخمی کر دیا ہے کہ آپ PSL کے ٹرائل سے باہر ہو گئے ہیں، یاد رکھیں، this is not the end of the world۔
یوں تو انسانی تاریخ ایسے کرداروں سے بھری پڑی ہے جنہوں نے زندگی کا بیشتر حصہ جدوجہد میں گزارا اور بالآخر دنیا سے رخصت ہونے سے پہلے اپنے خوابوں کی تعبیر کو پا لیا، ان میں ایک نمایاں مقام امریکہ کے سولہویں صدر ابراہم لنکن کا بھی ہے لیکن ہم مختصر بات کریں گے امریکہ کے موجودہ صدر کی۔
1972 میں جو باہیڈن 29 سال کی عمر میں 2 بیٹوں، ایک بیٹی اور بیوی کے ساتھ خوشگوار ازدواجی زندگی گزار رہے تھے کہ قسمت ان پر مزید مہربان ہوی اور انہوں نے اسی سال منعقد ہونے والے سینٹ انتخابات میں دو مرتبہ کے فاتح امیدوار کو غیر متوقع شکست دے دی۔ باہیڈن کہتے ہیں کہ اس کامیابی کے چند دن بعد ہم دونوں میاں بیوی خوشگوار موڈ میں تھے کہ میری بیوی نے سرشاری میں مجھ سے پوچھا، جو! ہم اسقدر خوش ہیں، سمجھ نہیں آتی ہماری زندگی میں مزید کیا خوشگوار ہونے لگا ہے۔ کرسمَس قریب آرہی تھی، باہیڈن کی بیوی بچے خریداری کے لئے گئے اور واپسی پر انکی کار کو حادثہ پیش آگیا، باہیڈن کی بیوی اور بیٹی ہلاک ہو گئیں اور دونوں بیٹے زخمی ہوگئے۔
باہیڈن کہتے ہیں کہ شدت غم سے ایک لمحہ ایسا بھی آیا کہ میں نے خود کشی کا ارادہ کر لیا مگر دونوں بیٹوں کے خیال نے مجھے اس سے باز رکھا۔ باہیڈن نے مضبوط کردار اور مثبت سوچ کا مظاہرہ کیا اور بالآخر 2021 میں امریکہ کا صدر بن گیا اور یہ سب کچھ ممکن ہوا صرف ایک سوچ سے کہ، "Its Never Too Late"۔
میں آپ ہم سب آج ہی سے ایک پرجوش زندگی کا آغاز کر سکتے ہیں بشرطیکہ ہم زندگی کے آنے والے ایک ایک لمحہ کی قدر کریں اور ہر ادھورے خواب کا یہ سوچ کر پیچھا کریں کہ اب بھی دیر نہیں ہوئی۔ کھانا پینا، سونا جاگنا، افزائش نسل کرنا تو وہ طرزِ زندگی ہے جو انسان سمیت دیگر تمام مخلوقات میں مشترک ہے۔ انسان کو اگر ممتاز بناتا ہے تو وہ اسکا انداز فکر۔ یہاں بھی دو طرح کے لوگ پائے جاتے ہیں، ایک وہ جو بے عملی کا شکار ہوتے ہیں اور معجزات کے منتظر رہتے ہیں اور دوسرے وہ جو محنت، کوشش، نیک نیتی اور اللہ تعالیٰ کی ذات پر یقین رکھتے ہوئے اپنے تصورات کو حقیقت کا روپ دیتے ہیں۔
آئیں آج سے ہی بقیہ زندگی کے ہر ہر لمحے کو قیمتی جان کر با مقصد اور معاشرتی طور پر فعال زندگی گزاریں کیونکہ، Its Never Too Late۔