Wednesday, 17 June 2026

Announcement!

اب اپ ہمارے یوٹیوب چینل کا حصہ بن سکتے ہیں۔ اب آپ کی تحریر کے ساتھ آپ کی آواز اور تصویر بھی دنیا تک پہنچے گی۔ اپنی تحریر کو اپنے موبائل سے بصورت ویڈیو ریکارڈ کریں اور ہمیں ارسال کر دیں۔

مزید تفصیلات کے لئے ہم سے رابطہ کریں۔۔

  1.  Home
  2. Blog
  3. Mubashir Ali Zaidi
  4. Hat Trick Ke Sath Worldcup Ka Aghaz

Hat Trick Ke Sath Worldcup Ka Aghaz

ہیٹ ٹرک کے ساتھ ورلڈکپ کا آغاز

ورلڈکپ میں پہلے ہی میچ میں لیونل میسی نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ عظیم کھلاڑیوں کی عمر ان کے شوق، مہارت اور عزم کے سامنے بے معنی ہوجاتی ہے۔ الجزائر کے خلاف ارجنٹینا کے تینوں گول انھیں نے اسکور کیے۔ 39 سال کی عمر میں، جب بیشتر فٹبالر ریٹائرمنٹ یا زوال کے مرحلے میں ہوتے ہیں، میسی نہ صرف میدان میں موجود ہیں بلکہ ٹورنامنٹ کے سب سے خطرناک کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ ان کی برق رفتار موومنٹ، گیند پر کنٹرول، کھیل کو پڑھنے کی صلاحیت اور فیصلہ کن لمحات میں گول کرنے کی مہارت اب بھی تقریباً ویسی ہی نظر آتی ہے جیسی ان کے عروج کے زمانے میں تھی۔

الجزائر کے خلاف یہ میچ کئی حوالوں سے تاریخی ثابت ہوا۔ میسی چھ ورلڈکپ کھیلنے والے پہلے کھلاڑی بنے اور ورلڈکپ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے صرف چوتھے کپتان ہیں۔ ورلڈکپ میں ان کے مجموعی گول 16 ہوگئے اور اس طرح وہ جرمنی کے میروسلاو کلوزے کے ریکارڈ میں شریک ہوگئے ہیں۔ قوی امکان ہے کہ وہ جلد سب سے زیادہ ورلڈکپ گول کرنے والے کھلاڑی بن جائیں گے۔

قطر ورلڈکپ میں ارجنٹینا کو عالمی چیمپین بنانے کے بعد بہت سے مبصرین کا خیال تھا کہ میسی کا بین الاقوامی کیریئر انجام کو پہنچ جائے گا۔ لیکن وہ چار سال سے منظر پر موجود ہیں۔ امریکی لیگ میں مسلسل کھیلنے، فٹنس پروگرام پر سختی سے عمل کرنے اور اپنے کھیل کے انداز کو عمر کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کا نتیجہ یہ ہے کہ وہ اب بھی دفاعی لائنوں کے لیے ڈراؤنا خواب بنے ہوئے ہیں۔ الجزائر کے خلاف ان کا ایک گول دور سے نیٹ میں پہنچا جبکہ باقی دو گول اس بات کا ثبوت تھے کہ پنالٹی ایریا میں ان کی پوزیشننگ اور موقع شناسی اب بھی بہترین فارورڈز جیسی ہے۔

میسی کی اس کارکردگی نے یقیناً ان تمام ٹیموں کو تشویش میں مبتلا کردیا ہوگا جو اس ورلڈکپ کو جیتنے کا خواب دیکھ رہی ہیں۔ فرانس، انگلینڈ، برازیل، پرتگال اور اسپین جیسی ٹیموں کے کوچ جانتے ہیں کہ اگر ارجنٹینا ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچ گیا تو انھیں صرف ایک مضبوط ٹیم کا سامنا نہیں ہوگا بلکہ ایسے کھلاڑی سے بھی نمٹنا ہوگا جو بڑے مقابلوں میں کھیل کا رخ بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ارجنٹینا کے پاس جولین الواریز، اینزو فرنانڈیز، الیکسس میک ایلسٹر اور دوسرے باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں، لیکن میسی کی موجودگی اس ٹیم کو ایک مختلف سطح پر لے جاتی ہے۔

میسی تقریباً دو دہائیوں سے عالمی فٹبال کی اعلیٰ ترین سطح پر موجود ہیں جو اپنی جگہ ایک مثال ہے۔ 2006 کے ورلڈ کپ میں نوجوان کھلاڑی کے طور پر سامنے آنے والے میسی 2026 میں بھی ارجنٹینا کے کپتان ہیں۔ اس دوران انھوں نے عالمی کپ، کوپا امریکا، چیمپینز لیگ، لا لیگا اور بے شمار انفرادی اعزازات جیتے۔ ان کا 200 واں بین الاقوامی میچ بھی اسی ورلڈکپ میں آیا، جو ان کی غیر معمولی مستقل مزاجی کا ثبوت ہے۔

اس ورلڈکپ میں میسی کے سامنے ایک تاریخی موقع بھی موجود ہے۔ اگر ارجنٹینا مسلسل دوسری بار عالمی چیمپین بن جاتا ہے تو میسی اعزاز کا دفاع کرنے والے صرف دوسرے کپتان ہں گے۔ اس سے پہلے یہ کارنامہ اٹلی کے عظیم کپتان جوسیپے میتسا نے انجام دیا تھا جب 1934 کے بعد ان کی ٹیم نے 1938 کا ورلڈکپ بھی جیت لیا تھا۔

ورلڈکپ کا دفاع کرنا فٹبال کی سب سے مشکل کامیابیوں میں شمار ہوتا ہے۔ 1962 کے بعد سے کوئی چیمپین ٹیم اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع نہیں کرسکی۔ ارجنٹینا کی ٹیم اگر ایسا کرسکی تو یقینی طور پر میسی اس کامیابی کے ہیرو ہوں گے۔ ان کی موجودگی نہ صرف تکنیکی برتری فراہم کرتی ہے بلکہ پوری ٹیم کو نفسیاتی اعتماد بھی دیتی ہے۔

الجزائر کے خلاف ہیٹ ٹرک اس طویل سفر کا صرف پہلا قدم تھا، لیکن اس میچ نے واضح کیا کہ لیونل میسی کا جادو برقرار ہے بلکہ سر چڑھ کے بول رہا ہے۔ فٹبال کی دنیا نے کئی بار سوچا کہ اب میسی کی چمک ماند پڑنے والی ہے لیکن ہر بار وہ نئے انداز سے جگما اٹھے۔ اگر وہ اسی فارم کو برقرار رکھتے ہیں تو ممکن ہے کہ ٹورنامنٹ کے اختتام پر ان کے نام کے ساتھ ایک اور ورلڈکپ، کئی نئے ریکارڈ اور "ہر دور کے عظیم ترین فٹبالر" کی بحث کا حتمی فیصلہ بھی جڑ جائے۔

Check Also

Faisal Vawda Ki Nazar Mein Nakam o Nikamma Hukumati Bandobast

By Nusrat Javed