Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Mohammad Saleem
  4. Brown Dwarf Aik Adhura Sitara

Brown Dwarf Aik Adhura Sitara

براؤن ڈارف ایک ادھورا ستارہ

ستارے وہ اجرام ہیں جو کششِ ثقل کے بوجھ سے اپنے اندر دب کر ہائیڈروجن کو ہیلیم میں بدلتے ہیں اور اس عمل سے توانائی خارج کرتے ہیں۔ یہ توانائی روشنی اور حرارت کی صورت پھیلتی ہے اور یوں وہ ستارہ بن جاتا ہے۔ مگر ہر وہ جسم جو گیسوں کے بادل سے بنے، لازماً ستارہ نہیں بنتا۔ کچھ ایسے بھی ہوتے ہیں جو ستارہ بننے کی دہلیز تک پہنچ کر رک جاتے ہیں۔ یہ "نہ مکمل سیارہ، نہ مکمل ستارہ" جیسی حالت میں، براؤن ڈارف کہلاتے ہیں۔

براؤن ڈارف ایک عجیب مخلوقِ فلکی ہے۔ اس کا حجم کسی سیارے سے کئی گنا بڑا ہوتا ہے، مگر پھر بھی اتنا نہیں کہ وہ اندر ہائیڈروجن فیوژن کو جاری رکھ سکے۔ فیوژن وہ عمل ہے جو سورج جیسے ستاروں میں توانائی کا ذریعہ ہوتا ہے۔ براؤن ڈارف میں کبھی کبھار ڈیٹریئم یا لیتھیئم جیسی ہلکی گیسیں تھوڑا بہت ردِ عمل دیتی ہیں، مگر یہ عمل نہ کافی ہوتا ہے کہ اسے مکمل ستارہ کہا جا سکے۔ یہی وجہ ہے کہ براؤن ڈارف دھندلے، ٹھنڈے اور خاموش اجرامِ فلکی ہوتے ہیں۔

سائنسدانوں کے مطابق براؤن ڈارف کا ماس عموماً 13 سے 80 جیوپیٹر ماس کے درمیان ہوتا ہے۔ اگر یہ مقدار 13 سے کم ہو تو وہ سیارہ کہلاتا ہے اور اگر 80 سے زیادہ ہو تو ممکنہ طور پر وہ ایک چھوٹا ستارہ بن سکتا ہے۔ یہ درمیانی دائرہ وہ زون ہے جہاں براؤن ڈارف جنم لیتے ہیں۔ انہیں عام طور پر انفرا ریڈ روشنی میں دیکھا جا سکتا ہے، کیونکہ یہ اتنے ٹھنڈے ہوتے ہیں کہ مرئی روشنی خارج نہیں کرتے۔

براؤن ڈارف اکثر ایسے مقامات پر پائے گئے ہیں جہاں بڑے ستارے موجود نہیں ہوتے اور بسا اوقات یہ اکیلے خلاء میں بھٹکتے ہیں۔ ان کی شناخت مشکل ہوتی ہے کیونکہ یہ روشنی کم خارج کرتے ہیں اور بڑی دوربینوں کے بغیر ان کا سراغ ملنا تقریباً ناممکن ہے۔

یہ اجرامِ فلکی کائنات میں بھرے پڑے ہیں، مگر ان کا وجود اتنا کمزور اور غیر نمایاں ہے کہ فلکیات کے بڑے اجسام جیسے کہ کہکشائیں، ان سے خاص متاثر نہیں ہوتیں۔ البتہ ان کی تعداد بہت زیادہ ہونے کے سبب ماہرینِ فلکیات کے لیے یہ تحقیق کا مستقل موضوع ہیں۔ کچھ نظریات کے مطابق ہماری اپنی کہکشاں میں کروڑوں نہیں بلکہ اربوں براؤن ڈارف موجود ہو سکتے ہیں۔

کچھ سائنسدان براؤن ڈارف کو "ناکام ستارہ" کہتے ہیں۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ وہ اپنی خاموشی میں بھی کائنات کا حصہ ہیں۔ وہ یہ بتاتے ہیں کہ ہر عمل جو مکمل نہ ہو، وہ ناکام نہیں ہوتا۔

Check Also

Muhammad Yaqoob Quraishi (3)

By Babar Ali