Wednesday, 27 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Mirza Yasin Baig
  4. Mirch

Mirch

مرچ

مرچ واحد نباتات ہے جو زمین کے علاوہ تن بدن میں بھی لگتی ہے۔ دنیا بھر کی دیگر سبزیوں کو ادھر سے ادھر ملاجلا کر اس کا ذائقہ تبدیل کرلیا جاتا ہے مگر مرچ کے ساتھ کچھ بھی کرلو ویسی کی ویسی رہتی ہے، تیکھی و تیز۔ یہ اس کے کردار کی عظمت کی نشانی ہے۔

مرچ کی انسانوں کی طرح بیسیوں قسمیں ہیں، جن میں شملہ مرچ سب سے زیادہ مقبول ہے۔ شملہ رنگت اور ذائقے میں ہر ایک کو بھاتی ہے حالانکہ بےحد موٹی اور ہر زاویے سے پھولی پھولی ہوتی ہے۔ اس کے باوجود کوئی شملہ پر پھبتی کستا ہے نہ ڈائٹنگ کا مشورہ دیتا ہے۔

مرچ جتنی ناٹی ہو اتنی ہی تیز ہوتی ہے۔ ہانڈی یا زبان پر ذرا سی پڑجاۓ تو بڑے سے بڑا پہلوان بھی تلملا اٹھتا ہے۔ مرچ کو کوٹ لو، پیس ڈالو، ریزہ ریزہ کردو مگر وہ اپنی خصلت سے باز نہیں آتی۔ دنیا میں کچھ لوگ مرچ کم کھاتے ہیں، کچھ زیادہ مگر کسی نہ کسی شکل میں کھاتے ضرور ہیں۔ یہ نمکین پکوان اور عورت و مرد کی زبان کا جز ہوتی ہے۔

مرچی لگانا شیف اور شرارتی افراد کی عادت ہوتی ہے۔ ہر طرح کے گوشت میں مرچی لگاکر چھوڑ دینا ان کا خاصہ ہوتا ہے۔ جسے مرچی لگے وہ بہت بولتا ہے چاہے طوطا ہو، رشتےدار، پڑوسی یا دوست و دشمن۔ مجھے ہری مرچ کھانا پسند ہے۔ ہری مرچ کھانے سے ہری ہری سوجھتی ہے۔ یہ فکاہیہ بھی میں نے ہری مرچ کھاکر لکھا ہے۔ اسے پڑھ کر امید ہے کسی کو بھی مرچی نہیں لگےگی۔

Check Also

Rawaiya Badlen

By Hameed Ullah Bhatti