Friday, 22 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Mansoor Nadeem
  4. Jeddah Ka Baab e Sharif Aur Deegar Bazar

Jeddah Ka Baab e Sharif Aur Deegar Bazar

جدہ کا "باب شریف" و دیگر بازار

بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع سعودی عرب کا قدیم ترین مغربی شہر جدہ ہے۔ جدہ کے عوامی بازار ماضی قدیم سے اپنی شہرت اور اپنی تاریخی حیثیت رکھتے ہیں۔ سعودی عرب میں جدید ترین تبدیلیوں کے باوجود جدہ کے عوامی بازار اپنی رونق اور اپنی کشش برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ یہ جدید تجارتی مراکز اور مالز کے مقبل آج بھی اپنی کشش برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ جدہ کے تاریخی شہر کے بازاروں کی یہ انفرادیت آج بھی پوری آب و تاب کے ساتھ قائم ہے۔

جدہ کے قدیم اور مشہور بازار ہمیشہ ہی دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں اور حاجیوں کے لئے مرکز نگاہ رہے، یہاں ایشیائی، افریقی اور یورپی ممالک کے باشندے تحائف اور عوامی ملبوسات بھی خریدنے کے لیے آتے رہے ہیں۔ حج اور عمرے پر آنے والے بھی اپنے سفر کو یادگار بنانے کے لیے ان بازاروں سے روایتی اشیاء کم نرخوں پر خرید کر لے جاتے ہیں۔ جدہ کے مشہور و معروف قدیم ترین بازار یہ ہیں۔

باب شریف بازار، یہ جدہ شہر کا قدیم ترین عوامی بازار ہے، باب شریف کی تاریخ کئی سو برس پرانی ہے۔ یہ جدہ تاریخی شہر کے جنوب میں الخاسکیة کے قریب واقع ہے۔ باب شریف قدیم جدہ شہر کے 8 دروازوں میں سے ایک ہے۔ اس کا یہ نام اس جگہ کے نام پر پڑ گیا جہاں پورے جدہ شہر کا سب سے بڑا عوامی بازار لگا کرتا تھا۔ یہاں 200 کے لگ بھگ دکانیں اور ریڑھی والے بھی ہیں۔ باب شریف میں مختلف اشیاء فروخت کی جاتی ہیں۔ سامان سستا ہونے، معیاری اور اچھا ہونے کی وجہ سے عوام کی توجہات کا محور ہے۔

یہاں عوامی بازار کی شروعات حجاج کی بدولت ہوئی۔ قدیم زمانے میں حاجی حضرات یہاں آرام کرنے اور حج ایام کے لئے مطلوب اشیاء خریدنے کی خاطر ڈیرے ڈالا کرتے تھے۔ حجاج کرام اپنے ہمراہ بہت سارا سامان لاتے اور اسے یہاں فروخت کرتے، یہاں سے وطن لے جانے کیلئے بھی مختلف اشیاء خریدا کرتے تھے۔ جدہ ساحل سمندر پر واقع ہونے کے باعث سمندر کے راستے بہت سارا سامان دنیا بھر سے آتا رہتا تھا۔ بعض افریقی اور سوڈانی حاجی باب شریف میں سکونت بھی اختیار کیا کرتے تھے۔ سیکڑوں افریقیوں نے باب شریف کو اپنا وطن بنالیا۔ جدہ کے بازار اپنی ایک انفرادیت رکھتے ہیں۔ یہاں مختلف اشیاء کے الگ الگ بازار ہیں۔ باب شریف رفتہ رفتہ عوامی بازار میں تبدیل ہوگیا۔ یہاں سوڈانیوں کا قومی لباس، سوڈانی خوشبو یات اور افریقی ممالک کے ملبوسات وافرمقدار میں مہیا ہونے لگے۔

جدہ کا پہلا ہسپتال باب شریف میں ہی قائم کیا گیا تھا۔ یہ ہسپتال "الصحیہ" یا "الخست خانہ" کے نام سے معروف تھا۔ بانی سعودی عرب "شاہ عبدالعزیز ؒ جب نجد سے حجاز آئے تو انہوں نے پرانے اسپتال کی جگہ نیا اسپتال قائم کرایا، جسے باب شریف اسپتال کا نام دیا گیا۔ اس کا سلسلہ چلتا رہا۔ بالآخر اس کی جگہ کنگ فہد اسپتال قائم کردیا گیا۔ اب اس اسپتال کی افادیت ختم ہوگئی ہے اور وہ کار پارکنگ میں تبدیل ہوگیا ہے۔ باب شریف آج بھی حجاج، معتمرین اور زائرین کے تحائف کے مرکز کی حیثیت رکھتا ہے۔ چھٹیوں پر جانے والے غیر ملکی افراد بھی یہاں سے اپنے وطن جاتے وقت یہاں سے سامان و تحائف خریدتے ہیں۔

الندی بازار، یہ قدیم شہر کے فصیل والے حصے میں واقع ہے اور قریباً ڈیڑھ سو برس پرانا ہے۔ اس کی خصوصیت یہ ہے کہ یہاں ہر طرح کے عوامی کھانے اور تازہ غذائی اشیا وافر مقدار میں دستیاب ہوتی ہیں۔ یہاں آنے والے ملبوسات، جوتے، ٹوپیاں، سر پر رکھنے والے رومال، عبائے اور کپڑے ضرور خریدتے ہیں۔

العلوی بازار، یہ جدہ کے تاریخی علاقے کا دھڑکتا ہوا دل ہے۔ یہاں اہم تاریخی گھر، عمارتیں اور مساجد موجود ہیں۔ اس کی شہرت کی وجہ یہ ہے کہ قدیم زمانے میں تاجر یہاں جمع ہوا کرتے تھے۔ یہ البدو بازار اور قابل بازار کی سڑکوں کے درمیان واقع ہے۔ یہ مکہ گیٹ اور جدہ بندرگاہ کو جوڑتا ہے۔

الخاسکیة بازار، یہ قدیم جدہ میں شیخ محمد نصیف ہاؤس کے عقب میں قابل سٹریٹ پر واقع ہے۔ یہ نسبتاً نیا بازار ہے۔ یہاں ریستوران، عوامی چائے خانے اور کثیر تعداد میں دکانیں ہیں۔ اس بازار میں آنے والے نہ صرف یہاں سے مختلف سامان خریدتے ہیں بلکہ ان کی یہاں آمد کا مقصد سیر و تفریح بھی ہوتا ہے۔ اسے جدہ شہر کے نمایاں اور قابل دید مقامات میں شمار کیا جاتا ہے۔ یہاں سعودی عرب میں مقیم غیر ملکی، حاجی اور عمرہ زائرین بھی آتے ہیں۔

البدو بازار، یہ جدہ کے تاریخی علاقے کا بہت مشہور بازار ہے۔ یہ جدہ کے بہترین عوامی بازاروں میں سے ایک ہے۔ یہ جدہ کے معروف مقام باب مکہ میں واقع ہے۔ یہاں مختلف اشیا سستے داموں مل جاتی ہیں۔ یہاں انواع و اقسام کے کپڑے، کھانے کا سامان، عبائے، مسالہ جات، مختلف قسم کی چائے، فرنیچر اور کرسٹل فروخت ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ ریستوران اور عوامی چائے خانے بھی کثیر تعداد میں کھلے ہوئے ہیں۔ یہاں بچوں کی تفریح کا سامان بھی موجود ہے۔

الجامع بازار، یہ البدو بازار کے مغرب میں حارة المظلوم میں واقع ہے۔ اسے الجامع بازار اس لیے کہا جاتا ہے کیونکہ یہاں تاریخی امام شافعی جامع مسجد موجود ہے۔ جدہ کے اس تاریخی علاقے میں چھوٹی بڑی بہت ساری دکانیں موجود ہیں جن پر مختلف اقسام کے رنگ برنگے کپڑے فروخت ہوتے ہیں۔ یہاں کڑھائی والے کپڑوں کے علاوہ مشہور مارکہ جات کے کپڑے بھی دستیاب ہیں۔

حراج الصواریخ بازار، یہ جدہ کا مشہور ترین عوامی بازار ہے۔ یہ رقبے کے لحاظ سے دنیا کے بڑے بازاروں میں سے ایک ہے۔ یہ ڈھائی لاکھ مربع میٹر کے علاقے پر پھیلا ہوا ہے۔ یہاں سوئی سے لے کر طیاروں کے پرزوں تک سب کچھ ملتا ہے۔ یہاں 12 ہزار سے زیادہ دکانیں، 26 تجارتی مراکز اور 10ہزار فرشی دکانیں ہیں۔

الکندرة بازار، اس بازار میں سناروں کی دکانیں بھی موجود ہیں۔ الکندرة بازار کی گولڈ مارکیٹ بہت مشہور ہے۔ یہاں قیمتی پتھروں کا لین دین بڑے پیمانے پر ہوتا ہے۔ اس حوالے سے یہ شہر کا سب سے بڑا مرکز ہے۔

قابل بازار، جدہ میں قابل سٹریٹ بڑی مشہور ہے۔ اسی کے نام سے جدہ کا معروف اور منفرد بازار بنا ہوا ہے۔ یہاں بہت سارے تجارتی مراکز ہیں۔ سیاح اور شہر کے پرانے اور نئے باشندے یہاں اپنی پسند کا سامان خریدنے کے لیے ضرور آتے ہیں۔ یہاں ملبوسات، کپڑوں، جوتوں، سونے کے زیورات، سونے کے کام والا سامان، گھریلو برتن اور مٹھائیاں فروخت ہوتی ہیں۔ یہاں کرنسی تبدیل کرنے والی دکانیں بھی موجود ہیں۔

قدیم البلد بازار، یہ جدہ شہر کے مرکز میں واقع ہے۔ اسے عربی میں سوق البلد قدیمہ کہتے ہیں۔ یہاں چھوٹی بڑی دکانیں کثیر تعداد میں ہیں جن میں ملبوسات اور تحائف کی دکانیں بھی ہیں۔ یہاں انواع و اقسام کے کپڑے فروخت ہوتے ہیں۔ اسی وجہ سے اسے جدہ کا اہم ترین عوامی بازار مانا جاتا ہے۔

Check Also

Time Magazine Aur Ilyas Qadri Sahab

By Muhammad Saeed Arshad