Club Info Bahaisiat Samaji Khidmat
کلب انفو بحیثیت سماجی خدمت
پچھلی چند صدیوں میں مغرب ہم سے کہیں زیادہ رفتار سے ترقی کی جانب گامزن رہا۔ اگر آپ دونوں جانب کے معاشروں کو پڑھنے کی کوشش کریں تو معلوم ہو گا کہ ہمارے معاشرے میں خدمت خلق کا وجود ہے تو پرانا لیکن اس کی روح پہ عمل ہونا اب ناپید ہو چکا ہے۔ عوام کی اکثریت معاشرتی خدمات بددلی کے ساتھ صرف اس وجہ سے پورا کرتے ہیں کہ یہ ایک مذہبی فریضہ ہے۔ مثال ملاحظہ ہو رمضان میں فطرانے کی کہ جسے ایک مذہبی فریضہ سمجھ کہ بس بددلی کے ساتھ ادا کر دیا جاتا ہے۔ بحیثیت قوم ہماری تخیلاتی قوت کسی حد تک کمزور ہو چکی ہے اور اکثریت آج اس سلسلے میں نئے خیالات کا فقدان رکھتی ہے۔
یہ حقیقت ہم دوستوں نے آج سے پانچ سال پہلے محسوس کی اور کوئی community service based project شروع کرنے کا عہد کیا۔ عام طور پر ہمارے عہد نوزائیدگی میں رحلت فرما جاتے ہیں مگر اللہ کا کرنا یہ ہوا کہ خود سے کیا ہوا یہ وعدہ ہم وفا کر بیٹھے۔ ہمارے سامنے میدان کھلا تھا کہ معاشرے میں بیچارگی بہت مگر کسی بھی طریقے سے اس کا مداوا کرنے والے کم۔ ہم دو دوست(میں اور محمد اشتیاق) انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ تھے اور اپنی فیلڈ میں رہتے ہوے اس معاشرے کو اپنے حصے کی خدمات واپس کرنے کے لیے کوشاں تھے اور اسی سوچ کے تحت میرے بہترین دوست، بدترین ناقد اور قریب ترین پڑوسی محمد اشتیاق کے ذہن میں کلب انفو کا خیال آیا۔ موصوف بذات خود ایک کلب کی سطح کے کرکٹر رہے ہیں اور آج بھی چالیس کے پیٹے کے قریب ہونے کے باوجود محمد عامر جیسا جوش و ولولہ رکھتے ہیں (یہ جوش و ولولہ عامر کی واپس کے بعد والا سمجھا جائے ناکہ پہلے والا)۔ کرکٹ سے وابستگی کے باعث اشتیاق نے کلب انفو clubinfo.pk کا خیال پیش کیا اور تھوڑی سی وضاحت کے بعد حضرت خود ہی اس سائٹ کی ڈیویلپمنٹ میں جت گئے۔
کلب انفو کا تصور ابتدا میں بہت سادہ تھا اور ہمارے مقاصد فقط دو تھے۔ ہمارا پہلا مقصد کلب کرکٹ کھیلنے والے نوجوان طبقے اور انٹرنیٹ کے درمیان خلیج کم کرنا تھا۔ پیشے کے لحاظ سے اشتیاق سافٹویئر انجینیر ہیں اور میں ٹیلی کام انجینیر، اور ہم دونوں کو معلوم تھا کہ انٹرنیٹ بہت جلد ہماری زندگی کا لازمی جزو بن کے رہنے گا۔ ہم چاہتے تھے کہ جس دن ایسا ہو، اس دن کلب کے لیے کرکٹ کھیلنے والا جس کے لیے تالیاں بجانے والا کوئی نہیں ہوتا، وہ اپنے لیے ڈیجیٹل تالیاں اور تعریفی کلمات سے آگاہ ہو سکے۔ ہماری خواہش تھی کہ قومی ٹیم میں جب بھی کوئی نیا کھلاڑی آئے، وہ عوام کے لیے ایک سرپرائیز کی بجائے ایک شاندار ماضی دکھاتا ہوا آئے، اور یہ ماضی ہم اس کے لیے کلب انفو پہ اس کے سکور اور وکٹیں، اس کی پرفارمنس غرضیکہ اس کے ہر میچ کی کارکردگی ایک کھلی کتاب کی طرح عوام کے سامنے رکھ ڈالیں۔ ہم چاہتے تھے کہ ہمارے کلب کرکٹ کھیلنے والے نوجوان اپنا کلب ڈیٹا ہمارے ذریعے دنیا کے سامنے پیش کریں۔
ہمارا دوسرا مقصد اس کرپشن اور اقرباء پروری کو کم سے کم بلکہ ختم کرنا تھا جو عوام الناس کے وہم و گمان سے ہٹ کے کلب کی سطح پہ کرکٹ کے ساتھ پچھلی کئی دہائیوں سے ہوتی چلی آرہی ہے۔ میں پوری ذمہ داری سے کہتا ہوں کہ جو حقائق ہم نے اپنے تجربے سے حاصل کیے وہ پی سی بی کے افسران بالا کے وہم و گمان سے باہر ہوں۔ میں یہ سوال پہلے بھی کئی مرتبہ اٹھا چکا ہوں اور آج پھر اٹھاتا ہوں کہ قومی ٹیم کے کتنے کھلاڑیوں کی کلب پرفارمنس آپ کے علم میں ہے؟ کلب کرکٹ اس Pyramid کی بنیاد ہے جس کی چوٹی پہ پہنچ کے قومی ٹیم کا ایک کھلاڑی سامنے آتا ہے۔ کیا آپ سوچ سکتے ہیں کہ اس Pyramid کی بنیاد اقرباء پروری اور کرپشن پہ رکھی جاتی ہے؟ کیا آپ جانتے ہیں کہ قومی ٹیم میں شامل ہونے والے لڑکوں کی اکثریت کلب کی سطح سے اوپر اٹھنے والے سفارشیوں میں سے اچھے سفارشیوں پہ مبنی ہوتی ہے؟ کیا آپ جانتے ہیں کہ کلب مالکان اور پی سی بی میں نچلے درجے پہ بیٹھے کلب کرکٹ کے کرتا دھرتا ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں؟ وہ میچ جنہیں بنیاد بنا کر کلب کے لڑکے ڈومیسٹک میں اور ڈومیسٹک سے قومی ٹیم تک جاتے ہیں، وہ میچ دراصل صرف کاغذات کی حد تک وقوع پذیر ہوتے ہیں؟ ہمارا دوسرا مقصد اس کرپشن کو عوام کے سامنے لا کر ان کرپٹ عناصر کو مجبور کرنا تھا کہ اپنی اور کلب کرکٹ کھیلنے والوں کی پرفارمنس دنیا کے سامنے لے کے آئیں۔
کلب انفو ہماری جانب سے سماج کو ایک تحفہ ہے جس کے ذریعے ہم ملک کے مقبول ترین کھیل کو موت کے منہ میں جانے سے روکنے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ پراجیکٹ ہم نے کسی بیرونی مدد کے بغیر اپنی اوسط پاکستانی والی آمدنی کے کچھ حصے سے شروع کیا۔ ابتدا میں اسی کرکٹ سے وابستہ چند بھلے مانس لوگوں نے ہماری راہ میں روڑے ڈالنے شروع کیے لیکن ہم ایک مثبت سوچ اور اللہ پہ یقین کے ساتھ چلتے رہے۔ راولپنڈی اسلام آباد کے کلبز کا ڈیٹا اکٹھے کرنے سے بسم اللہ کی اور پھر میچ ریزلٹ آن لائن لانا شروع کیے۔ کچھ عرصے بعد ہم نے چند لڑکے ٹیم میں شل کیے جن کا کام ہر کلب میچ کے اوور بائی اوور سکور دینا تھا۔ پچھلے کچھ عرصے سے ہم ہر کلب میچ کا بال بائی بال سکور اپنی ویب سائٹ پہ فراہم کر رہے ہیں۔ اور اب ماشااللہ کرکٹ سے دلچسپی رکھنے والے اور ایسے پڑھے لکھے نوجوان شامل ہو رہے ہیں جو ہماری طرح کرکٹ سے پیار کو صرف ورلڈ کپ کے 4 میچ دیکھنے یا انڈیا پاکستان کے میچ میں ایک دن کی حب الوطنی تک محدود نہیں کرتے بلکہ عملی طور پہ کرکٹ کو صحیح خطوط پہ استوار کرنے میں ایک آلہ بننا چاہتے ہیں۔
ہمارے خواب یہاں ختم نہیں ہوتے۔ ابھی ہم نے بہت کچھ کرنا ہے۔ ہمارا خواب ہے کہ ایک دن پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہر کھلاڑی کا تمام کلب ڈیٹا، اس کے تمام میچ، تمام سکور، تمام وکٹیں ہم دنیا کے سامنے لائیں۔ ہمارا خواب ہے کہ ایک دن ہمارے شہروں میں کلبز کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں عوام ایک یارکر پہ تالیاں بجا کر کسی نوجوان کھلاڑی کو داد دیں۔ ہمارا خواب ہے کہ ہم ایک دن پی سی بی حکام اور کلب مالکان کو اتنا شفاف بننے پہ مجبور کر دیں کہ اس فیلڈ مین کرپشن کا کردار مکمل طور پر ختم ہو جائے اور کلب کرکٹ قابل اعتماد بن جائے۔ پانچ سال میں اللہ نے ہمیں قریب ہر مقام پہ کامیابی سے ہمکنار فرمایا ہے۔ ہم اپنا کام کرتے رہیں گے مگر ہمیں آپ کے ساتھ کی ضرورت بھی رہے گی۔ آپ ہمارا ساتھ اپنے آس پاس کے کلب کرکٹرز کو clubinfo.pk کے بارے میں آگاہی فراہم کر کے دے سکتے ہیں۔ آپ ہمارا ساتھ کسی بھی کلب کے بارے میں ڈیٹا فراہم کر کے دے سکتے ہیں۔ آپ کلب میچز میں شرکت فرما کے ہمارا ساتھ دے سکتے ہیں یا پھر آپ اپنے کاروبار کا اشتہار ہماری ویب سائٹ پہ ڈال کہ ہمارا ساتھ دے سکتے ہیں۔
آئیے مل جے عہد کریں، کہ ہم اس پراجیکٹ میں اپنا حصہ ڈال کر پاکستانی کرکٹ بچائیں گے۔ یہ ایک سماجی خدمت ہے اور ہمیں مغرب کی طرح اس قسم کی خدمات میں حصہ ڈال کہ اپنے زندہ قوم ہونے کا ثبوت دینا ہو گا۔