Thursday, 02 May 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Jamshaid Nazar/
  4. Bijli Mehangi, Izzat Aur Jan Sasti

Bijli Mehangi, Izzat Aur Jan Sasti

بجلی مہنگی، عزت اور جان سستی

آج کل سوشل میڈیا پر شارٹ سٹوری ویڈیو کلپ بڑا وائرل ہورہا ہے جس کا ٹائٹل ہے"بجلی مہنگی، عزت سستی" یہ ایک ایسی جوان بیوہ کی کہانی ہے جو اپنے بچوں کا پیٹ پالنے اور بجلی کے بل ادا کرنے کے لئے اپنی عزت بیچنے پر مجبور ہوجاتی ہے۔ برقع پوش نوجوان بیوہ جب پہلی مرتبہ اپنی عزت کا سودا کرنے گھر سے نکلتی ہے تو سڑک پر کار سوار ایک شخص اسے گاڑی میں بٹھا کر اپنے گھر لے جاتا ہے۔

دونوں کے درمیان گفتگو ہوتی ہے وہ شخص نوجوان بیوہ سے پوچھتا ہے کہ تم ایسا گندا کام کرنے پر کیوں مجبور ہو جبکہ حلیہ سے تم ایسی نہیں لگتی۔ تب نوجوان بیوہ اس شخص کو بتاتی ہے کہ وہ کس طرح اپنے شوہر کی وفات کے بعد مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے اپنے بچوں کا پیٹ پال رہی تھی کی اچانک بجلی کا بل 35 ہزار روپے آگیاجس کو ادا کرنے کے لئے اس نے رشتہ داروں، ہمسایوں اورجاننے والوں سے قرض مانگا لیکن کہیں سے ایک روپیہ قرض نہ مل سکا کیونکہ مہنگائی اور بجلی کے بلوں کی وجہ سے ہر کوئی پریشان حال تھا۔

نوجوان بیوہ نے بتایا کہ حالات سے تنگ آکر اس نے کئی مرتبہ خودکشی کا ارادہ کیا لیکن پھر سوچا کہ بچوں کا کیا بنے گا؟ بیوہ نے روتے ہوئے کہا "خدا نے مرنا حرام کر رکھا ہے اور بجلی کے بلوں نے جینا" ویڈیو کے آخر میں دکھایا جاتا ہے کہ وہ شخص ایک نیک دل ڈاکٹر ہوتا ہے جو بیوہ کو گناہ سے روکنے کے لئے اسے اپنے گھر لے کر آتا ہے۔ نوجوان بیوہ کی کہانی سن کر ڈاکٹر اسے اپنی بہن بنا لیتا ہے اور اسے 40 ہزار دیتا ہے تاکہ وہ 35 ہزار بجلی کا بل ادا کردے اور بقایا5 ہزار سے اپنے بچوں کے لئے راشن خرید سکے۔

یہ ایک ایسی دردناک کہانی تھی جو حقیقت کے بہت قریب تھی اور اب ہر گھر کی کہانی بن چکی ہے۔ سوشل و الیکٹرانک میڈیا پرہر روز جس طرح کے واقعات سامنے آرہے ہیں اس سے ثابت ہوگیا ہے کہ واقعی بجلی مہنگی اورعزت سستی ہوگئی ہے بلکہ خودکشی کے حالیہ واقعات کے بعد یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ "بجلی مہنگی، جان سستی"۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گذشتہ روزضلع خانیوال کی تحصیل جہانیاں میں خودکشی کا ایک واقعہ پیش آیا جہاں بل ادائیگی کے باوجود بجلی بحال نہ ہونے پر اور گھریلو حالات سے تنگ آکر 4 بچوں کی ماں نے زہریلی گولیاں نگل لیں اور موت کو گلے لگا لیا۔ خودکشی کرنے والی خاتون کے شوہر قاسم نے بتایا کہ اس کے چار بچے دو دن سے بھوکے تھے اور جب 10 ہزار روپے بجلی کا بل آیا تو گھر کی اشیاء فروخت کرنا پڑیں اور قرض لے کر بجلی کابل ادا کیا اس کے باوجودبجلی بحال نہ ہوئی۔

بیوی بجلی کی بندش اور بھوکے بچوں کی وجہ سے پریشان تھی، گھر سے کام پر گیا تو بیوی نے حالات سے تنگ آکر زہریلی گولیاں کھا کر اپنی زندگی ختم کرلی۔ اس طرح ایک اور حالیہ واقعہ میں ڈجکوٹ کے محلہ صابری ٹاون میں 28 سالہ نوجوان حمزہ نے بجلی کا بل زیادہ آنے پر دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کرلی۔ میڈیا رپورٹس میں بتایاگیا کہ مرحوم دو بچوں کا باپ تھااور اسے40 ہزار بجلی کا بل آیا تھا۔

بجلی کے بلوں کی ادائیگی پچیس کروڑ عوام کی پہنچ سے باہر ہوگئی ہے یہی وجہ ہے کہ لوگ سول نافرمانی، پرزور احتجاج اور بجلی کمپنی کے ملازمین پر تشددکرنے پر اتر آئے ہیں۔ صارفین کو بھیجے گئے بجلی بلوں پر نہ تو ریڈنگ ڈیٹس لکھی گئی ہیں اور نہ ہی میٹر ریڈنگ ڈسپلے کی تصویر شائع کی گئی ہے جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ جان بوجھ کر تاخیر سے ریڈنگ کی گئی ہے اور صارفین پر اضافی ریڈنگ کا بوجھ ڈالا گیا ہے۔

خیال کیا جارہا تھا کہ نگران حکومت کے لئے اس وقت سب سے بڑا چیلنج مہنگائی ہوگا لیکن بجلی کے بلوں نے نگران حکومت کی نیندیں بھی اڑا دی ہیں اس لئے نگران حکومت کے سامنے اس وقت سب سے بڑا چیلنج بجلی کے بل ہیں جنھیں صارفین ادا کرنے سے قاصر ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ نگران حکومت اس چیلنج سے کس طرح نمٹے گی اور صارفین کو کس حد تک ریلیف فراہم کرسکے گی؟

Check Also

Ache Rishte Kyun Nahi Milte

By Syed Badar Saeed