Thursday, 28 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Ismat Usama
  4. Shehar Ko Selab Le Gaya

Shehar Ko Selab Le Gaya

شہر کو سیلاب لے گیا

قرآن کریم میں کئی قوموں کے عروج و زوال کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے، جن تک رسول پہنچے، انھیں گناہوں سے توبہ کرنے کی نصیحت اور اللہ کی اطاعت و فرماں برداری کی تلقین کرتے رہے، برائیوں کے نتائج سے ڈراتے رہے لیکن جن قوموں نے ان آسمانی ہدایات کو سیریس نہیں لیا، چند روزہ دنیاوی زندگی میں مگن رہیں، ایک مہلت، وقت دینے کے بعد ان پہ عذابِ الہی بھیج دیا گیا اور ان کی بستیوں کا یہ حال ہوگیا، گویا وہ یہاں کبھی بسائی ہی نہیں گئ تھیں! حالیہ سیلاب میں ایسے مناظر ہم اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں!

رات گئے بارش کی آواز نے مجھے سوتے سے جگا دیا، میں نے آسمان کی طرف دیکھا تو یوں محسوس ہوا کہ وہ غضب ناک ہے۔ زندگی میں پہلی بار مجھے بارش سے خوف آیا، تصور میں وہی سیلابی ریلوں کے مناظر ابھر آئے جو دن بھر دیکھے تھے۔ سینکڑوں دیہات صفحہء ہستی سے مٹ گئے، بلند منزلہ پکی عمارات یوں گر گئیں کہ جیسے کسی نے انھیں ریت سے بنایا تھا، جو لوگ جانیں بچانے کے لئے ہجرت پہ مجبور ہوئے، ان کی الگ ہی کیفیات ہیں، اپنا گھر چھوڑنا کب آسان ہوا کرتا ہے؟

ساری زندگی کی یادیں اس گھر کے دروبام پہ موجود ہوتی ہیں۔ چادر اور چار دیواری کے تحفظ کی قدروقیمت اس وقت زیادہ محسوس ہوتی ہے، جب آپ اس تحفظ سے محروم ہوجاتے ہیں!

الہی رحم فرمادے، ہم نے بہت ناراض کیا ہے نا آپ کو؟ لیکن آپ کا فرمان ہے کہ میری رحمت، میرے غضب پہ حاوی ہے! بہت برے ہیں نا ہم؟ پر تیرے بندے ہیں، تیرے در کے سوا کہاں جائیں؟

اک تو ہی تو اپنا ہے! یا ربی، آسمان بھی ہم پہ برس رہا ہے، پاؤں تلے زمین بھی کھینچ لی گئی ہے!

سیلابی ریلوں میں تنکوں کی مانند بہتے جارہے ہیں !

اک بار حضرت یونسؑ نے بھی گہرے پانیوں میں تجھے پکارا تھا، لا الہ الاانت سبحانک انی کنت من الظالمین، نہیں کوئی معبود سوائے تیرے، تو پاک ہے، بے شک میں ہی ظالموں میں سے ہوں۔ یا اللہ تو نے جیسے ان کو بچایا تھا، ہمیں بھی اس کرب سے نجات عطا فرما!

آدھے سے زیادہ پاکستان سیلاب میں ڈوب گیا، باقی پہ رحم فرمادے مالک!

Check Also

Nakara System Aur Jhuggi Ki Doctor

By Mubashir Aziz