Care Well Hospital, Gujranwala Ki Tibbi Tareekh Mein Aik Roshan Baab
کیئر ویل ہاسپیٹل، گوجرانوالہ کی طبی تاریخ میں ایک روشن باب

خدمتِ خلق کا جذبہ جب اخلاص، محبت اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ جُڑ جائے تو وہ محض ایک ادارہ نہیں رہتا بلکہ ایک انقلاب بن جاتا ہے۔ ایسا ہی ایک انقلابی منصوبہ گوجرانوالہ کی سرزمین پر پروان چڑھ رہا ہے، کیئر ویل ویلفیئر ہاسپیٹل، جسے عرف عام میں پولیس ویلفیئر ہاسپیٹل بھی کہا جاتا ہے۔
یہ شاندار پروجیکٹ گوجرانوالہ پولیس کے کمانڈر جناب رانا ایاز سلیم کی بصیرت افروز قیادت، انتھک محنت اور اپنی فورس کے جوانوں سے والہانہ محبت کا عملی مظہر ہے۔ یہ ہسپتال نہ صرف پولیس فورس کے اہلکاروں بلکہ عام شہریوں کے لیے بھی جدید اور معیاری طبی سہولیات کا مرکز بن چکا ہے۔ اس ویلفیئر منصوبے کے تحت تقریباً چھے میڈیکل آفیسرز اور پچاس سے زائد طبی عملہ شب و روز مریضوں کی خدمت میں مصروف ہے۔ ہسپتال میں کارڈیالوجی، نیوٹریشن، آئی سی یو، سی سی یو اور سرجیکل پروسیجرز کی سہولتیں میسر ہیں، جبکہ پولیس ملازمین کے لیے تیس فیصد رعایت ایک اضافی سہولت ہے۔
آج میرے لیے باعثِ فخر لمحہ تھا جب میرے محترم کزن، جناب حماد خالد (ایسوسی ایٹ مینیجر کارپوریٹ کولیبریشن، پی کے ایل آئی)، نے مجھے ہدایت کی کہ کیئر ویل ہاسپیٹل کا وزٹ کروں۔ جب میں اس ادارے میں داخل ہوا تو میری حیرت کی انتہا نہ رہی۔ بے شمار مریض، مستعد عملہ اور ملک کے نامور ادارے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ (PKLI) کی ٹیم موجود تھی جو مقامی ڈاکٹروں کے ساتھ مل کر ایک میڈیکل کیمپ کا انعقاد کر رہی تھی۔
اس موقع پر ڈاکٹر ندیم بن نصرت (کنسلٹنٹ نیورولوجی)، ڈاکٹر عادل منظور (کنسلٹنٹ نیفرولوجی)، ڈاکٹر احمد کریم (کنسلٹنٹ گیسٹروانٹیرولوجی)، جناب طارق زمان (جی ایم مارکیٹنگ PKLI) اور جناب حماد خالد سمیت پوری ٹیم موجود تھی۔ یہ سب ماہرین اپنی خدمات بلا معاوضہ فراہم کر رہے تھے اور عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لیے تعلیمی مواد بھی تقسیم کر رہے تھے۔
PKLI کی خدمات کسی تعارف کی محتاج نہیں، جو پاکستان میں لیور اور گردے کی پیوندکاری کے شعبے میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ چند سال قبل میرے محترم دوست جناب عامر وسیم (پی آر او، آر پی او گوجرانوالہ) اور دیگر احباب کی ترغیب پر میں نے اس ہسپتال، جو اس وقت پولیس ویلفیئر ہسپتال کے نام سے جانا جاتا تھا، کا وزٹ کیا تھا۔ اس دورے کے دوران ہم نے کچھ دوستوں کے ساتھ مل کر اس ادارے کو چند ضروری میڈیکل مشینیں بھی تحفہ کی تھیں۔ آج جب میں نے اس ہسپتال کا مکمل طور پر بدلا ہوا، شاندار اور جدید ترین نقشہ دیکھا، تو دل کو بے پناہ خوشی اور تسکین نصیب ہوئی۔ وسیع و عریض عمارت، مستعد عملہ، جانفشانی سے کام کرنے والے ڈاکٹرز اور جدید سہولتوں سے آراستہ ماحول نے یہ یقین دلایا کہ واقعی عوام کو مناسب نرخوں پر بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
منتظمین کے مطابق آئندہ دنوں میں مزید بہتری کا سفر جاری رہے گا اور مزید سولہ بستروں (16 Beds) کا اضافہ اس منصوبے میں جلد شامل کیا جائے گا، جو عوامی خدمت کا دائرہ کار مزید وسیع کرے گا۔ یہ تمام کوششیں محض مقامی سطح پر نہیں بلکہ پنجاب پولیس کی اعلیٰ قیادت کے ویژن اور رہنمائی کی عملی جھلک بھی ہیں۔
کمانڈر پولیس پنجاب، انسپکٹر جنرل ڈاکٹر عثمان انور کی مدبرانہ قیادت اور اصلاحاتی وژن کے تحت جہاں شہدائے پولیس کی فیملیز کے لیے تعلیمی اخراجات کی ادائیگی، پروموشنز اور دیگر بے شمار انقلابی اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں، وہیں صحت، فلاح و بہبود اور ویلفیئر کے شعبے میں بھی ایسی مثالیں قائم کی جا رہی ہیں جو ماضی میں کبھی دیکھنے میں نہ آئیں۔
آئی جی پنجاب کی ڈائریکشن پر گوجرانوالہ پولیس کے کمانڈر جناب طیب حفیظ چیمہ (آر پی او)، جناب رانا ایاز سلیم (سی پی او) اور ان کی پروفیشنل ٹیم نے جس وژنری قیادت کا مظاہرہ کیا ہے، وہ نہ صرف پولیس فورس بلکہ عام شہریوں کے درمیان بھی ادارہ جاتی اعتماد کے فروغ کی علامت ہے۔
یہ کہنا ہرگز مبالغہ نہ ہوگا کہ کیئر ویلویلفئیر ہاسپیٹل کی بنیاد گوجرانوالہ کی میڈیکل کی تاریخ میں ایک روشن اور تابناک باب کا اضافہ ہے۔ آنے والی نسلیں اس ادارے کی بدولت ایک صحت مند اور محفوظ زندگی کی جانب قدم بڑھا سکیں گی۔
اس شاندار منصوبے پر میں دل کی گہرائیوں سے خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں:
– انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس، ڈاکٹر عثمان انور
– پولیس کمانڈر سی پی او گوجرنوالہ جناب رانا ایاز سلیم
– آر پی او گوجرانوالہ، جناب طیب حفیظ چیمہ
– نیک نام اور گوجرانوالہ کی پہچان ڈاکٹر فضل الرحمان (سرپرستِ اعلیٰ)سابقہ ایم ایس سول ہسپتال
– ڈاکٹر فجر اکرام (میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، کیئر ویل ہاسپیٹل
– جناب حماد خالد اور ان کی ٹیم
– PKLI کی پروفیشنل ٹیم
یہ سب مبارک باد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے گوجرانوالہ میں طبی انقلاب کی بنیاد رکھی۔ ایسے بے لوث اور انسان دوست افراد ہمارے معاشرے کا سرمایہ ہیں جنہوں نے اپنے پیشے کو صرف ملازمت نہیں بلکہ خدمت کا ذریعہ بنا رکھا ہے۔
دعا ہے کہ کیئر ویل ہاسپیٹل مزید ترقی کرے اور پاکستان بھر میں ویلفیئر میڈیکل ماڈل کے طور پر جانا جائے۔
اللہ کریم تمام منتظمین اور معاونین کو دین ودنیا کی تمام بھلائیاں نصیب کرے۔
افضل خدمت، صحتِ عامہ
پاکستان زندہ باد!

