Kheton Ki Khubsurti
کھیتوں کی خوبصورتی

کبھی کبھار انسان بہت تھک جاتا ہے۔ جسمانی طور پہ کم اور ذہنی طور پہ زیادہ بیمار ہو جاتا ہے۔ پھر اس کو کچھ بھی اچھا نہیں لگتا۔ اس حالت سے ہر بندہ گزرتا ہے۔ بس سب کا ٹائم مختلف ہوتا ہے۔ جس میں کسی سے بات کرنے کو دل نہیں کرتا اپنے ہی جذبات سمجھ نہیں اتے۔ جب خود سمجھ نہیں آرہی ہوتی۔ تو ہم دوسروں کو کیسے سمجھائیں گے کہ ہمیں کیسا محسوس ہو رہا ہے۔ کیا آپ کو بھی کبھی کبھی اس کیفیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے؟ اگر ہاں تو میرے پاس اس کا ایک حل ہے جب بھی آپ کبھی اس کیفیت میں مبتلا ہو تو۔ کھیتوں کی طرف چلے جائیں۔
اگر آپ گاؤں میں رہتے ہیں تو بہت اچھی بات ہے مگر اگر آپ شہر میں رہتے ہیں اور بہت مصروف انسان ہیں۔ تو آپ کو تھوڑی محنت کرنی ہوگی۔ آپ کو اپنے لیے تھوڑا سا وقت نکالنا پڑے گا اور کھیتوں کا رخ کرنا ہوگا۔ ان کو غور سے دیکھیں ان کی خوبصورتی پر غور کریں چلتی ہوئی ہوا کو محسوس کریں۔ دیکھیں اللہ تعالی نے کتنی خزانے رکھے ہیں اس دنیا میں ہمارے لیے ہمارے ذہن کا سکون ہمارے قریب ہی ہوتا ہے بس ہم کبھی اس کا خیال نہیں کرتے۔
ہم اپنی پریشانیوں میں اتنا کھوئے ہوتے ہیں کہ سرسوں کے خوبصورت پھول ہماری آنکھوں کے سامنے ہونے کے باوجود بھی ہم انہیں دیکھ نہیں پاتے۔ جذبات ہوتے ہوئے بھی ہم انہیں محسوس نہیں کرتے۔ دیکھیں اللہ تعالی نے کتنی رنگ برنگی دنیا بنائی ہے ہمارے لیے۔ ہر فصل کی اپنی ایک خوبصورتی ہے اپنا ایک رنگ ہے۔ جو ہمارے ذہنی سکون کو برقرار رکھنے میں ہماری مدد کرتی ہے۔ مگر افسوس ہمارے پاس وقت ہی نہیں اس خوبصورتی کو دیکھنے کا۔
کیا کبھی آپ نے ہوا کو محسوس کیا ہے؟ اس کا جھونکا جب آپ کو چھو کے گزرتا ہے۔ آپ کے ذہن پرسکون ہو جاتے ہیں۔ کیا آپ نے سرسوں کے پھولوں کی رنگت پر غور کیا ہے وہ کتنی کھلی کھلی ہوتی ہے اور انسان کے دل کو بھی کھلا کھلا کر دیتی ہے۔ اللہ تعالی نے یہ سارے رنگ یہ ساری خوبصورتی ہمارے لیے بنائی ہے۔ اسے دیکھنے کے لیے وقت تو نکالیں۔ آپ ٹھیک نہ ہوگئے تو بات کریے گا۔ اب جتنی مرضی پریشان کیوں نہ ہو بس تھوڑا سا وقت نکال کے قدرت کی خوبصورتی پر غور کریں۔ وہ آپ کو تمام سوالوں کے جواب دے گی۔ آپ کی پریشانی کو کم کرنے میں آپ کی مدد کرے گی۔
ہمارا رب ہم سے بہت محبت کرتا ہے۔ اسی لیے تو اس نے اتنی سخت زمین سے اتنے پیارے پھول پھل سبزیاں ہمارے لیے پیدا کی ہیں۔ کیا اللہ کا یہ کرم نہیں کہ اس نے ہمارے لیے اتنی خوبصورت رنگ برنگی دنیا بنائی ہے؟ اس کرم کو شمار تو کرکے دیکھیں۔ آپ کا دل خوش ہو جائے گا آب پرسکون ہو جائیں گے۔ اب بیمار ہیں تو آپ ٹھیک ہو جائیں گے۔ اللہ تعالی نے انسان کو بہت خوبصورت بنایا ہے۔ اب آپ کا کام ہے اپنی عادتوں پر کام کرے اور اپنے اندر انسانیت پیدا کرے تاکہ آپ اپنی ذمہ داری پوری کر سکیں۔
اگر آپ کے گھر کے قریب کھیت ہیں اور آپ کبھی بہت پریشان ہو گئے ہیں۔ اس پریشانی کا حل بتانے کے لیے کوئی نہیں ہے۔ تو چپ چاپ بس جا کر تھوڑا وقت ان کھیتوں میں گزاریں اور دیکھیں کہ کس طرح ایک سخت زمین سے ایک چھوٹا سا پودا نکل کر زمین کی خوبصورتی کو بڑھا رہا ہے۔ جو سخت زمین کے اندر سے پودے کو روشنی خوراک اس پودے کی ہر ضروریات کو پوری کر رہا ہے۔ اس کا خیال کر رہا ہے۔ تو کیا اسے آپ کا خیال نہیں؟ اس کو آپ کا خیال ہے۔ اسی لیے تو اس نے اتنی خوبصورت دنیا بنائی ہے آپ کے لیے۔
انسان کے سامنے ہی سب کچھ ہوتا ہے بس اس پر غور کرنے کی ذمہ داری اس کی ہے۔ یہ کھیت یہ پودے یہ سبزہ بہت بڑا خزانہ ہے۔ آپ اس سے کس طرح فائدہ لیتے ہیں۔ یہ آپ پر ہے۔ تھوڑا وقت اپنے آپ کو دیں کھیتوں کی خوبصورتی کو دیکھیں آسمان کو دیکھیں اللہ سے باتیں کریں دیکھیں۔ آپ کے ہر سوال کا جواب آپ کو ملے گا۔ آپ کے ہر مسئلے کا حل آپ کو ملے گا۔ اب اسے اپنا مسئلہ تو بتا کر دیکھیں۔ اس پر اعتبار کرکے تو دیکھیں۔ وہ کسی کے اعتبار کو نہیں توڑتا۔ اللہ تعالی سے دعا کرتے رہا کریں کہ اللہ ہمارے لیے وہ کرنا جو بہترین ہے ہمیں ہمارے حالات پہ نہ چھوڑنا۔ یا اللہ ہمیشہ ہمارا ساتھ دینا۔ یا اللہ ہم اس قابل نہیں ہوئے کہ اپنے لیے بہترین سوچ سکیں۔ یا اللہ آپ کے ہر معاملے کے پیچھے چھپی ہوئی حکمت کو دیکھنے والی انکھیں عطا فرما"۔
اے ہمارے پروردگار ہم اپنی جانوں پر پہلے ہی بہت ظلم کر گزرے ہیں۔ اب اگر آپ نے ہمیں معاف نہ کیا اور ہم پر رحم نا فرمایا تو یقیناََ ہم نامراد لوگوں میں شامل ہو جائیں گے۔ یا اللہ ہمیں نامراد لوگوں میں شامل ہونے سے بچا"۔

