Sunday, 22 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Asim Khan
  4. Zindagi Ki Ronaqen Aur Khoobsurat Log

Zindagi Ki Ronaqen Aur Khoobsurat Log

زندگی کی رونقیں اور خوبصورت لوگ

زندگی جوں جوں آگے بڑھتی جارہی ہے زندگی کی رونقیں بھی اسی رفتار سے ماند پڑتی جارہی ہیں شاہد اس لئے بھی کہ زندگی کی رونقوں کا تعلق نا تو چیزوں سے ہے اور نا ہی جگہوں سے اور اگر ان چیزوں سے زندگی کی رونقوں کا تعلق ہے بھی تو وہ وقتی اور عارضی ہے جو وقت کے ساتھ ساتھ تبدیل ہوتا رہتا ہے زندگی کی اصل رونقیں آپ کے اردگرد موجود لوگوں سے جڑیں ہوتیں ہیں جنہیں آپ بچپن سے لیکر جوانی تک دیکھتے ہیں۔

جن سے آپ کی خوشیاں، غم، یادیں، اور بے شمار ایسے خواب منسوب ہوتے ہیں جن کی حقیقت میں ڈھلنے کی وجہ بھی یہی لوگ ہوتے ہیں اور انہی لوگوں کی دعاؤں کی بدولت میرے جیسے نالائق اور نکٹھوں بھی معاشرے میں سر اٹھا کر نہ صرف جینے کے قابل ہو جاتے ہیں بلکہ انہی دعاؤں کی برکت سے رب کریم ہمارے عیبوں، کوتاہیوں اور گناہوں پر پردہ ڈال کر معاشرے میں ہمیں عزتوں سے بھی نوازتا ہے۔

زندگی کے گلستان میں پرندوں سی چہچہاہٹ، موسموں کی رنگینیاں، بہاروں کی تازگیاں، برسات کی اٹکھیلیاں، اور چمکتے دن کی روشنیاں، انہی لوگوں کی موجودگی سے تابناک اور مخمور رہتیں ہیں۔ جب تک یہ آپ کے ساتھ ہوتے ہیں زندگی گلزار ہے، زندگی کی ویرانیوں میں بھی بہار ہی بہار ہے زندگی کے کٹھن، کانٹے دار اور پر پیج راستے بھی اپ کا کچھ نہیں بگاڑسکتے کیونکہ ان سب کے عقب میں ان کی وہ دعائیں ہوتیں ہیں جن کی وساطت سے شہنشاہ کائنات ہمیں ہماری کوتاہیوں، گناہوں، اور دینی فرائض سے غفلت کے باوجود بھی کرم اور حفاظت کی چادر سے ڈھانپے رکھتا ہے۔

قدر کیجۓ ان لوگوں کی اور اللہ سے دعا کرتے رہیے کہ مالک دو جہاں ان کا سایہ تا دیر آپ پر سلامت رکھے کیونکہ جس دن یہ بچھڑتے ہیں دل کی دنیا کے ساتھ ساتھ یہ عارضی دنیا بھی ویران اور کھنڈرات کی ایسی بستی لگنے لگتی ہے جہاں زندگی صدیوں پہلے معدوم ہو چکی ہو، جہاں زندگی کی کربناکیاں، اداسیاں، ویرانیاں، وحشتیں اور تاریکیاں آپ کو چاروں طرف سے ایسے گھیر لیتی ہیں کہ تب چاہ کر بھی آپ زندگی کے ان دکھوں بھرے حصار کو توڑ نہیں سکتے کیونکہ زندگی کی ان غضبناک فصیلوں کو توڑنے والی دعاؤں کا سایہ آپ کے سر پر سےاٹھ چکا ہوتا ہے۔

خدارا خدمت و قدر کریں اپنے والدین کی، اپنے ماموؤں کی، اپنے چچاؤں کی، اپنی خالہؤں کی اپنی پھپھیوں کی اپنی چچیوں کی اپنی ممانیوں کی اور ان تمام بڑوں کی جن کی وجہ سے اپ کی زندگی کی بہاریں قائم و دائم ہیں اس سے پہلے کہ بہت دیر ہوجائے اور اپ کے پاس سوائے پچھتاوے اور ہاتھ ملنے سوا کے کچھ نہ بچے۔۔

Check Also

Shaam, Bashar Raft o Hayat Ul Tahrir Aamad (11)

By Haider Javed Syed