Thursday, 19 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Asif Masood
  4. Sehen e Dil Ka Shajar

Sehen e Dil Ka Shajar

صحنِ دل کا شجر

دل میں یہ خیال آتے ہی اس کے پورے جسم میں سردی کی لہر دوڑ گئی کہ محبت زندگی کی ایک ضرورت ہے۔ ہمیں زندگی میں کئی بار یہ بتایا جاتا ہے کہ محبت کئی مشکلوں سے بچاتی ہے۔ یہ زندگی کی دھوپ میں سر پہ چادر کی طرح ہے۔ سوائے ان کے جو محبت کی قدر نہیں کرتے، بلکہ اس سے نفرت کرتے ہیں۔ یہ وہ لوگ ہوتے ہیں جو لفظ رومان سننا بھی گوارہ نہیں کرتے۔ وہ بے نیاز اپنی ہوا میں رہتے ہیں۔

وہ کسی اور ہی دیار کے باسی ہوتے ہیں اور محبت کے اجالوں سے دور ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ کار غالیچہ و جواہر تو صرف فرصت کا مشغلہ ہے۔ اس جملے نے تو اسے تقریباً مدہوش ہی کر دیا کہ محبت ہر ایک پر اثر کرتی ہے خواہ وہ کوئی ادھیڑ عمر گھریلو عورت ہی کیوں نہ ہو۔ اور چاہے وہ کہیں دور دراز دیہات میں یا پہاڑوں اور جنگلوں میں رہتی ہو۔

اور خواہ اس پر ماں کی حیثیت سے، بیوی کی حیثیت سے، کتے کی سرپرست کی حیثیت سے، اور گھر کی دیکھ بھال کرنے والی کی حیثیت سے بے شمار ذمہ داریوں کا بھاری بھر کم بوجھ ہی کیوں نہ ہو۔ محبت ہر ایک کے دل میں گلابی گل کھلانے کی طاقت رکھتی ہے۔ آنکھوں کیلئے جشن کا سامان کرتی ہے۔ دل کو اضطراب بخشتی ہے اور اسے نور و نغمگی عطا کرتی ہے۔ یہ کسی وادی میں گھومتا ایک شریر چشمہ ہے جو سب کو سیراب کرتا ہے۔

کچھ لوگوں کا خیال ہے اور وہ یہ سوچتے ہیں کہ محبت وہ عظیم جذبہ ہے جو جس طرح پیدا ہوتا ہے، اسی طرح اچانک غیب بھی ہو جاتا ہے۔ یہ راہ دشوار کی دھول اور بے سائبان زندگی ہے۔ اس شجر کی دیکھ بھال بہت تندہی سے کرنا پڑتی ہے۔ اگر دریائے محبت قریب سے بہتا رہے تو دل کی زمین شاداب رہتی ہے اور نئے شگوفے پھوٹتے ہیں۔ ورنہ یہ پودا مرجھا جاتا ہے۔ جب یہ بات ہماری طرح پروین شاکر کو کرنا پڑی تھی تو انہوں نے کچھ یوں کہا:

راہ دشوار کی جو دھول نہیں ہو سکتے

ان کے ہاتھوں میں کبھی پھول نہیں ہو سکتے

لیکن بہرحال مجموعی طور پہ محبت کایا پلٹ دینے کی طاقت رکھتی ہے۔ یہ ایک عجیب جذبے سے سرشار کرتی ہے اور وجد آفریں ہوتی ہے۔ جیسے رومی اور شمس تبریزی کی محبت، ہر لالچ اور غرض سے پاک ایک لازوال جذبہ ہے۔ جس میں انتہائی سادگی، پاکیزگی اور بے غرضی ہے۔ ان دونوں کی ملاقات 1224 میں ترکی کے شہر قونیہ میں ہوتی ہے۔ شمس ایک درویش صفت انسان ہے۔ اس اچانک ملاقات نے دونوں کی زندگی بدل دی۔

گویا علم کے دو سمندر آپس میں مل گئے ہوں۔ شمس کی دلنشین باتوں سے رومی کی زندگی بالکل بدل گئی اور وہ ایک عام جماعت سے عارفانہ اور صوفیانہ راہ کی طرف آ گئے۔ مزاج میں ٹھہراؤ آ گیا اور محبت نے اسے اپنے حصار میں لے لیا۔ اس نے ایک درویش کا روپ دھار لیا۔ رسمی و رواجی قوانین کو خیرباد کہہ دیا۔ تعصباتی جھگڑوں سے دور ہو گئے اور روحانی و کائناتی علم کی طرف متوجہ ہو گئے۔

جہاں ان کے نئے خیالات کو لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے جھٹلا دیا۔ وہاں بہت سے پیار و محبت کی طرف راغب ہوئے۔ لوگوں نے رومی اور شمس پر بہت بہتان طرازی کی۔ ان کے دل دکھ سے بھر گئے۔ مگر اس دکھ کی تہہ میں خوشی کی بے قرار لہریں تھیں۔ درحقیقت ان کے خیالات کو کسی نے سمجھا ہی نہیں تھا۔ مگر یہ کہانی ختم نہیں ہوئی۔ اگر اس کا صحیح خطوط پر جائزہ لیا جائے تو یہ کبھی ختم نہیں ہو گی۔ آٹھ سو سال گزر گئے شمس اور رومی آج بھی وقت کے سینے میں دھڑک رہے ہیں۔

میں سوچتا ہوں کہ مرد اور عورت ہمیشہ محبت کے حصول کیلئے کوشاں رہتے ہیں۔ دولت بھی کئی بار اسی توجہ کو حاصل کرنے کیلئے جمع کی جاتی ہے۔ عزت نفس، توقیر ذات، خودی کا تصور بھی اسی محبت کے شاخسانے ہیں۔ پہلے عورت کیلئے درد زہ ہی کافی تھا۔ اب اس نے درد دل اور غم روزگار بھی پال لیا ہے اور غزل کے شعر کی طرح اپنی چھوٹی سی کائنات میں طوفان اٹھائے پھرتی ہے۔

یہ تھی ایک انسان کی ایک دوسرے انسان سے بے مثال محبت کی مثال اور اب ذرہ بندے اور اللہ کی محبت کی مثال بھی ملا خطہ فرمائیے۔

ایک دن حضرت موسٰیؑ اپنے پہاڑیوں پر سیر کر رہے تھے کہ انھوں نے دیکھا کہ کچھ فاصلے پر ایک چرواہا جا رہا ہے۔ وہ ذرا سا آگے کو جھکا ہوا ہے اور اس کے ہاتھ دعائیہ انداز میں آسمان کی طرف اٹھے ہوئے ہیں۔ موسٰیؑ کا دل بہت خوش ہوا۔ مگر جب وہ ذرا نزدیک گئے تو چرواہے کے الفاظ سن کر حیران رہ گئے۔ ان کا ذہن اس عجیب و غریب دعا کو گرفت میں لانے کی کوشش کر رہا تھا۔

وہ کہہ رہا تھا۔ "اے میرے پیارے اللہ! مجھے تجھ سے اس قدر محبت ہے جتنا کہ تم سوچ بھی نہیں سکتے۔ میں ہر وہ کام کرنے کو تیار ہوں جس کا آپ حکم دیں گے۔ یہاں تک کہ اگر آپ سب سے موٹی بھیڑ بھی قربان کرنے کو کہیں گے تو میں قربان کر دوں گا۔ اور وہ بھی بغیر کسی ہچکچاہٹ کے۔ اگر آپ اس کی دُم چاول میں ڈال کر پکائیں گے تو یقیناً بے حد لطف اندوز ہوں گے۔ "

حضرت موسٰیؑ نے دو قدم اور آگے بڑھا دیے تاکہ مزید اچھی طرح سن سکیں۔

"میں اور بھی کچھ کہنا چاہتا ہوں۔ اگر آپ کہیں تو میں اس کے کان اور پاؤں بھی آپ کو بھجوا دوں۔ مجھے یہ دونوں چیزیں بے حد پسند ہیں۔ "

حضرت موسٰیؑ سے مزید برداشت نہ ہو سکا۔ انہوں نے احتجاج کرتے ہوئے چرواہے کو روکا۔ "بس کرو جاہل آدمی! کیا تمہیں اندازہ ہے کہ تم کیا بکواس کر رہے ہو؟ کیا تمہارا خیال ہے کہ خدا چاول کھاتا ہے؟ یہ کوئی اچھی بات نہیں ہے، بلکہ ایک طرح سے اس کی توہین ہے۔ "

چرواہا شرمندہ ہو گیا۔ اس کی حیران نظریں تیر کی طرح موسٰیؑ پر برس پڑیں۔ اس کا کلیجہ دھڑ دھڑ بجتا محسوس ہوا۔ اس نے معذرت کی اور وعدہ کیا کہ آئندہ وہ نیک آدمی بن جائے گا اور صحیح طریقے سے عبادت کرے گا۔ حضرت موسٰیؑ نے اسے بہت سی دعائیں یاد کرائیں اور پھر اپنے راستے پر چل پڑے۔ دل ہی دل میں خوش ہوتے رہے کہ نیک کام کیا۔

مگر اس رات حضرت موسٰیؑ کو خدا کی آواز سنائی دی۔ "ارے موسٰی! یہ تم نے کیا کیا؟ تم نے اس غریب چرواہے کو جھڑک دیا۔ تم یہ سمجھنے سے قاصر رہے کہ وہ کس طرح میری عزت اور تعظیم کرتا ہے۔ یہ درست ہے اس کے الفاظ نامناسب تھے، مگر وہ دل سے میری قدر کرتا تھا۔ اس کے ارادے نیک تھے اور دل صاف تھا۔ میں اس کی باتیں سن کر خوشی محسوس کر رہا تھا۔ تم نے ان باتوں کو ہتک آمیز سمجھا، مگر میری نگاہ میں وہ نہایت خوش کن اور دل آویز باتیں تھیں۔ "

حضرت موسٰیؑ کو فوراً اپنی غلطی کا احساس ہوا۔ دوسرے دن صبح ہی صبح وہ پہاڑوں کی جانب چل نکلے تاکہ اس چرواہے سے ملاقات کریں۔ ایک جگہ وہ انہیں عبادت کرتا ہوا نظر آ گیا اور اس بار وہ ان ہی کی ہدایت کے مطابق عبادت کر رہا تھا۔ حضرت موسٰیؑ نے آگے بڑھ کر اس کو شاباش دی اور کہا۔ "میرے دوست میں غلطی پر تھا۔ براہ کرم مجھے معاف کر دو۔ تم اپنے ہی انداز میں عبادت کرو۔ خدا کی نظروں میں وہ زیادہ مقبول ہے۔ "

یہ سن کر چرواہے کو پریشانی لا حق ہو گئی۔ اس نے مکی کے دانوں ایسی جہاندیدہ آنکھوں سے حضرت موسٰیؑ کو دیکھا۔ لیکن پھر کچھ سوچ کر اسے اطمینان ہوا۔ اس کی آنکھوں میں مسکراہٹوں کے ستارے ٹمٹمانے لگے اور اس کی ہیجانی انداز میں متحرک پتلیاں سچ بول رہی تھیں۔ وہ اب پرانا طریقہ کار تو دہرا نہیں سکتا تھا اور نہ ہی ان اطوار کو چھوڑ سکتا تھا جو حضرت موسٰیؑ نے اسے بتائے تھے۔ چنانچہ اس نے اب ایک اور انداز اپنا لیا اور نئی صداقتوں کے دیئے جلا کر خدا سے باتیں کرنے لگا۔

Check Also

Deobandi Ulema Ki Siasat

By Muhammad Aamir Hussaini