Saare Din Maa Se Hain
سارے دن ماں سے ہیں
سارے دن ماں کے دن ہوتے ہیں کہ ماں کے بغیر زندگی ایک طویل رات بن جاتی ہے۔ روز قیامت کی ہولناکی میں جہاں اور بہت سی چیزیں ڈرانے والی ہیں، وہاں ایک خوش خبری ہے کہ ہم سب اپنی ماؤں کے ناموں سے اٹھائے جائیں گے، یہ سن کر لگتا ہے کہ آگے پھر خیر ہی ہوگی۔ 70 ماؤں سے زیادہ پیار کرنے والے ربّ کریم کا سن کر بھی لگتا ہے کہ آگے پھر خیر ہی ہوگی۔
مجھے بچپن میں انگہ، وادی سون سکیسر کے جاڑے میں گزرے وہ دن یاد ہیں جب اماں لکڑیوں کو پھونکنی مار کر آگ دہکانے کے چکر میں ہلکان ہوجاتی تھیں اور ہم سب، طارق بھائی، رفعت، کلثوم اور قاسم ایک گول چکر میں بیٹھے، دھواں دھواں آنکھوں سے یہ سب ہوتا دیکھتے تھے۔ ماؤں کے ہاتھ اور محبت کی حدت پر تپتی ہوئی ہر روٹی ایک سوونیئر ہے۔ اپنے بچوں کی چاہ پوری کرنے کے لیے اپنے جیون کو اوکھا کرلینا ماں سے بہتر کوئی نہیں جانتا۔
میں ایک لکھنے والا ہوں اور دو چار لفظ جوڑ جھاڑ لیتا ہوں مگر ماں کے رشتے کے بارے میں سوچتا ہوں تو لفظ گونگے ہوجاتے ہیں۔ محبت کی طرح یہ رشتہ بھی قوس و قزح کے سارے رنگوں سے بنا ہے جس کو کاغذ پر اتارا نہیں جاسکتا، نہ تصویر کھینچی جاسکتی ہے، نہ مصور ہوسکتا ہے۔ ہم سب کے اندر یہ رشتہ اور رنگ اور طرح سے زندہ ہے۔
ربّ کریم ماؤں کو سلامت رکھیں۔ میں نے اپنی ایک کتاب شریکِ حیات عظمیٰ کے نام اور "صبح بخیر زندگی" ماں جی کے نام منسوب کی۔ سچی بات تو یہ ہے کہ ہم سب زندگی کی کتابیں ہیں جو اپنی ماؤں سے منسوب ہیں۔ اگر روزِ قیامت ہم اپنی ماؤں کے نام سے اٹھائے جائیں گے تو میرے خیال میں تو یہ خوش خبری ہے کہ پھر خیر ہی ہوگی۔ اپنی ماؤں کے نام سے اٹھائے جانے کے بعد، ستر ماؤں جتنا رحم رکھنے والے کے ہاں پھر کچھ غلط کیسے ہوسکتا ہے؟
مائیں واقعی کیسی ہوتی ہیں اور وہ بچوں کو کیسا پالتی ہیں، ماں کی توجہ کیا ہوتی ہے؟ اپنے ہوش کے دنوں میں اپنی اہلیہ عظمیٰ کو دیکھا اور اپنے دونوں بچوں کو اس کے ہاتھوں میں ڈھلتے اور شکل اختیار کرتے دیکھا جیسے کمہار کے چاک پر مٹی اپنی شکل بدلتی ہے۔ مرد کی سب سے بڑی کمی شاید یہی ہے کہ وہ باپ تو بن سکتا ہے، ماں نہیں اور یہ ایک جیسے دو رشتے ہیں اور دونوں دو مختلف سیاروں کے آسمان ہیں۔
اللہ کریم آپ سب کی ماؤں کو اپنی امان اور چھاؤں میں رکھیں۔ آمین۔ جن کی مائیں ان سے رخصت ہوئیں، انہیں جنت کے سب سے خوبصورت باغوں میں جگہ دیں۔ آمین۔ جو جگہ ماں کے پاؤں تلے یا اس کے آس پاس ہے، وہی جنت ہے۔
اس دنیا میں جو کچھ ہے، سب مایا ہے۔
جو کچھ فیض نے کہا یا انشاء جی نے فرمایا ہے۔
ہاں وہ وقت جو ہمارے نصیب میں ہم نے اپنی اپنی ماؤں کے ساتھ بتایا ہے۔
ماں کا دن مبارک ہو۔ اس پر کبھی رات نہ اترے۔