Monday, 06 January 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Arif Anis Malik
  4. Jaane Do, Jaan e Mann

Jaane Do, Jaan e Mann

جانے دو، جان من!

دروازہ کھولو اور ان لوگوں کو اپنی زندگی سے باہر جانے دو جو تمہاری محبت کا اکرام کرنے کو تیار نہیں ہیں۔ یہ سب سے مشکل کام اور اہم ترین کام ہے جو آپ کو اپنی زندگی میں کرنا پڑے گا۔ ان لوگوں کے ساتھ لڑنا جھگڑنا، بحث مباحثہ بند کریں جو اپنے آپ کو بدلنا نہیں کرنا چاہتے ہیں۔ ان لوگوں کے لیے موجود ہونے کی ضرورت نہیں ہے جن کے لئے آپ کی موجودگی بے قیمت ہے۔ ہو سکتا ہے کہ آس پاس کے لوگوں کی تعریف قیمتی ہو مگر اس کے حصول کے لیے وقت، توانائی، ذہنی اور جسمانی صحت کی بھاری فیس ادا کرنی پڑے گی۔

جب آپ مسرت، جوش و خروش اور عزم کے ساتھ ایک شاندار زندگی کے سفر پر روانہ ہونگے، تو ہر شخص آپ کی پیروی کرنے یا ساتھ چلنے کے لیے تیار نہیں ہوگا۔ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ اپنے آپ کو یا اپنے اصل جوہر کو تبدیل کر لیں اور اپنی روح پر سمجھوتہ کرلیں۔ اس کا مطلب ہے کہ آپ کو ان لوگوں کو ساتھ کھینچنا چھوڑ دینا چاہیے جو آپ کا ساتھ دینے کے لیے تیار نہیں ہیں آور جن کی روح کا بادبان آپ کی مخالف سمت میں استوار ہے۔ جن لوگوں کو آپ اپنا وقت، توجہ اور محبت دیتے ہیں اگر وہ آپ کو بھلا دیں، آپ کی توہین کریں اور اپنی زندگی سے آپ کو خارج کر دیں تو ان کے ساتھ چیپی بن کر، نتھی ہوکر اور یک طرفہ محبت کے سفر پر چل کر آپ اپنا رستہ کھوٹا کر رہے ہیں۔ سچ تو یہ ہے کہ آپ سب کے لیے نہیں ہیں اور ہر کوئی آپ کے لیے نہیں ہے۔ دل کسی کسی سے ملتا ہے، مگر ضروری نہیں کہ کسی سے ملے تو وہ مل ہی جائے۔

اس کے برعکس جب آپ ان لوگوں سے ملتے ہیں جو آپ کی توجہ، آپ کے وقت اور آپ محبت کی قدروقیمت سمجھتے ہیں تو آپ کو محسوس ہوگا کہ آپ کتنے بیش قیمت ہیں۔ جتنا زیادہ وقت آپ اپنے آپ کو کسی ایسے شخص سے پیار کرنے کی کوشش میں صرف کرتے ہیں جو اس کو سمجھنے اور اس کا جواب دینے سے قاصر ہے، اتنا ہی زیادہ وقت آپ اپنے آپ کو کسی اور سے جو اس پیار کے قابل ہے، اس تعلق کے امکان سے محروم کرنے میں ضائع کرتے ہیں۔ اس کرہ ارض پر اربوں لوگ ہیں اور ان میں سے بہت سے آپ کی فریکوئنسی کی سطح پر آپ سے ملیں گے۔ آپ جتنا زیادہ ان لوگوں کے ساتھ جڑے رہیں گے جو آپ کو بس بطور سہارا یا چارا استعمال کرتے ہیں، جن کے لیے آپ پلان بی ہیں یا وہ زیادہ سے زیادہ آپ کو اپنے دکھڑے سنا کر مفت کی تھیراپی کرلیتے ہیں، اتنا ہی وقت آپ ان لوگوں سے دور ہو رہے ہوتے ہیں جو آپ کی توجہ اور محبت کے اصل مستحق ہیں اور جو آپ کا دیا گیا پیار آپ کو واپس لوٹا سکتے ہیں۔

اگر آپ ایسے لوگوں کے لیے موجود نہیں ہوں گے یا ان کو اپنے اوپر سواری نہیں کرنے دیں گے تو زیادہ سے زیادہ کیا ہو سکتا ہے۔ ہو سکتا ہے آپ کو مطلوب و مقصود کے خانے سے باہر پھینک دیا جائے۔ ہو سکتا ہے رشتہ ٹٹ جائے تڑک کر کے۔ ہو سکتا ہے اگر آپ ٹیکسٹ کرنا بند کر دیں تو آپ کا فون ہفتوں تک تاریک رہے اور کوئی آپ سے حال چال نہ پوچھے۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ نے رشتہ تباہ کردیا یا ختم کر دیا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اس رشتے میں اتنی ہی زندگی تھی جتنی آپ نے اسے برقرار رکھنے کے لیے دی ہوئی تھی۔ بلکہ یہ رشتہ مصنوعی تنفس اور آکسیجن پائپ کے بل بوتے پر ہی چل رہا تھا۔ یہ اصل میں محبت نہیں، لگاؤ ​​ہے۔ یہ ان لوگوں کو موقع دینا ہے جو اس کے مستحق نہیں ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جنہیں آپ کی زندگی میں نہیں ہونا چاہیے۔ آپ کی زندگی میں سب سے قیمتی چیز آپ کا وقت اور توانائی ہے، اور یاد رکھیں کہ یہ دونوں محدود ہیں۔

جب آپ اپنا وقت اور توانائی ان لوگوں ہر صرف کرتے ہیں جو اس کے مستحق نہیں ہوتے اور جو آپ کی توجہ آپ کے منہ پر دے مارتے ہیں تو آپ کی روح تک جھنجھنا کر رہ جاتی ہے، آپ کی ساری توانائی چوری ہوجاتی ہے اور آپ بس ڈھے جاتے ہیں، سرنگوں ہوجاتے ہیں۔

آپ کو یہ احساس ہونا شروع ہو جائے گا کہ سب سے اہم چیز جو آپ اپنے لیے اور اپنے آس پاس کے ہر فرد کے لیے کر سکتے ہیں وہ یہ ہے کہ اپنی زندگی کو ایک محفوظ پناہ گاہ بنائیں، جس میں صرف 'ہم آہنگ' لوگوں کو اجازت ہو۔ یہ وہ لوگ نہیں جو آپ کی ہر ہاں میں ہاں ملائیں اور بس شامل باجا ہونے میں یقین رکھیں، ایسے لوگ ہوسکتا ہے آپ سےاختلاف بھی رکھیں اور کھری کھری سنا بھی دیں، مگر بحرحال وہ آپ کی محبت کا اکرام کرنے والے ہوں گے۔

سکھی رہو گے اگر یہ مان لو کہ تم کسی کو بچانے کے ذمہ دار نہیں ہو آور دنیا تم نے اپنے کاندھوں پر نہیں اٹھائی ہوئی ہے۔ آپ انہیں بہتر بنانے کے لیے قائل کرنے کے ذمہ دار نہیں ہیں۔ یہ آپ کا کام نہیں ہے کہ آپ لوگوں کے لیے موجود رہیں اور ان کے لیے اپنی جانیں نچھاور کرتے رہیں۔ تاہم یہ سب کرنے کے باوجود آپ اپنے آپ کو بے وقعت محسوس کریں تو آپ کے تمام مسائل کی جڑ آپ ہوں گے۔ یہ آپ کی واحد ذمہ داری ہے کہ آپ یہ سمجھیں کہ آپ اپنے مقدر کی محبت ہیں اور اس محبت کو قبول کریں جس کے آپ مستحق ہیں۔ آج فیصلہ کریں کہ آپ سچی دوستی، سچی اور مکمل محبت کے مستحق ہیں اور ان لوگوں کے لیے دروازہ کھول دیں جو آپ کی توجہ اور محبت کی قدروقیمت جانتے ہیں۔ پھر آپ کو وہ پیار، عزت، خوشی اور تحفظ مل کے رہے گا جس کے آپ مستحق ہیں۔

مرکزی خیال انتھونی ہاپکنز سے موسوم ایک تقریر سے ماخوذ!

ہم سب زندگی میں ایسے مرحلے سے گزرتے ہیں۔ کچھ تاحیات پھنس جاتے ہیں۔ کسی ایسے سفر میں ہیں تو شیئر کیجئے، آپ جان کر حیران ہوں گے کہ آپ اکیلے نہیں ہیں۔

Check Also

Roos Mein Naya Saal Kaise Manate Hain

By Mojahid Mirza