Tuesday, 07 January 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Arif Anis Malik
  4. Ahmad Nawaz, I Am Possible Ki Misal

Ahmad Nawaz, I Am Possible Ki Misal

احمد نواز، "آئی ایم پاسیبل" کی مثال

2014 میں پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر حملے کے وقت احمد نواز کی عمر 14 برس تھی۔ اسکول پر حملے کے وقت احمد اپنے آپ کو مردہ ہونے کا بہانہ کرکے جان بچانے میں کامیاب ہوا تھا۔ یہ وہ دن تھا جب اس کی اپنی استاد کو اس کی آنکھوں کے سامنے آگ لگا دی گئی تھی۔ اس سانحے میں احمد کا ایک بھائی بھی جان کی بازی ہار گیا تھا۔ احمد نواز کو متعدد چوٹیں آئی تھیں جس کے بعد اس کا خصوصی طور پر برمنگھم کے ملکہ الزبتھ اسپتال میں علاج ہوا تھا۔ برطانوی ڈاکٹرز نے احمد نواز کا علاج کیا جس کے بعد وہ صحت مند زندگی کی طرف لوٹا اور پھر لندن میں ہی تعلیم کا آغاز کیا۔

کمال اس وقت ہوا جب زخمی احمد کو علاج کے بعد برطانیہ رہنے کی اجازت دے دی گئی۔ تب اسے انگریزی کے چند حرف ہی آتے تھے، مگر اس نے جی سی ایس ای میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اے گریڈز حاصل کیے۔ گزشتہ سات برس میں احمد سے کئی ملاقاتیں رہیں، میں آگاہ ہوں کہ کئی مرتبہ اسے برطانوی یونیورسٹیوں میں پڑھنے کے لئے فنڈ ریزنگ کرنی پڑی۔ اس کے والد بھی اس آزمائش کی گھڑی میں اس کے ساتھ کھڑے رہے۔ تاہم رکاوٹوں کی یہ دوڑ اس کے جذبے ماند نہ کرسکی۔

احمد نے 2020 میں آکسفورڈ یونیورسٹی میں داخلہ لیا اور لیڈی مارگریٹ ہال کالج میں داخلہ لیا جہاں تب ملالہ یوسف زئی بھی زیرِ تعلیم تھی۔ چند دن قبل، احمد نواز نے تاریخی آکسفورڈ یونین کا انتخاب لڑا جو دنیا کے سب سے مؤثر ترین ڈیبیٹنگ پلیٹ فارمز میں شامل ہے۔ اس نے اپنے حریف پر پانچ سو ووٹوں سے سبقت لی اور بے نظیر بھٹو کے بعد پہلا پاکستانی بن گیا جو آکسفورڈ یونین کا صدر بن گیا۔ تاہم بی بی اپنے وقت کے رئیس خاندان کی چشم و چراغ تھی، جب کہ احمد نواز وہاں بے نواؤں کی علامت ہے۔

آکسفورڈ یونین کا صدر بننے کے بعد اس نے اپنی ماں کو فون کیا تو کچھ دیر آنسوؤں کی برسات میں بات نہ کر پایا۔ اس نے اس خبر کو اپنی زندگی کی سب سے بڑی خبر قرار دیا۔ احمد کہتا ہے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی ارب پتیوں کے بچوں اور نامور پبلک سکولوں سے آنے والوں کا گڑھ ہے۔ اس غریبوں کے بچوں اور کم وسائل کے حامل خاندانوں کے لیے اپنی باہیں کھولنی چاہئیں۔ اسے ووٹ اسی مقصد کے لیے ملے۔ ڈھونڈنے والے کو بہانے مل جائیں گے، یہ کرنے والے کو وجوہات! ہمیں احمد نواز کی استقامت پر فخر ہے۔ وہ آکسفورڈ یونیورسٹی میں اے پی ایس کے شہید بچوں اور اساتذہ کی حریت کی علامت ہے۔

Check Also

Safha Number 328

By Javed Chaudhry