Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Ansa Shehzadi
  4. Dil Phaink Mard Aur Unki Khasusiyat

Dil Phaink Mard Aur Unki Khasusiyat

دل پھینک مرد اور انکی خصوصیات

ویسے تو میں زیادہ تر سیریس اور اہم موضوعات پہ لکھتی ہوں لیکن آج میں سوچ رہی ہوں کہ کیوں نہ روٹین سے ہٹ کر کچھ لکھا جائے، میں یہ بھی جانتی ہوں میری اس تحریر کو پڑھ کے بہت سے لوگ خصوصا مرد مجھ سے اتفاق نہیں کریں گے اور ہو سکتا ہے کہ مجھے برا بھلا بھی کہیں۔ لیکن لکھاری کا کام لکھنا اور لوگوں کو معلومات دینا ہوتا ہے۔ اس لیے میں یہ فریضہ بخوبی سرانجام دوں گی۔

ہم سب ایک میل ڈومیننٹ سوسائٹی میں رہتے ہیں اور اس سوسائٹی میں مردوں کا پلڑا عورتوں کے مقابلے میں ہمیشہ سے بھاری رہا ہے اور مرد حضرات اس بات کا بخوبی فائدہ بھی اٹھاتے ہیں۔ میں نے کچھ سال پہلے پڑھا تھا کہ "مرد دل پھینک ہوتے ہیں" ان کو ہر راہ چلتی عورت سے محبت ہو جاتی ہے اور ان کے لیے ماں اور بہن صرف ان کے گھر کی عورتیں ہوتی ہیں باقی سب تو ان کے لیے نمائش کا سامان ہوتی ہیں۔

اس وقت تو مجھے اس بات سے اتفاق نہ تھا لیکن اب میں بھی اس بات پر ایمان لے آئی ہوں کہ زیادہ تر مرد دل پھینک ہوتے ہیں۔

سب سے پہلے تو میں مرد حضرات سے مخاطب ہو کر کہنا چاہوں گی کہ میرے بھائیو میری اس تحریر سے اگر آپ اتفاق کریں تو میں مشکور ہوں گی اور اگر میری کوئی بھی بات ناگزیر گزرے تو اس تحریر کو پڑھ کر آپ کے ذہن میں جن الفاظ کی آمد ہو وہ کمنٹ کردیجئے گا۔

آج میں لکھنے لگی ہوں دل پھینک مردوں کے بارے میں۔ وہ مرد جو ہر نئی محبت میں اپنا دل لگاتے ہیں ان کی کہانیاں ہمیشہ سے دلچسپ رہی ہیں۔ یہ حقیقت ہے کہ جو مرد دل پھینک ہوتے ہیں ان کے دل میں ایک ایسا خلا ہوتا ہے جس کو بھرنے کے لیے وہ ہر وقت کوشش کرتے رہتے ہیں۔ مزاحیہ شاعری اس موضوع کو بہترین انداز میں پیش کرتی ہے۔

شاعر اپنے اشعار میں ایسے دل پھینک مردوں کی حقیقت اور ان کی رومانوی الجھنوں کو مزاحیہ انداز میں پیش کرتے ہیں۔ احمد فراز کا ایک مشہور شعر ہے۔

ہم وہاں ہیں جہاں سے ہم کو بھی نہیں نکلنا

کیا بتاؤں تمہیں کہ تم کو بھی نہیں نکلنا

جون ایلیا نے دل پھینک مردوں کے بارے میں کیا خوب فرمایا ہے۔

یہ جو دل ہے یہ تمہارے نام کر دیں گے

سب ایک پل کی بات ہے بس تھوڑی دیر اور

احمد ندیم قاسمی نے بھی اس موضوع پر بہت خوبصورت طنز کیا ہے۔

عشق ہے یا شوق تماشہ، کچھ نہیں پتا

دل پھینک مرد ہیں، یا دل کی حالت کچھ اور ہے

اب دل پھینک مردوں کی بھی مختلف کیٹگریز ہوتی ہیں کچھ مرد حضرات تو وہ ہوتے ہیں جو بھری جوانی میں دل دے بیٹھتے ہیں اور اس کو جناب "عشق" کا نام دے دیتے ہیں اور کہتے ہیں میں تمہاری محبت میں گوڈے گوڈے گرفتار ہوں، تم نہ ملی تو میں مر جاؤں گا اور اگر تم مل گئی تو سمجھو جنت میرے قدموں تلے بچھ جائے گی اور جب حقیقت میں ان مردوں کی عقل ٹھکانے آتی ہے تو ساری محبت ہوا ہو جاتی ہے۔

دوسرے مرد وہ ہوتے ہیں جن کو شدید قسم کا کنوارا پن محسوس ہوتا ہے۔ ایسے مردوں کی محبت بہت اعلی قسم کی ہوتی ہے کیونکہ ان کو سب پتہ ہوتا ہے کہ ایک لڑکی کو کیسے قائل کرنا ہے اور وہ لڑکیاں جن کو مرد اس بات پر قائل کر لیتے ہیں کہ وہ ان کے ساتھ بہت مخلص ہیں اور ان سے شادی ضرور کریں گے وہ پھر زیادہ تر خوار ہی ہوتی ہیں۔

اب یہ مت سوچیے گا کہ اگر میں نے اتنا سب کچھ لکھ ڈالا ہے تو ضرور میرا اس بارے میں تجربہ ہوگا اصل میں کچھ دن پہلے میرے دوست نے مجھے ایک ریل بھیجی تھی جسکا موضوع تھا کہ "یہ عشق کیسے ہو جاتا ہے"۔

وہ ایک فنی ریل تھی جس کا نچوڑ یہ تھا کہ عشق یا تو باپ کی کمائی سے ہوتا ہے یہ حرام کی کمائی سے۔ کیونکہ حلال کی کمائی سے تو صرف نکاح ہوتا ہے۔

اس وقت اس ریل کو دیکھ کر میں بہت ہنسی تھی لیکن کچھ دن بعد جب میں نے اس پر غور کیا تو مجھے سمجھ آیا کہ عشق روز روز کون کرتا ہے؟ اور یہ کیسے ہو جاتا ہے؟

اچھا اب جہاں دل پھینک مرد ہیں ہاں وفادار مردوں کی بھی کمی نہیں ہے۔ بالکل آپ لوگ صحیح سوچ رہے ہیں میں بات کر رہی ہوں ہمارے معاشرے میں موجود ایسے مردوں کی جن کی شادیاں تو محبت کی ہوئی ہوتی ہیں لیکن ان کا دل پھر بھی نہیں بھرتا۔

محبت کی شادی کرنے کے باوجود بھی ان کا دل ایک اور نئی پری کے اوپر آ جاتا ہے اور وہ اس محبت کو بھی حاصل کرنے کے لیے تگ و دو کرتے ہیں۔

اسلام میں محبت، رشتہ اور ازدواجی تعلقات کو بہت اہمیت دی گئی ہے اور اس میں کسی قسم کی بے وفائی، جھوٹ یا غیر ذمہ دارانہ رویے کی سختی سے مخالفت کی گئی ہے۔ دل پھینک مردوں کا رویہ ان اسلامی اصولوں سے متصادم ہوتا ہے۔ کسی بھی رشتے کو نبھانا ہو چاہے وہ دوستی ہو یا شادی اس میں ذمہ داری اور وفاداری شامل ہے۔

دل پھینک مردوں کی کہانیاں ایک طرف جہاں ہمیں تفریح فراہم کرتی ہیں وہیں ان میں ایک سبق بھی چھپا ہے اور وہ یہ ہے کہ رشتہ کوئی کھیل نہیں ہے بلکہ سنجیدہ ذمہ داری ہے اور رشتے محبت، عزت اور خلوص سے نبھائے جاتے ہیں دل پھینک ہونے سے نہیں۔

Check Also

Mian Muhammad Baksh (19)

By Muhammad Sarfaraz