Tuesday, 19 May 2026

Announcement!

اب اپ ہمارے یوٹیوب چینل کا حصہ بن سکتے ہیں۔ اب آپ کی تحریر کے ساتھ آپ کی آواز اور تصویر بھی دنیا تک پہنچے گی۔ اپنی تحریر کو اپنے موبائل سے بصورت ویڈیو ریکارڈ کریں اور ہمیں ارسال کر دیں۔

مزید تفصیلات کے لئے ہم سے رابطہ کریں۔۔

  1.  Home
  2. Blog
  3. Anjum Kazmi
  4. Wazir e Aala Ka Daura e Baku Aur Mehkma e Seyahat Ki Na Dahindgi

Wazir e Aala Ka Daura e Baku Aur Mehkma e Seyahat Ki Na Dahindgi

وزیراعلی کا دورہ باکو اور محکمہ سیاحت کی نادہندگی

وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف آج کل آذربائیجان کے دورے پر ہیں، انکی کچن کیبنٹ بھی ان کے ساتھ ہے، مریم نواز جب سے پنجاب کی وزارت اعلی کے منصب پر فائز ہوئی ہیں ان کے کارناموں کی دھوم مچانے کیلئے ٹی وی چینلز اور اخبارات میں سرکاری اشتہارات کی بارش کی جارہی ہے، سوشل میڈیا پر ان گنت پیجز بنا کر عوام کو یقین دلانے کی دن رات کوشش کی جا رہی ہے کہ مریم نواز نے پنجاب کی تقدیر بدل دی ہے مگر زمینی حقائق اس سے مختلف ہیں۔ چند روز قبل مریم نواز کے "ستھرا پنجاب" کی "غضب کرپشن کی عجب کہانی" سامنے آچکی ہے، دو سال بعد ہی پتہ چلتا ہے کہ حکومت کے محکموں، لائق فائق وزراء اور من پسند بیوروکریسی نے کیا کیا گل کھلائے ہیں

ابتداءعشق ہے روتا ہے کیا

آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے۔۔

بیوروکریسی نے وزیراعلی مریم نواز کو نئے منصوبے شروع کرنے اور سرکاری ملازمین کا مجمع لگا کر تالیاں بجوا کر داد لینے کی عادت ڈال دی ہے، بیوروکریسی ہر وزیراعلی پر یہی حربہ استعمال کرتی ہے اور فائدے اٹھاتی ہے، کسی شاعر نے کیا خوب کہا ہے کہ

جب تک ہنستا گاتا موسم اپنا اپنا ہے سب اپنے ہیں

وقت پڑے تو یاد آجاتی ہے مصنوعی مجبوری

بیوروکریسی اس وقت تک آگے پیچھے بھاگتی ہے جب تک آپ اقتدار میں ہوں، اقتدار سے ہٹتے ہیں وہ آنکھیں پھیر لیتی ہے، مجھے یاد ہے کہ ایک افسر نے دکھ بھرے انداز میں کہا کہ جب نگران وزیراعلی ڈاکٹر حسن عسکری کا عہدہ ختم ہوا تو وہ دو گھنٹے اپنے دفتر میں بیٹھے رہے کہ مجھے گھر تو ڈراپ کرادیں مگر ان کا سارا عملہ غائب ہوچکا تھا پھر انکے پی ایس او حیدر علی نے ایک گاڑی کا بندوبست کیا اور ان کو گھر ڈراپ کرایا۔

مریم نواز کو اپنے وزراء کی کارکردگی کا بھی جائزہ لینے کیلئے احتساب کا کوئی نظام بنانا چاہئے، وزیراعلی کی دست راست ان کی سینئر وزیر کے محکمے کی کارکردگی چند روز قبل روزنامہ آفاق نے شائع کی ہے، تحقیقاتی رپورٹ میں ثبوتوں کے ساتھ بتایا گیا ہے کہ پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب سپورٹس بورڈ پنجاب کا 4 کروڑ روپے کا نادہندہ ہے۔

خبر کے مطابق سپورٹس بورڈ پنجاب نے محکمہ سیاحت پنجاب کو پنجاب سٹیڈیم میں 2015 میں ٹورسٹ بس سروس کیلئے جگہ دی تھی جس کا سپورٹس بورڈ پنجاب کو گیارہ سال کرایہ کی مد میں ایک روپیہ ادا نہیں کیاگیا، سپورٹس بورڈ پنجاب کی جنرل باڈی کے اجلاس میں یہ معاملہ پیش کیا گیا جس میں حیرت انگیز انکشافات سامنے آئے ہیں جس کے مطابق محکمہ سیاحت پنجاب نے 2015 میں ٹورسٹ بس سروس شروع کرنے اور دفاتر کیلئے تقریباً 12ہزار سکوائر فٹ جگہ سپورٹس بورڈ پنجاب سے پنجاب سٹیڈیم میں لی تھی۔

اس وقت محکمہ سیاحت اور محکمہ کھیل کا ایک وزیر تھا جس نے اپنے دوسرے محکمے کو جگہ قانونی تقاضے پورے کئے بغیر دیدی تھی اور شرط رکھی گئی تھی کہ محکمہ سیاحت پنجاب اس ایریا میں کوئی پکی تعمیرات نہیں کریگا اور یہ جگہ عارضی طور پر دی گئی ہے مگر محکمہ سیاحت پنجاب نے وہاں بغیر منظوری کہ مستقل بس ٹرمینل بنالئے ہیں۔ اس وقت پنجاب کے وزیراعلی شہباز شریف نے دھوم دھام سے ٹورسٹ بس سروس کا افتتاح کیا تھا، محکمہ سیاحت پنجاب سپورٹس بورڈ پنجاب کی جگہ 11 سال بغیر کرایہ کی ادائیگی کے استعمال کر رہا ہے، اپریل 2025 میں محکمہ سیاحت پنجاب نے سپورٹس بورڈ پنجاب سے بغیر پیشگی اجازت کے میں سڑک پر بہت بڑی ایل ای ڈی نصب کردی۔

سپورٹس بورڈ پنجاب نے گیارہ سالوں میں محکمہ سیاحت کو 8 مرتبہ خطوط بھی لکھے اور مطالبہ کیا گیا کہ محکمہ سیاحت پنجاب سپورٹس بورڈ پنجاب کو کرایہ کی مد میں 4 کروڑ سے زائد کی رقم جو ان کے ذمہ ہے اسکی فوری ادائیگی کرے اور باقاعدہ کرایہ لکھا جائے مگر محکمہ سیاحت پنجاب کیخلاف اس حوالے سے کوئی قانونی کارروائی نہیں کی، مارچ 2024 میں محکمہ سیاحت پنجاب نے جواب دیا کہ اب تک کا کروڑوں روپے کا کرایہ معاف کردیا جائے اور یہ جگہ محکمہ سیاحت پنجاب کو 30 سال کیلئے لیز پر دیدی جائے۔

سپورٹس بورڈ پنجاب نے بورڈ سے درخواست کی کہ محکمہ سیاحت پنجاب کو بقایاجات کی ادائیگی کیلئے حتمی نوٹس دینے کی منظوری دی جائے اور اگر محکمہ سیاحت پنجاب ادائیگیاں نہیں کرتا تو اس سے جگہ خالی کرانے کیلئے قانونی کارروائی کرنے کی اجازت دی جائے جس پر بورڈ نے محکمہ سیاحت سے بقایا جات کی وصولی اور کرایہ نامہ لکھنے کیلئے قانونی کارروائی کی منظوری دیدی، سپورٹس بورڈ پنجاب کے افسران کی نااہلی کی وجہ سے گیارہ سالوں میں کوئی وصولی نہیں کی گئی اور نہ ہی کوئی ٹھوس قدم اٹھایا گیا ہے۔

وزیراعلی کے دورہ باکو کے دوران سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر ساتھ ہیں، وزیراعلی کی کچن کیبنٹ کے ارکان خاص طور پر وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر، بلال یاسین وہاں سیروتفریح اور مہنگے ترین ہوٹلوں میں کھابے کھانے کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کررہے ہیں جس سے مہنگائی کے ستائے عوام کے دلوں پر چھریاں چل رہی ہیں کہ عوام مہنگی ترین بجلی، پٹرول اور گیس کے ہاتھوں گھٹ گھٹ کر مررہے ہیں اور ان کے حکمران دوسرے ممالک کی سیریں کررہے ہیں، کم از کم مریم نواز کے وزراء کو عوام کے جذبات سے نہیں کھیلنا چاہئے، وزیراعلی کو چاہئے کہ باکو میں ہی دونوں وزراء کو سامنے بٹھا لیں اور روزنامہ آفاق کی خبر سامنے رکھ کر ان سے پوچھیں کہ یہ سب کیا ہے؟

گو کہ نادہندگی کا معاملہ مریم نواز کے چچا شہبازشریف اور عثمان بزدار کے ادوار سے چلا آرہا ہے لیکن اسے کسی نے تو حل کرنا ہے، وزیرکھیل فیصل کھوکھر تو جرات نہیں کرسکتے کہ وہ سینئر وزیر سے کہیں کہ میرے محکمے کے بقایاجات ادا کریں، سپورٹس بورڈ پنجاب میں بدترین مالی بحران ہے، عیدالفطر پر بھی ملازمین کو تنخواہ نہیں ملی تھی اور ظلم تو یہ ہو اکہ اپریل میں بھی تنخواہ نہ دی گئی اب مئی میں دو ماہ کی اکٹھی تنخواہ دی گئی ہے ان حالات میں مریم نواز صاحبہ کو یہ معاملہ حل کرانا چاہئے تاکہ سپورٹس بورڈ پنجاب مالی بحران سے نکل سکے۔

Check Also

Digital Mujahideen Aur Unke Digital Danday

By Syed Mehdi Bukhari