Tuesday, 23 June 2026

Announcement!

اب اپ ہمارے یوٹیوب چینل کا حصہ بن سکتے ہیں۔ اب آپ کی تحریر کے ساتھ آپ کی آواز اور تصویر بھی دنیا تک پہنچے گی۔ اپنی تحریر کو اپنے موبائل سے بصورت ویڈیو ریکارڈ کریں اور ہمیں ارسال کر دیں۔

مزید تفصیلات کے لئے ہم سے رابطہ کریں۔۔

  1.  Home
  2. Blog
  3. Anjum Kazmi
  4. Jayali Shazia Abid Ki Punjab Assembly Mein Dhaar

Jayali Shazia Abid Ki Punjab Assembly Mein Dhaar

جیالی شازیہ عابد کی پنجاب اسمبلی میں ڈھار

ایک مدت بعد کسی بھی اسمبلی میں پیپلزپارٹی کی کسی جیالی کی ڈھار سننے کو ملی تو یقین مانیں چس آگئی، پنجاب اسمبلی کے سیشن میں مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والی جام پور کی جیالی شازیہ عابد نے پنجاب حکومت اور "سب دی ماں" کو جو کھری کھری سنائیں وہی حقیقی جیالوں کا رنگ ہے، ن لیگ کے سابقہ ادوار اور پی ٹی آئی کے ادوار میں ن لیگ اور پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی میں اتنا دم خم نہیں تھا جو اس جیالی نے دکھایا ہے، یہی جمہوریت کا حُسن ہے، شازیہ عابد کی شیرنی جیسی ڈھار کے سامنے حکومتی بینچ کی گھگی بند ہوگئی، کسی کی آواز تک نہ نکلی۔

شازیہ عابد کی ڈھار میں بینظیر کی جھلک نظر آئی کہ عوام کے مسائل بیان کرنے کیلئے منتیں نہیں کی جاتیں، اپنا حق چھیننا پڑتا ہے، شازیہ عابد کی پنجاب اسمبلی میں خطاب کی ویڈیو اپنے پیج "انجم کاظمی آفیشل" پر شیئر کی تو ایک دن میں ایک ہزار سے زیادہ ویوز آئے کیونکہ انہوں نے عوام بالخصوص جنوبی پنجاب کے محروم طبقہ کی نمائندگی کی تھی، شازیہ عابد کا ایک ایک لفظ حکومت کے سینے پر تیر کی طرح پوست ہوتا گیا جس کے بعد پنجاب کی وزیراطلاعات اعظمی بخاری نے پنجاب اسمبلی میں خطاب کیا مگر شازیہ عابد کی کسی بات کا جواب دینے کی جرات نہیں کرسکیں۔

پنجاب کے عوام مریم نواز کے لئے خریدے گئے 11 ارب روپے کے پرتعیش جہاز پر بہت رنجیدہ ہےں کیونکہ پنجاب میں ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کو آؤٹ سورس کیا جارہا ہے کہ حکومت سرکاری ملازمین کو بوجھ نہیں اٹھا سکتی حالانکہ یہ دونوں شعبے ایسے ہیں جو عوام کی بنیادی ضرورت ہیں، حکومت عام آدمی کیلئے علاج اگر اپنے سرکاری ہسپتالوں میں مفت نہیں کریگی تو کیا ایک عام مزدور، محنت کش تاریخ کی بدترین مہنگائی میں اپنا یا اپنے بیوی بچوں کا علاج کراسکتا ہے، متوسط طبقے کی آمدن کا نصف حصہ بچوں کی نجی سکولوں کی فیسوں میں نکل جاتا ہے ایسے حالات میں غریب آدمی اپنا بچہ کیسے نجی سکول کی فیسوں کو بوجھ اٹھا سکتا ہے مگر "سب دی ماں" کیلئے 11ارب روپے کا جہاز خریدنا ناگزیر تھا تاکہ ماں کو سیر سپاٹوں کیلئے کو دقت پیش نہ آئے۔

شازیہ عابد نے جہاں مریم نواز کے 11ارب روپے کا جہاز خریدنے پر آواز اٹھائی وہاں "سب دی ماں" اور ان کے ٹبر کیلئے سپر سپاٹوں کیلئے جہاز کے اخراجات پر بھی تنقید کے نشتر چلائے اور بتایا کہ جب پٹرول انتہائی مہنگا ہوگیا تھا تو "سب دی ماں" نے اپنا جہاز کیوں نہیں بیچا، سب دی ماں کو چاہئے تھا کہ اپنا جہاز بیچ کر پنجاب کے بچوں کیلئے روٹی کا بندوبست کرتی، شازیہ عابد نے اس جملے نے بہت چس دی کہ "ماں اپنے جہاز چ باکو ونج کے تندوری تے روٹیاں لیندی کھڑی ہائی"۔

شازیہ عابد نے پنجاب کے مکروہ محکمے سی سی ڈی (کوؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ) کے بھی خوب لتے لئے، چکوال میں سی سی ڈی کے ہاتھوں 9 سالہ ہانیہ کی ہلاکت پر دلگرفتہ گفتگو کی کہ "سب دی ماں" کو ایک لفظ بھی کہنا گوارہ نہ ہوا، چکوال کے واقعہ نے سینے میں دل رکھنے ہر انسان کو ہلا کر رکھ دیا ہے، عوامی نمائندوں کا یہی کام ہے جو کہ شازیہ عابد نے بھرپور انداز میں کیا اور اپنا حق اور فرض دونوں ادا کردیئے۔

شازیہ عابد کی ویڈیو میں ملتانی دوستوں کے گروپ میں شیئر کی تو میرے یونیورسٹی فیلو، دوست اور کٹر جیالے مُرشد سعید ناصر نے شازیہ عابد کا مختصر تعارف بھیجا جس کو پڑھ کر میں ان سے مزید متاثر ہوا اور شکر کیا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت کو کسی جیالی کو آگے لانے کی توفیق ہوئی ہے، ورنہ پنجاب میں آصف زرداری نے پیپلزپارٹی اور جیالوں کیساتھ کیا ہے اس کا حساب یوم حشر شہید قائد عوام ذوالفقار بھٹو اور شہید بی بی بے نظیر بھٹو ہی لیں گے، زرداری کی مفاہمت بلکہ منافقانہ سیاست نے پیپلزپارٹی کو پنجاب سے ہی آؤٹ کردیا مجبوراً جیالوں کو پی ٹی آئی سے ہاتھ ملانا پڑا۔

شازیہ عابد نے اسمبلی میں پجاب حکومت کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت دعوی کرتی ہے وہ سب سے امیر صوبہ ہے مگر ملازمین کو تنخواہیں دینے کے پیسے نہیں ہیں، بیچو اپنا جہاز، جب پاکستان پر بُرا وقت آیا تو سب دی ماں نے جہاز کیوں نہیں بیچا، لوگ بہت تنگ آچکے ہیں، آخر میں انہوں نے جئے بھٹو کا نعرہ بھی لگایا۔

یہی وہ بات ہے جس کیلئے شہید بینظیر بھٹو نے کہا تھا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے، پیپلزپارٹی بلکہ "حضرت" زرداری کی سیاست سب پہ بھاری تو نہ پڑ سکی مگر پنجاب کے جیالوں پر ضرور بھاری پڑی جنہوں نے ضیاء آمر کی بدترین آمریت میں جیلیں کاٹیں، کوڑے کھائے، روزگار سے ہاتھ دھوئے، بھوک کاٹی ان کو زردرای کی سیاست نے کہیں کا نہ چھوڑا، مجھے سعید ناصر نے بتایا کہ شازیہ عابد لاء کالج کے زمانے کی جیالی ہیں، پی ایس ایف میں بہت ایکٹو رہیں، لاءکی ڈگری حاصل کرنے کے بعد جام پور جیسے جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقے میں اپنے عوام اور اپنے لوگوں کی خدمت کیلئے وہیں وکالت شروع کی، عوام میں رہ کر ان کی خدمت کی اور شہید بی بی کی جیالی بن کر عوام تک شہید بی بی کا پیغام پہنچاتی رہیں۔

سعید ناصر نے مزید بتایا کہ شازیہ عابد تیسری بار مخصوص نشست پر ایم پی اے بنی ہیں، جینوئن جیالی ہیں، وہ اس وقت پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب لیڈیز ونگ کی صدر بھی ہیں، وہ جام پور بار کی پہلی خاتون صدر بھی رہی ہیں، اسی لئے جنوبی پنجاب کے عوام کی آواز بجلی بن کر پنجاب اسمبلی میں کڑکتی رہیں، سپیکرنے بار بار روکا اور ٹوکا مگر جیالی نے اپنے خطاب جاری رکھا اور اختتام پر سرائیکی کے اشعار بھی پڑھے، مجھے خوشی اس بات کی زیادہ ہے پیپلزپارٹی میں جیالوں کی قدر کسی حد تک کی جاتی ہے ورنہ زرداری صاحب تو نے پارٹی جنوبی پنجاب کے "مخدوموں" کے حوالے کی ہوئی ہے جہاں جیالوں کو آگے آنے کا موقع ہی نہیں مل سکا۔

شازیہ عابد جیالوں کیلئے نئی آواز اور جذبہ بن کر ابھری ہیں جس سے پرانے جیالوں کو حوصلہ ملے گا اور اگر بلاول بھٹو زرداری پنجاب میں پرانے جیالوں کی سرپرستی کریں تو کوئی وجہ نہیں کہ اپر پنجاب میں بھی پیپلزپارٹی فارم 47کے امیدواروں کو شکست نہ دے سکیں جس سے پنجاب میں پیپلزپارٹی کو دوبارہ مضبوط ہونے کا موقع ملے گا، شازیہ عابد کے پنجاب اسمبلی کے خطاب نے پنجاب کے خود کو وارث سمجھنے والی جماعت مسلم لیگ ن کے سرپرستوں کو بتادیا ہے کہ بھٹو ابھی بھی زندہ ہے اور زندہ ہے بی بی زندہ ہے۔

Check Also

Qaumi Currency Ko Siasat Se Mehfooz Rakhen

By Muhammad Riaz