Saturday, 17 May 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Amir Khakwani
  4. Zaheen Aurat Se Shadi

Zaheen Aurat Se Shadi

ذہین عورت سے شادی

ذہین خواتین کے حوالے سے کئی پوسٹیں چل رہی ہیں، بعض ڈاکٹر حضرات اپنی بھڑاس نکال رہے ہیں کہ ذہین عورت کے ساتھ شادی نہیں کرنی چاہئیے وغیرہ وغیرہ۔

بات یہ ہے کہ کوئی مرد اگر واقعی ذہین اور عقلمند ہے تو وہ اپنے لائف پارٹنر کے لئے ذہین عورت کو ترجیح دے گا۔

اس لئے کہ ایک سمجھدار اور ذہین عورت اپنے خاوند کی بہترین مشیر ثابت ہوتی ہے، وہ بچوں کی بہت اچھے طریقے سے تربیت کرے گی، گھر کو جنت بنائے گی، مہمانوں کے لئے اچھی میزبان ثابت ہوگی، سسرال کے ساتھ بھی اچھی ورکنگ ریلیشن شپ چلائے گی۔

میرا نہیں خیال کہ کسی ذہین مرد کو اپنی ذہین بیوی سے مسئلہ ہوگا یا وہ احساس کمتری کا شکار ہوگا۔

اگر کہیں ایسا ہو رہا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ مرد حقیقی طور پر عقلمند اور ذہین نہیں، وہ فیک ہے اور ذہین ہونے کا ایکٹ کر رہا ہے۔

مجھے تو زندگی اور پروفیشنل لائف میں کبھی کسی ذہین لڑکی یا عورت سے مسئلہ نہیں رہا۔ وہ بات کو بہت اچھے سے اور فوراََ سمجھ جاتی ہیں، اچھا مشورہ دیتی ہیں، خود سے جو فیصلہ کریں وہ بھی ٹھیک ہوتا ہے۔

مجھے تو ایک اعلی تعلیم یافتہ اور ذہین بیوی کے ساتھ گزرے زندگی کے اتنے سارے خوبصورت برسوں نے یہی سمجھایا ہے۔ ذہین بیوی بوجھ نہیں بنتی بلکہ بوجھ بٹاتی ہے۔ ہاں آپ میں اتنی اخلاقی جرات اور اعتماد ہونا چاہئیے کہ انہیں مساوی ٹریٹ کریں، عزت دیں، تکریم کریں، ان کے اچھے مشوروں کو اہمیت دیں اور کبھی اپنی رائے یافیصلہ کمزور لگے، اس سے بہتر اگر بیوی کی رائے ہے تو اسے مان لیں۔ یہ آنا کا مسئلہ نہیں بلکہ حقیقت پسندی ہوگی۔

ایک ذہین ماتحت یا کولیگ ہونا بھی نعمت ہے۔ میں اس حوالے سے بھی خوش نصیب رہا ہوں۔ تین چار اداروں میں اپنے شعبے کا سربراہ رہا ہوں، میری ٹیم میں نوجوان اور تجربہ کار دونوں تھے، لڑکیاں بھی۔ سب اپنی اپنی جگہ اہل اور ہنرمند۔ آپ ان پر اعتماد کریں اور کام کرنے کی آزادی دیں، باقی جادو وہ خود دکھا دیتے ہیں۔

یہاں دو چیزیں ذہن میں رکھیں کہ ضروری نہیں ذہانت کا تعلق تعلیم سے ہو۔ ایک ماسٹر ڈگری والی لڑکایا لڑکی اوسط زہانت رکھ سکتی ہیں اور کبھی کوئی میٹرک یا انٹر پاس ایکسٹرا آرڈنری ذہین ہوتی ہے۔ تاہم شادی کے لئے ترجیح اعلی تعلیم یافتہ ذہین لڑکی کو دینا چاہئیے کہ جدید ٹیکنالوجی اور جدید تعلیم، رجحانات کی اس دنیا میں تعلیم کی کمی خاصے مسائل پیدا کر دیتی ہے۔

اسی طرح کئی بار دیکھا ہے کہ بعض خواتین میں تعلیم اور ذہانت اپنے ساتھ اوور کانفیڈنس، انا اور ایک خاص نوع کا احساس برتری بھی لے آتی ہے۔ ریلیشن شپ کے لئے یہ سخت نقصان دہ ہے۔ احساس کمتری ہو یا احساس برتری زندگی دونوں صورتوں میں تباہ ہو جاتی ہے، آپ کی اور لائف پارٹنر کی۔

اس لئے میں ہمیشہ مردوں اور عورتوں میں زہانت کے ساتھ عقلمندی کے کمبی نیشن کو اہمیت دیتا ہوں۔ عقلمندی اپنی فطری خامیوں پر کام کرنے، انہیں دور کرنے، اپنے اوصاف بڑھانے اور سیچوئشن ہینڈلنگ سکھاتی ہے۔

Check Also

Jang Mein Sab Se Ziada Jhoot Bikta Hai

By Haider Javed Syed