Imandari Ka Sila
ایمانداری کا صلہ

دنیا میں کچھ ایسی کہانیاں سننے کو ملتی ہیں جو انسانیت پر یقین کو مزید مضبوط کر دیتی ہیں۔ یہ کہانی بھی ایک ایسے ہی شخص کی ہے جس کے پاس دولت تھی نہ اپنا گھر تھا اور نہ ہی کوئی بڑی حیثیت، لیکن اس کے پاس ایک ایسی دولت ضرور تھی جو کروڑوں ڈالر سے زیادہ قیمتی تھی۔ یہ کہانی 2013 میں امریکہ کے شہر نیویارک کے ایک 55 سالہ شخص بلی رے ہیرس (Billy Ray Harris) کی ہے، جو ایک ریلوے اسٹیشن کے قریب بیٹھ کر بھیک مانگا کرتا تھا۔ زندگی نے اس کے حصے میں غربت، تنہائی اور مشکلات لکھی تھیں، لیکن اس کے دل میں سچائی اور دیانت داری کی روشنی ابھی باقی تھی۔ ایک دن ایک نوجوان خاتون، سارا ڈارلنگ (Sarah Darling)، خوشی خوشی اسی اسٹیشن سے گزر رہی تھی، اس کی خوشی کی وجہ بھی خاص تھی۔
صرف دو دن پہلے اس کی منگنی ہوئی تھی اور اس کے منگیتر نے اسے ایک نہایت قیمتی ہیرے کی انگوٹھی تحفے میں دی تھی۔ سارا اس انگوٹھی کو بار بار دیکھتی اور اسے اپنی زندگی کی خوشیوں کی علامت سمجھتی تھی۔ لیکن ایک مسئلہ تھا۔ انگوٹھی ان کی انگلی میں ذرا ڈھیلی تھی۔ جب سارا اسٹیشن سے گزر رہی تھی تو اس نے بلی رے ہیرس کی آواز سنی جو راہگیروں سے مدد کی درخواست کر رہا تھا۔ سارا کا دل پسیج گیا۔ وہ اس کے قریب آئی اور اپنی جیب میں موجود تمام سکے نکال کر اس کے ڈبے میں ڈال دیے۔ فقیر نے دل سے اسے دعائیں دیں اور سارا مسکراتے ہوئے اپنی منزل کی طرف روانہ ہوگئی۔ مگر اسے معلوم نہ تھا کہ سکے ڈالتے وقت اس کی قیمتی ہیرے کی انگوٹھی بھی غلطی سے فقیر کے ڈبے میں گر گئی ہے۔ نہ سارا کو اس کا احساس ہوا اور نہ ہی اس فقیر کو۔
کچھ دیر بعد جب اس فقیر نے اپنے ڈبے میں نظر ڈالی تو اسے ایک چمکتی ہوئی ہیرے کی انگوٹھی دکھائی دی۔ پہلے تو وہ حیران رہ گیا، پھر اس کے دل میں خوشی کی ایک لہر دوڑ گئی۔ اسے لگا شاید کسی مہربان شخص نے اسے یہ قیمتی تحفہ دیا ہے۔ وہ انگوٹھی لے کر ایک سنار کے پاس پہنچ گیا تاکہ اس کی قیمت معلوم کر سکے۔ سنار نے انگوٹھی کو غور سے دیکھا، پھر فقیر کو اور دوبارہ انگوٹھی کو دیکھنے لگا۔ وہ جانتا تھا کہ یہ کوئی معمولی زیور نہیں بلکہ ایک انتہائی قیمتی ہیرے کی انگوٹھی ہے۔ آخرکار اس نے کہا: "یہ انگوٹھی بہت زیادہ قیمتی ہے۔ اگر تم چاہو تو میں تمہیں اس کے چار ہزار ڈالر دے سکتا ہوں"۔ چار ہزار ڈالرز کا نام سن کر بلی رے ہیرس حیرت میں ڈوب گیا۔
ایک فقیر کے لیے یہ رقم کسی خزانے سے کم نہ تھی۔ لیکن اسی لمحے اس کے دل میں ایک سوال پیدا ہوا: "میں ایک فقیر ہوں۔ آخر کوئی مجھے اتنی قیمتی انگوٹھی تحفے میں کیوں دے گا؟" یہ سوال دراصل اس کے ضمیر کی آواز تھا۔ فقیر نے انگوٹھی سنار سے واپس لی اور گھر لوٹ آیا۔ اگلے دو دن تک وہ اسی سوچ میں گم رہا۔ وہ بار بار اپنے ذہن پر زور دیتا رہا کہ آخر یہ انگوٹھی اس کے پاس کیسے آئی؟ پھر اچانک اسے یاد آیا کہ دو دن پہلے ایک نوجوان خاتون نے اس کے ڈبے میں سکے ڈالے تھے۔ شاید یہی انگوٹھی اس کی ہو اور غلطی سے ڈبے میں گر گئی ہو۔ اسی لمحے اس نے فیصلہ کر لیا کہ وہ انگوٹھی اس کی اصل مالک کو واپس کرے گا۔ اس کے بعد بلی ہیرس ہر روز ریلوے اسٹیشن جاتا۔ وہ گھنٹوں وہاں بیٹھا رہتا اور ہر گزرنے والے چہرے کو غور سے دیکھتا۔ اسے یقین تھا کہ ایک دن وہ خاتون ضرور واپس آئے گی۔
چند دن گزر گئے۔ بلی رے ہیرس روزانہ اسی ریلوے اسٹیشن پر آتا اور اس نوجوان خاتون کا انتظار کرتا رہتا۔ پھر ایک دن اچانک وہی خاتون، سارا، دوبارہ اسٹیشن سے گزری۔ فقیر نے اسے دور سے پہچان لیا اور آواز دینا شروع کر دی۔ سارا نے سمجھا کہ شاید فقیر حسبِ معمول خیرات مانگ رہا ہے۔ اس نے مسکراتے ہوئے جواب دیا: "معاف کرنا، آج میرے پاس پیسے نہیں ہیں"۔ لیکن فقیر فوراً بولا: "نہیں، نہیں! مجھے آپ سے پیسے نہیں چاہییں۔ میں آپ سے ایک بات کرنا چاہتا ہوں"۔ یہ کہہ کر اس نے اپنے ڈبے میں ہاتھ ڈالا اور احتیاط سے وہ ہیرے کی انگوٹھی نکالی جو کئی دنوں سے اس نے سنبھال کر رکھی ہوئی تھی۔ اس نے پوچھا: "کیا یہ انگوٹھی آپ کی ہے؟"سارا نے جیسے ہی انگوٹھی دیکھی، اس کی آنکھیں حیرت سے پھیل گئیں۔ "اوہ میرے خدا! یہ تو میری منگنی کی انگوٹھی ہے!" اس کی آواز خوشی اور حیرت سے کانپ رہی تھی۔
"یہ تمہیں کہاں سے ملی؟" بلی نے سکون سے پوری بات بتائی کہ جب اس نے خیرات کے سکے اس کے ڈبے میں ڈالے تھے تو انگوٹھی بھی انہی سکوں کے ساتھ گر گئی تھی۔ فقیر نے کہا کہ "پہلے تو میں سمجھا کہ شاید آپ نے یہ مجھے تحفے میں دی ہے، لیکن جب میں اسے بیچنے کے لیے سنار کے پاس گیا اور اس کی قیمت معلوم ہوئی تو مجھے یقین ہوگیا کہ اتنی قیمتی چیز کوئی فقیر کو تحفے میں نہیں دیتا۔ تب میں نے فیصلہ کیا کہ میں اس کے اصل مالک کا انتظار کروں گا اور اسے واپس لوٹا دوں گا"۔ یہ سن کر سارا کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔ وہ صرف ایک قیمتی انگوٹھی نہیں تھی، بلکہ اس کی منگنی اور زندگی کے ایک خوبصورت لمحے کی یادگار تھی۔
سارا نے دل کی گہرائیوں سے بلی کا شکریہ ادا کیا اور گھر واپس چلی گئی۔ جب سارا نے یہ سارا واقعہ اپنے منگیتر کو سنایا تو وہ بھی حیران رہ گیا وہ سوچنے لگا کہ ایک ایسا شخص جس کے پاس کھانے کے لیے بھی پیسے نہیں، وہ ہزاروں ڈالر مالیت کی انگوٹھی واپس کر دیتا ہے۔ یہ معمولی بات نہیں۔ سارا اور اس کے منگیتر نے فیصلہ کیا کہ اس فقیر کی ایمانداری کی داستان دنیا تک پہنچنی چاہیے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر بلی رے ہیرس کی کہانی شیئر کی اور لوگوں سے اپیل کی کہ اس ایماندار شخص کی مدد کی جائے۔ ان کا خیال تھا کہ شاید دو، چار یا دس ہزار ڈالر جمع ہو جائیں گے اور بلی کی زندگی کچھ بہتر ہو جائے گی۔ مگر جو ہوا، اس نے سب کو حیران کر دیا۔ لوگوں کو بلی کی ایمانداری اتنی پسند آئی کہ صرف چند گھنٹوں میں عطیات کی بارش شروع ہوگئی۔ شام تک فنڈ میں تقریباً ایک لاکھ اسی ہزار ڈالر جمع ہو چکے تھے۔
اس کے بعد سارا، اس کا منگیتر اور کئی دوسرے لوگ بلی کے پاس گئے۔ انہوں نے اسے نئے کپڑے دلوائے، اس کی مدد کی اور اس کی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے۔ جلد ہی میڈیا کو بھی اس کہانی کا علم ہوگیا۔ ایک ٹی وی چینل نے بلی رے کا انٹرویو نشر کیا۔ وہ شخص جو کل تک ریلوے اسٹیشن کے ایک کونے میں بیٹھا تھا، آج لاکھوں لوگوں کے لیے ایمانداری کی علامت بن چکا تھا۔ ان عطیات سے اس کے لیے گھر خریدا گیا، گاڑی لی گئی اور اس کی مالی حالت بہتر بنا دی گئی۔ مگر سب سے خوبصورت لمحہ ابھی باقی تھا۔ جب بلی رے کا انٹرویو ٹی وی پر نشر ہوا تو اس کے خاندان کے افراد نے بھی اسے دیکھ لیا۔ وہ رشتہ دار جو برسوں پہلے اس سے بچھڑ گئے تھے، دوبارہ اس کی زندگی میں واپس آگئے۔ یوں نہ صرف اسے مالی آسودگی ملی بلکہ اپنے بچھڑے ہوئے عزیز بھی واپس مل گئے۔ بعد ازاں لوگوں نے اس کے لیے ایک مستقل فنڈ بھی قائم کیا تاکہ اسے ہر ماہ باقاعدگی سے مالی مدد ملتی رہے۔ یہ 2013 کی ایک حقیقی کہانی ہے، جب بھی کہیں ایمانداری کا ذکر ہوگا تو بلی رے لوگوں کو ضرور یاد آئے گا۔
ہم بچپن سے سنتے آئے ہیں:
"Honesty is the Best Policy"
مگر اکثر ہم اس جملے کو صرف ایک نصیحت سمجھتے ہیں۔ بلی رے ہیرس نے دنیا کو دکھایا کہ ایمانداری صرف ایک اخلاقی سبق نہیں بلکہ ایک ایسی طاقت ہے جو انسان کی قسمت بدل سکتی ہے۔ شاید ہر ایمانداری کا انعام فوراً نہ ملے، مگر اللہ تعالیٰ کے ہاں کوئی نیکی ضائع نہیں جاتی۔ ہمارا کام صرف سچائی اور دیانت داری کے ساتھ اپنا فرض ادا کرنا ہوتا ہے، باقی انعام دینا اللہ کے اختیار میں ہے اور جب اللہ نوازنے پر آتا ہے تو پھر دیر نہیں لگتی۔ یاد رکھنے کی بات یہ ہے کہ دولت انسان کو امیر تو بنا سکتی ہے، لیکن انسان کو عظیم اس کا کردار بناتا ہے اور بلی رے ہیرس نے ثابت کر دیا کہ ایک ایماندار دل، دنیا کی ہر قیمتی چیز سے زیادہ قیمتی ہوتا ہے۔

