Monday, 16 September 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Ali Akbar Natiq
  4. Dastan e Lucknow Aur Dabistan e Lucknow

Dastan e Lucknow Aur Dabistan e Lucknow

داستانِ لکھنئو اور دبستانِ لکھنئو

یہ دو کتابیں دو دن پہلے میرے ہاتھ میں آئی ہیں اور مَیں نے اِن کو اُسی وقت پڑھنا شروع کر دیا۔ چونکہ یہ موضوعات میری دلچسپی کے بھی ہیں اِس لیے بھی اِن پر فوری توجہ دی۔ بخدا جیسے جیسے پڑھتا گیا حیرت و استعجاب کے دروازے کھلتے چلے گئے۔ بس یوں سمجھیے کہ زبان و بیان کے لطیف تر آبِ حیات کے کنارے بیٹھا معلومات کے لعل و جواہر کو دیکھ رہا تھا۔ جنھیں موج در موج لہریں اچھال کر میرے دامن میں بھرتی جاتیں ہیں اور میں اُنھیں دل کے طاقچوں میں سجائے جاتا ہوں۔ یہ دونوں کتابیں لکھنئو کی تہذیب، تاریخ، ثقافت اور ادب کو ایسے اپنے گھیر میں لیے ہوئے ہیں کہ آسمانِ نیلی فام نے زمینِ سبزہ رُخ کو کیا لیا ہوگا؟ لکھنے والے نے زبان کے محاوروں اور روزمرہ کے یوں نشتر چلائے ہیں کہ مولوی نذیر احمد صاحب دہلوی اور رجب علی بیگ صاحب، دونوں کے کان اُڑا دیے ہیں۔ قلم میں ایسی صفائی اور خیالات میں ایسی نفاست دیکھی نہ سُنی۔

برہان الملک سے لے کر واجد علی شاہ اور اُس سے بعد تک تمام شعرا اور ادبا کے خاکہ نما پارچے گویا دل میں جاگزیں ہوئے جاتے ہیں۔ مجھے تو یوں لگا ہے کہ دوسری آبِ حیات پڑھ رہا ہوں۔ اگر سال میں لاکھوں کتابیں چھپتی ہیں تو میرا خیال ہے اُن میں سے ایک دو کتابیں ہی ایسی ہوتی ہیں جو کتاب کہلانے کے قابل ہوتی ہیں اور دعویٰ سے کہہ سکتا ہوں اُن دو میں سے ایک داستانِ لکھنئو کی یہ دو جلدیں شامل سمجھیے۔

یہ محمد باقر شمس صاحب کی تالیف اور تصنیف ہیں اور محمد باقر شمس صاحب دراصل صاحبزادے ہیں مجتہد سید سبطِ حسین صاحب طاب ثراہ کے اور اِن کے نانا مولوی بچھن صاحب ہیں۔ اِس سے آپ خود اُن کی علمی اور ادبی سیرابی کا اندازہ کر لیجیے۔

مَیں نے عبدالحلیم شرر صاحب کی گذشتہ لکھنئو پڑھ رکھی ہے جس میں سوائے چاولوں اور دال چپاتی کے ککھ نہیں۔

مجھے حیرت ہوتی ہے۔ یہ کتاب پہلے ہماری نظر سے کیوں نہیں گزری۔

دوستو، جو اللہ کے رزق سے گھر میں کشادگی رکھتے ہو اور علم و ادب کے دلدادہ ہو، ہر صورت اِس کتاب کو خرید رکھو اور پڑھ رکھو۔ یہ ایک خزانہِ علم ہے جو بک کارنر جہلم نے چھاپ دیا ہے۔

سید وقار حیدر صاحب نے اِس کتاب کو چھپوانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اِسے جتنی جلدی ہو سکے خرید کے پڑھیے اور اُنھیں دعا دیجیے۔

دونوں جلدوں کی قمیت 7200 ہے لیکن جیسی کتاب ہے قیمت بخدا زیادہ نہیں ہے۔

Check Also

Madar e Watan Tujhe Salam

By Mubashir Aziz