Thursday, 25 June 2026

Announcement!

اب اپ ہمارے یوٹیوب چینل کا حصہ بن سکتے ہیں۔ اب آپ کی تحریر کے ساتھ آپ کی آواز اور تصویر بھی دنیا تک پہنچے گی۔ اپنی تحریر کو اپنے موبائل سے بصورت ویڈیو ریکارڈ کریں اور ہمیں ارسال کر دیں۔

مزید تفصیلات کے لئے ہم سے رابطہ کریں۔۔

  1.  Home
  2. Blog
  3. Aamir Mehmood
  4. Almia Ye Hai Ke Almia Mar Chuka

Almia Ye Hai Ke Almia Mar Chuka

المیہ یہ ہے کہ المیہ مرچکا

درود و سلام سرورِ کونین نبی آخر الزماں سرکار ﷺ کی ذاتِ اقدس پر۔

حضرتِ انسان کی پیدائش سے لے کے موت تک اور موت کے بعد بھی اللہ تعالی کی مہربانیاں اور عطائیں جاری رہتی ہیں اور کمال یہ ہے کہ ہماری خطاؤں کے باوجود عطاؤں میں ذرہ بھر بھی فرق نہیں آتا۔ اِن عطاؤں بھری زندگی میں غم ایک بہت ہی اہم عطا اور مہربانی ہے اللہ تبارک و تعالی کی، آج کا انسان غموں کے فیض کو پہچاننے سے قاصر ہے، المیہ یہ ہے کہ المیہ مر چکا، ہم غموں کے فیوض و برکات سے نا آشنا ہیں۔

آج کے انسان کی تمام تر توانائیاں اور تمام تر کوششیں اِس بات پر منحصر ہیں کہ اِس کو مادی خوشی حاصل ہو جائے، آج کا انسان روپے پیسے، دولت، بڑے گھر، عالی شان محلوں میں اپنی خوشی ڈھونڈتا پھرتا ہے اور اِس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ دلوں پہ پردہ پڑ جاتا ہے احساسات مر جاتے ہیں، دل سخت ہو جاتا ہے، مادی چیزوں کی محبت آپ کو حقیقتوں سے دور کرتی ہے دلوں کو سخت کرتی ہے نا غم غم لگتا ہے اور نہ خوشی خوشی رہتی ہے، حقیقتوں تک رسائی اور پھر حقیقتوں کا مشاہدہ اور سفر صرف اور صرف درد و غم کی ردا میں ہی ممکن ہے۔

کہا جاتا ہے کہ شعور بھی درد و غم کے بغیر حاصل نہیں ہو سکتا اور شعور یہی ہے کہ حقیقتوں تک رسائی حاصل کی جائے اور حقیقتوں کا سفر ممکن ہو۔ مادی اشیا میں سب سے بڑی محبت دولت سے محبت ہے دولت سے محبت انسان کا سکون چھین چکی آج کے انسان نے دولت کو ہی محبوب بنا لیا ہے، دولت جمع کرنے کی تمنا اپنے ساتھ غریب ہونے کا خوف لے کر آتی ہے، جس کا نتیجہ خوفزدہ پریشان ذہن ہے اور خوفزدہ پریشان ذہن میں حسن خیال نہیں اُتر سکتا۔

جن لوگوں کو حقیقتوں کا سفر عطا ہوا ہے اُن کی ذہنی پریشانی دور کی جاتی ہے، اِس میں سب سے پہلے دولت سے رغبت حتم کی جاتی ہے جب دولت سے محبت نہیں رہتی تو پھر انسان اِس سنہری پنجرے سے آزاد ہو جاتا ہے اور اُس کو شعور ودیت کیا جاتا ہے تاکہ وہ درد و غم کے فیوض و برکات سے آشنا ہو۔

حضرت واصف علی واصفؒ فرماتے ہیں کہ اگر آپ کو دعا دی جائے کہ اللہ تعالی آپ کو غم سے بچائے تو یہ دعا نہیں بد دعا ہوگی۔

درد ہی اللہ ہے اور درد ہی رسول ہے، درد و غم کے بغیر اللہ تبارک و تعالی اور اُس کے محبوب کی پہچان ناممکن ہے، جو المیے ہماری زندگیوں پر گزرے ہیں جو دردو غم ہمارے وجود سے گزر چکے ہیں اُن کو یاد کرنے کی ضرورت ہے، ٹریجڈی یہ ہے کہ ٹریجڈی مر چکی ہے، اُس کو زندہ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ خود کی پہچان کا سفر شروع ہو کیونکہ خود کی پہچان ہی رب کی پہچان ہے۔

اللہ تبارک و تعالی آپ کو درد و غم سے آشنا کروائے آسانیاں عطا فرمائے اور آسانیاں تقسیم کرنے کا شرف عطا فرمائے۔

Check Also

Vigo Dala Culture

By Kiran Arzoo Nadeem