Monday, 25 November 2024
  1.  Home
  2. Riayatullah Farooqui
  3. Bachay Aur Achi Aadaat

Bachay Aur Achi Aadaat

بچے اور اچھی عادات

اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ بچوں کی عادتیں ہم خود بگاڑتے ہیں اور جب وہ بگڑی عادتیں ان کی فطرت ثانیہ بن جاتی ہیں تو پھر ہم ان کی "اصلاح" شروع کر دیتے ہیں۔ بہتر نہیں کہ شروع سے ہی بہتر عادتیں ڈالی جائیں؟ مثلا آپ یہی دیکھ لیجئے کہ شیر خوار بچے کو ہم غیر ضروری طور پر گود میں اٹھانے لگتے ہیں۔ اب بچہ تو اس عمر میں بھی اس عمر کے تقاضے جتنی ذہانت رکھتا ہے۔ چنانچہ بہت جلد وہ یہ جان جاتا ہے کہ گود سے بڑی کوئی عیاشی نہیں۔ یوں وہ بار بار اس عیاشی یعنی گود کے لئے رونا شروع کردیتا ہے۔ آپ گود میں میں لیتے ہیں تو چپ کرجاتا ہے۔ آپ جھولے یا بستر پر لٹاتے ہیں تو پھر سے رونا دھونا شروع۔ اور اسے ہر وقت گود میں اٹھائے رکھنا آپ کے بس میں نہیں ہوتا۔ چنانچہ ہوتا پھر یہ ہے کہ آپ اس کا یہ تقاضا پورا نہیں کرپاتے اور وہ رور رو کر انتہائی کم عمری میں نفسیاتی مسائل سے دوچار ہونا شروع ہوجاتا ہے۔ عمر تھوڑی مزید بڑھتی ہے اور وہ چلنا شروع کر دیتا ہے تو آپ اسے بار بار گھر کے باہر پورچ یا گلی تک لے جانے لگتے ہیں۔ یہ کام بھی آپ اس کثرت سے کرتے ہیں کہ وہ فورا سمجھ جاتا ہے کہ اصل عیاشی تو "کھلی فضاء " ہے اب وہ یہ تو نہیں جانتا کہ کھلی فضاء ہر وقت کی عیاشی نہیں چنانچہ وہ اس کے لئے بھی رونا دھونا شروع کردیتا ہے اور چونکہ اسے ہروقت باہر گھمانا آپ کے بس میں نہیں ہوتا تو اس کا مقدر آنسوؤں کے سوا کچھ نہیں ہوتا۔ یہ رونا اسے مزید نفسیاتی مسائل میں مبتلا کر دیتا ہے۔ ہم نے اپنے بچوں کو اس طرح کی عادتیں نہیں ڈالی تھیں۔ گود میں انہیں اتنا ہی اٹھایا جتنے سے انہیں عادت نہیں پڑی۔ باہر بھی انہیں یومیہ اتنا ہی لے کر گئے جتنا لے جانے سے انہیں عادت نہیں پڑی۔ یہ تو ہوئی بہت ہی چھوٹی عمر کے بچوں کی بات۔ اب ذرا عاقل بالغ بچوں کی جانب آجائے!

ہمارے تینوں بیٹوں کو ہم نے شروع سے ہی اپنے کام خود کرنے کی عادت ڈال دی تھی۔ چنانچہ اسی کا نتیجہ ہے کہ چھ سال کی عمر کے بعد ان کی ماں نے کبھی ان کے سکول شو پالش نہیں کئے اور بارہ سال کی عمر کے بعد ان میں سے کسی کے بھی کپڑے ماں نے استری نہیں کئے۔ اپنے سارے کام خود کرنے کا نتیجہ یہ ہے کہ وہ آج کسی سے پانی تک طلب نہیں کرتے۔ پیاس لگتی ہے تو خود اٹھ کر پانی پیتے ہیں۔ کھانا ان کے آگے ماں لاکر رکھتی ہے لیکن برتن وہ خود سنبھالتے ہیں۔ اس کا سب سے بڑا فائدہ دیکھئے! بڑے لڑکے کی شادی ہوئی تو ظاہر ہے گھر میں بہو آگئی۔ اب بہو بیچاری تو گویا ہوتی ہی ہر گھر کی "چیف ماسی" ہے۔ گھر کا سارا کام کاج اسی کو سنبھالنا ہوتا ہے۔ ہر ایک اسی کو حکم جاری کرتا ہے۔ لوگ کہتے ہیں کہ خواتین گھر پر تو اچھے کپڑے پہنتی نہیں، باہر جاتی ہیں تو تیار ہونے لگتی ہیں۔ بھئی وہ گھر میں اچھے کپڑے کیسے پہنیں؟ ہر دو منٹ بعد آپ کے گھر کا کوئی نواب اسے کچن میں آگ، تیل اور مسالوں میں جھونک دیتا ہے تو وہ وہاں نئے اور اچھے کپڑے کیسے برباد کرے؟ کیا وہ کچن کے پسینے میں بہانے کے لئے میک اَپ کر سکتی ہے؟ پہلے اپنے گھر کا نظام متوازن کیجئے اور پھر دیکھئے کہ وہ گھر میں بھی تیار ہوتی ہے کہ نہیں؟ تیار ہونا یعنی سجنا سنورنا عورت کا شوق بھی ہے اور ذوق بھی۔ اس شوق اور ذوق کی تکمیل کے لئے اسے مناسب موقع تو دیجئے!

آخری گزارش یہ کہ ہماری بہویں بھی تو ہماری بچیاں ہوتی ہیں۔ سو انہیں بھی شادی کے بعد شروع ہونے والی نئی زندگی کی اہم ترین چیزیں سیکھنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ ماں بننے کے بعد جو اہم ترین چیز ان بچیوں کو سکھانے کی ضرورت ہے وہ یہ کہ گھر پر بچے کو ڈائپر میں رکھنے والی ماں "نالائق اور نکمی ماں " ہوتی ہے۔ ڈائپر بچے کو تب پہنایا جائے جب آپ اسے گھر سے باہر لے جا رہے ہوں۔ ایک معصوم بچے کے ساتھ اس سے بڑا ظلم اور کیا ہوگا کہ وہ روز کئی گھنٹوں تک اپنا پیشاب وغیرہ اٹھائے پھرے؟ خدا گواہ ہے، میں جب کسی کے گھر جاتا ہوں اور وہ اپنا کوئی چھوٹا سا بچہ میری گود میں لا ڈالتے ہیں اور اس بچے نے ڈائپر پہن رکھا ہو تو مجھے کراہت ہونے لگتی ہے اور میں جلدی سے اس سے جان چھڑا لیتا ہوں۔ اللہ کا واسطہ! گھروں پر بچوں کو ڈائپر میں مت رکھا کیجئے۔ ظاہر ہے چھوٹی عمر میں بچہ بار بار پیشاب کرتا ہے اس مقصد کے لئے درجن بھر پاجامے اور پلاسٹک پر بچھائے جانے والے کپڑے گندے ہوتے ہیں سو ہوتے ہیں۔ جنت ویسے ہی ماؤں کے قدموں تلے تھوڑی رکھدی گئی ہے۔ اگر بچوں نے گندگی ڈائپر میں اٹھائے پھرنا ہے تو جنت پھر ماؤں کے قدموں تلے نہیں بلکہ ڈائپر بنانے والی کمپنی کے مالک کے قدموں تلے تلاش کرنی شروع کر دیجئے!

Check Also

Roos, Nuclear Doctrine Aur Teesri Aalmi Jang

By Muhammad Aamir Iqbal