Saturday, 11 January 2025
  1.  Home
  2. Arif Nizami
  3. Mazeed Bera Gharak

Mazeed Bera Gharak

مزید بیڑہ غرق

نیب کو گزشتہ چند ہفتوں میں "شریفوں "کا مکو ٹھپنے کی کارروائیوں میں تین بار ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ قومی احتساب بیورو جو ناقدین کے مطابق اب ایسے طرزعمل کا مظاہرہ کررہا ہے جس سے احتساب سے زیادہ انتقام کی بو آتی ہے۔ نیب کے تمام ترپاپڑ بیلنے کے باوجود چیف جسٹس آف پاکستان نے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کو جو کو ٹ لکھپت جیل میں سزاکاٹ رہے تھے علاج کی خاطر چھ ہفتے کے لیے ضمانت پر رہا کر دیا ہے کہ وہ اپنی مرضی کے مطابق تسلی سے علاج کراسکیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ فیصلہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے دیا۔ جی ہاں! یہ وہی جسٹس آصف سعید کھوسہ ہیں جنہوں نے پاناماکیس کی سماعت کرنے والے بینچ کے سربراہ ہونے کے ناتے سے نواز شریف کو مافیا ڈان سے تشبیہ دی تھی۔ اس معاملے میں وزیراعظم سمیت حکمران جماعت تحریک انصا ف کا رویہ بھی دلچسپ ہے۔ ایک طرف تو اس کے تر جمان ہر فورم پر رطب اللسان رہتے ہیں کہ ہما را احتساب کے عمل سے کو ئی تعلق نہیں، یہ یکسر آزادہے لیکن دوسری طرف یہ رٹ بھی تسلسل سے لگائی جا رہی ہے کہ چور ہیں، خائن ہیں، پکڑلو، بچنے نہ پائیں، زرداری، نواز شریف، شہبازشریف اور ان کے ساتھیوں کامقدر جیل ہے۔ نوازشریف کی ضمانت پر رہائی کے فیصلے پر ان پر ’نہ جا ئے ماندن نہ پائے رفتن، کی کیفیت طاری تھی۔ ’پاناما گیٹ، کے موقع پر جس عدلیہ کی واہ واہ ہو رہی تھی اب اسی کو مطعون کیا جا رہاہے۔ نیب کی دوسری بڑی پسپائی سابق وزیر اعلیٰ پنجاب، قومی اسمبلی میں قا ئد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کے صا حبزادے حمزہ شہباز کی گرفتاری میں ناکامی کی صورت میں ظاہر ہوئی۔ جمعہ کو ایسے لگ رہا تھا کہ نیب حمزہ شہباز شریف کو گرفتار کرنے نہیں بلکہ ان کی اقامت گاہ کوفتح کرنے آئی تھی۔ پو لیس کی بھاری نفری کے ہمراہ احتساب بیورو کے اہلکار سیڑھیاں لے کر آئے تھے تاکہ گھر میں گھس کر پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کو پکڑا جا سکے۔ حمزہ کا استدلال تھا کہ انہیں لا ہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق گرفتار کرنے سے دس روز پہلے بتانا ضروری ہے۔ اس محاذآرائی کے دوران مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے نیب اہلکاروں کو زدوکو ب کرنے کی بھی کوشش کی، بہرحال پہلے روز پسپائی کے بعد اگلے روز ہفتے کو نیب دوبارہ براجمان ہو گئی۔ اس بار حمزہ کو چیف جسٹس لاہور ہا ئیکورٹ سے پیرتک عبوری ضمانت مل گئی جس روز جسٹس شہزاد احمد ملک کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے 17اپریل تک ان کی ضمانت منظور کرلی۔ جب حمزہ شہباز نیب عدالت میں پیش ہو رہے ہیں تو انھیں زبردستی گرفتار کر نا چہ معنی دارد؟ ۔ ویسے بھی نیب کی دسترس سے کسی بھی سیاستدان کا بچنا بکرے کی ماں کب تک خیرمنائے گی کے مترادف ہے۔ قریبا ًہر ملزم پر ایک ہی کیس بنایا جا رہا ہے کہ اس کے اثاثے ذرائع آمدن سے زیادہ ہیں۔ ایک کیس میں ناکامی کے بعد دوسرا کیس بنا دیا جاتا ہے۔ نیب کی تیسری پسپائی قا ئد حزب اختلاف میاں شہبازشر یف کانام ای سی ایل سے ہٹایا جانا ہے۔ پیپلزپا رٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور منی لانڈرنگ کے کیسز میں ضمانت پر ہی گزارا کر رہے ہیں۔ اس صورتحال کے کئی پہلو ہیں۔ اس امر کے باوجود کہ یہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ نیب بالکل آزاد ہے، سیاسی حلقوں میں غلط یا صحیح طور پر یہ تاثر جا گزین ہو چکا ہے کہ سب کچھ حکمرانوں کی ہدایت پر ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت سیاسی انجینئرنگ کے لیے ہو رہا ہے۔ ایک تاثر یہ ہے کہ آصف زرداری اینڈ کو پر عر صہ حیا ت تنگ کرنے کے ساتھ سا تھ شہبازشریف کے بارے میں رویہ نسبتا ً نرم رکھا جا رہا ہے۔ بعض حلقوں کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اس بات پر سخت سیخ پا تھے کہ نواز شر یف کی کیونکر ضمانت ہو گئی لیکن نواز شریف کی میڈ یکل رپورٹس کی روشنی میں حکومت یہ بھی نہیں چاہتی تھی کہ خدانخواستہ میاں نواز شر یف کی صحت مزید دگرگوں ہو گئی تو ذمہ داری حکومت پر ڈال دی جا ئے گی۔ بلاول بھٹو کے ’کاروان بھٹو، ٹر ین ما رچ اور اس دوران شعلہ نوا تقریریں جن میں انھوں نے حکومت کے علاوہ بلا واسطہ طور پر مقتدر حلقوں کو بھی رگڑا لگایا۔ عمران خان اندرون سند ھ جی ڈی اے کے سا تھ مل کر پیپلز پارٹی کے ووٹ بینک میں دراڑیں ڈالنے کی کو شش کر رہے ہیں اور شہری سند ھ میں ایم کیو ایم کے انہی رہنماؤں جنہیں وہ پہلے دہشت گرد قرار دیتے تھے لیکن وہ اب ڈرائی کلین ہو کر راتوں رات محب وطن بن گئے ہیں۔ وہ اب ان کی کابینہ کا حصہ ہیں اور ان کے سا تھ مل کر اگلے انتخابات کے انتخابی میدان میں اترنے کاعندیہ دے رہے ہیں۔ اس پس منظر میں آصف زرداری اور بلا ول بھٹو کو للکارا بھی جا رہا ہے کہ آ ؤ، ہمت ہے تو تحریک چلاؤ۔ وزیر اطلاعا ت فواد چودھری پیپلز پارٹی کی طرف سے سند ھ کا رڈ استعمال کر نے کے امکان کامذاق اڑا رہے ہیں۔ نہ جانے کیوں تحریک انصا ف کے نادان مشیر ملکی سالمیت سے کھلواڑ کرنے والے ایسے نعروں کو تقویت دے رہے ہیں۔ تاحال پیپلز پارٹی کے سٹیج سے تو سندھ کارڈ کی کو ئی دھمکی نہیں دی گئی۔ جیسا کہ ہمارے سیا سی کلچر میں ہر بات اور اقدام کے پس منظرمیں سازش ہونے کی بو سونگھ لی جاتی ہے۔ اسی طرح یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ حمزہ شہبازپر تازہ یلغار دراصل شہبا زشریف کے گرد بلاواسطہ گھیرا تنگ کر نے کی کوشش ہے۔ بعض تجزیہ کاروں کے مطابق چونکہ شہباز شریف روز اول سے ہی اسٹیبلشمنٹ کے خلاف لب کشائی نہیں کرتے اور بڑے بھائی کے سامنے بھی ہاتھ جوڑتے رہے کہ حضور والا!فو جی قیادت سے پنگا مت لیں، بعدازخرابی بسیار بڑے میاں صاحب اور ان کی صاحبزادی برادر خورد کے موقف کے قائل ہو گئے، انہوں نے چپ سادھ رکھی ہے لیکن میاں شہباز شریف کو بھی تحریک انصاف سیاسی طور پر اپنے لیے خطرہ سمجھتی ہے کیونکہ میاں نوازشریف کے سیاسی طور پر راستے سے ہٹ جانے اور عمران خان کو ڈس کریڈٹ کرنے کے بعد انھیں آگے لایا جا سکتا ہے۔ اسی قسم کی بوالعجبیوں کی بنا پر نیب کوآزاد اور خو دمختار نہیں سمجھا جاتا اور تاثر یہ ہے کہ اس کی طنابیں کسی اور کے ہاتھ میں ہیں۔ اس پس منظر میں اکانومی جو وزیر خزانہ اسد عمر کی شیخی کے باوجود کہ معیشت انتہائی نگہداشت کے وارڈ سے نکل کر جنرل وارڈ میں آ گئی ہے اور اب ستوں خیراں ہیں عملی طور پر انتہائی مخدوش ہے اور ورلڈ بینک سمیت تمام عالمی مالیاتی ادارے کہہ رہے ہیں کہ اگلے دو برس تک معیشت مزید خراب ہوگی، پیداوار کم اور مہنگائی کا بوجھ بڑھے گا، عالمی بینک نے بھی حال ہی میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ سے بھی زیادہ معیشت کی گھمبیر ترین صورتحال پیش کردی ہے۔ اس صورتحال میں حکمرانوں کو کرپشن کرپشن کی رٹ لگانے سے زیادہ اپنا گھر ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔ خدانخواستہ کہیں ایسانہ ہو معاملات ہاتھ سے نکل جائیں اور ملک کامزید بیڑہ غرق ہو جائے۔

Check Also

Insan Ki Soch Jamid Nahi Hoti

By Mojahid Mirza