Tuesday, 24 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Zaigham Qadeer
  4. Zara Bach Ke

Zara Bach Ke

ذرا بچ کے

وہ شخص جو محبوب سے ملنے والی ذرا سی مایوسی پہ عشق ہی بدل لے اس شخص کے عشق میں کھوٹ ہوتا ہے سچا عشق تو یہ ہے کہ آپ محبوب کے دئیے ہر زخم، تکلیف اور درد کو اس کی رضا سمجھ کر سہہ لیں اور تب تک سہیں جب تک محبوب سے آپ کے چار بچے نہیں ہو جاتے۔

آپ ایک کامیاب شخص ہیں چمکنا آپ کا مقدر ہے اگر آپ شمع کی صورت میں چمک نہیں سکتے تو ٹارچ لائٹ بن کر چمکنا شروع کر دیں کیونکہ آپ یہ کر سکتے ہیں۔خیر،الحمدللہ سے لاہور قلندر دوبارہ سے جیتنا شروع ہو گئی ہے اور دل بہت گارڈن گارڈن ہے۔

باقی اوپر لکھی گئی اقوال زریں ٹائپ چول باتیں آپ کو ہر ڈرامے اور فیس بک و ٹوئٹر والز پہ نظر آتی ہونگی جن میں غیر ضروری ون لائنر لکھ کر موٹیویشنل لکھاری دریا کو کوزے میں بند کرنے کی کوشش کرتے ہیں مگر انہیں ہم مہذب زبان میں بھی "یاویاں " مارنا ہی کہہ سکتے ہیں۔ ان سے ذرا بچ کے رہیں۔

یہ اقوال زریں ایسے ہیں کہ ڈرامے میں ہیرو کسی بابے کے پاس جائے گا اور اس کو کہے گا بابا جی مجھے ہفتے سے قبض ہے تو آگے سے وہ بابا فائبرز والی خوراک لینے کی بجائے یہ کہنا شروع کر دے گا کہ بیٹا بعض اوقات بندش ہمارے پاس کچھ بڑا آنے کی نشانی ہوتی ہے۔

بس ایک بات یاد رکھیں،عشق وہ نہیں ہوتا جس میں محبوب آپ کو درد دے، اگر محبوب آپ کو درد دیتا ہے تو اس کے نٹ بولٹ ٹائٹ کریں، ایمویشنل مزری میں رہنا ایک حماقت ہے۔ وہ شخص جو آپ کے اچھے برے موڈ کا خیال نہیں رکھ سکتا آپ کے پیار کا حقدار کبھی نہیں ہوتا۔ اور آپ کی زندگی کا ساتھی تو کبھی نہیں بن سکتا۔ زندگی کا ساتھی وہی بن سکتا ہے جو آپ کے بولے گئے ایک ایک لفظ کی ٹون سمجھ کر آپ کے موڈ کو پہچان لے اور آپ کو دکھ میں کبھی بھی نا دیکھ سکے۔

آپ دنیا کا ہر کام کبھی نہیں کر سکتے۔ ناکامی ہر انسان کا تب تک مقدر ہے جب تک وہ کامیاب نہیں ہوجاتا اور ناکامی کے خوف سے کوشش نا کرنا ڈرپوک ترین ہونے کی نشانی ہے۔

زندگی ایسے جئیں کہ آپ کو آخر میں کوئی پچھتاوا نا رہے اور اقوال زریں ٹائپ لکھاریوں سے بچ کر رہیں کیونکہ اقوال زریں ہر کوئی کہہ سکتا ہے مگر ان کو سن کر اگر آپ تکلیف سہنے کی طرف جا رہے ہیں تو اقوال زریں لکھنے والے پہ چار حرف بھیج کر موو آن کریں اپنا ٹارگٹ بدل لیں۔

Check Also

Yaroshalam Aur Tel Aviv Mein Mulaqaten

By Mubashir Ali Zaidi