Greek Dahi
گریک دہی

دہی ہم سب کھاتے ہیں۔ یہ ہماری پسندیدہ ڈیری پراڈکٹ ہو سکتی ہے۔ وہیں پر دہی دو طرح کے فائدے دے سکتی ہے۔ یہ وزن بڑھانے میں بھی مدد فراہم کر سکتی ہے اور وزن گھٹانے میں بھی مدد فراہم کر سکتی ہے۔ لیکن اس تحریر میں عام دہی کی بجائے میں گریک دہی کا ذکر کرنا چاہوں گا۔ کیونکہ وہ وزن کے معاملے میں زیادہ فوائد رکھتی ہے۔ گریک دہی عام دہی جیسی ہی ہوتی ہے لیکن اس میں سے پانی یا پھر whey کو نکال دیا جاتا ہے۔
یوں جب whey کو نکال دیا جاتا ہے تو یہ دہی کو پروٹین سے بھرپور بنا دیتا ہے۔ کیونکہ اس کے نتیجے میں دہی مزید گاڑھی ہو جاتی ہے اور اس میں موجود پروٹین کی فی سو گرام مقدار تین یا چار گرام سے سیدھا آٹھ سے دس گرام کے درمیان چلی جاتی ہے۔
پاکستان میں مجھے سادہ دہی کبھی پسند نہیں رہی، میرے خیال میں اُس کی وجہ بیکٹیریا کے کلچر کا پسند نا آنا ہو سکتی ہے۔ کیونکہ کچھ جگہوں کی دہی مجھے پسند آتی تھی۔ لیکن پھر پاکستان سے باہر آنے کے بعد دہی میری روز مرہ کی روٹین کا حصہ بن گئی۔
یہاں تقریباََ چار سو گرام کا بڑا ڈبہ دہی کا ملتا ہے۔ جس کی قیمت نا ہونے کے برابر ہے۔ پاکستانی رپوں میں بات کریں تو سادہ دہی کی فی کلو قیمت محض ڈھائی سو روپے فی کلو کے لگ بھگ جبکہ گریک کی قیمت چار سو روپے فی کلو کے لگ بھگ ہوتی ہے۔ یہاں کے حساب سے فقط ایک سے سوا یورو اور حد دو یورو تک ہوتی ہے۔
اب یہ دہی خود میں کرشماتی صلاحیت رکھتی ہے جو کہ اس کو کافی خاص بناتی ہے۔ چونکہ گریک دہی میں پروٹین زیادہ ہوتی ہیں اس لئے اس کی کیلوریز بہت کم ہوتی ہیں۔
سو گرام دہی کیلوریز محض 120-140 ہوتی ہیں۔ جبکہ ایک عام شخص دو سو گرام میں بھی فل ہو سکتا ہے اور یہ فل ہونے کی وجہ اس موجود پروٹین کی زیادہ مقدار ہے جو کہ فی سو گرام آٹھ سے دس گرام کے درمیان ہوتی ہے اور یہ پروٹین آپ کو بھرے پیٹ کا احساس دیتے ہیں اور فریش رکھتے ہیں۔
ایسے میں جو لوگ وزن کم کر رہے ہوتے ہیں اُن کے لئے یہ دہی نعمت سے کم نہیں ہے۔
وہیں پر اگر کوئی وزن بڑھانا چاہتا ہے تو اسی دہی کے ساتھ زیادہ کیلوریز والی کوئی چیز شامل کر لی جائے جیسا کہ آلو، کچالو یا ایسا کچھ اور تو یہی دہی صحت مند وزن بڑھانے کے کام آئے گی۔ جہاں اس میں موجود پروٹین آپ کو مسل بنانے میں مدد دیں گے وہیں اس کے ساتھ زیادہ کیلوریز آپ کے جسمانی افعال کو مزید بہتر بنائیں گے جس کے نتیجے میں وزن مزید بہتر بڑھے گا۔
معدے کو پہنچنے والے فوائد الگ ہیں۔
اس لئے یہ دہی بہت سے لوگوں کے لئے ایک سستا ذریعہ بھی ہو سکتی ہے جس کی مدد سے وہ نا صرف وزن گھٹا سکتے ہیں بلکہ بڑھا بھی سکتے ہیں اور بہت سے لوگوں کے لئے جو وزن گھٹانا چاہتے ہیں اس کا سو گرام جبکہ جو بڑھانا چاہتے ہیں تین سو گرام تک بھی بہت مفید رہے گا۔
وہیں پر جو لوگ شکوہ کرتے ہیں وزن کم نہیں ہو رہا وہ اپنی ڈائیٹ دیکھیں کہیں نا کہیں وہ زیادہ کیلوریز لے رہے ہوتے ہیں۔