Bill Gates, Maa Aur Zindagi Ka Talkh Tareen Lamha
بل گیٹس، ماں اور زندگی کا تلخ ترین لمحہ

نیٹ فلکس پہ بل گیٹس کے بارے میں تین حصوں پہ مشتمل ڈاکیومنٹری ریلیز ہوئی ہے۔ بہت سے لوگوں کو یہ ڈاکیومنٹری پسند آئی ہے۔ اس کی منفرد بات یہی ہے کہ اس میں دنیا کا کھرب پتی شخص موجود ہے۔ جو کہ ذہین ہونے کے ساتھ ساتھ خلق خدا کی خدمت پہ بھی یقین رکھتا ہے۔ اس ڈاکیومنٹری میں کافی مزے سے سوال پوچھے گئے ہیں۔ جیسا کہ میزبان ان سے چند سوال کر رہا ہے۔
آپ کا پسندیدہ جانور کونسا ہے؟
آپ کی پسندیدہ خوراک کونسی ہے؟
اور ان سوالوں کے ساتھ ہی وہ ایک تلخ سوال پوچھ لیتا ہے۔ ایسے میں اچانک سوال پہ بل گیٹس ایمانداری سے جواب دینے پہ مجبور ہو جاتے ہیں۔ اسی دوران میزبان نے پوچھا۔
آپ کی زندگی کا تلخ ترین دن کونسا تھا؟
بل گیٹس نے اپنی آنکھیں میچ لیں کچھ سوچا، چہرے کے تاثرات سے لگ رہا تھا کہ وہ جواب جانتے ہیں لیکن کہنا نہیں پا رہے۔ لیکن پھر وہ ہمت کرکے بولتے ہیں "وہ دن، جب میری والدہ فوت ہوئی تھی میری زندگی کا تلخ ترین دن تھا"۔
وہ شخص جو اپنی دولت سے پوری دنیا خرید سکتا ہے۔ اپنی دولت سے زمین کی وسعتوں سے نکل کر خلاء میں جا سکتا ہے۔ وہ جس کی وجہ سے آج دنیا کی تمام ترقی ایک طرح سے ہوئی ہے وہ کہہ رہا ہے کہ میری ماں سے جدائی کا لمحہ زندگی کا تلخ ترین لمحہ تھا۔
اس نے یہ نہیں کہا کہ وہ دن تلخ تھا جس دن سٹیو جابز (ایپل کے مالک) نے اس پر چوری کا الزام لگایا تھا۔ یا پھر وہ دن جس دن اس کی کمپنی کو ایک اعشاریہ تین ارب ڈالر جرمانہ ہوا تھا۔ بلکہ وہ دن جس دن اس کی ماں فوت ہوئی تھی وہ دن تلخ تھا۔
کینو ریوز ایک مشہور اداکار ہے ان سے ایک ٹاک شو میں ہنسی ہنسی میں پوچھا گیا کہ جب تم مر جاؤ گے تو کیا ہوگا۔ تو اُس نے کیا خوب کہا کہ "جو ہم سے محبت کرتے ہیں وہ ہمیں یاد کریں گے"۔
انسان بڑا اپنے سماجی رتبے یا دولت کی وجہ سے نہیں ہوتا بلکہ رشتوں کی قدر کی وجہ سے ہوتا ہے۔ وہ شخص جو رشتوں کی قدر نہیں جانتا وہ چاہے کھرب پتی بن جائے وہ دنیا کا نیچ ترین شخص ہوگا۔ مگر وہ جو ان کی قدر جانتا ہے وہ سب سے عالی مرتبہ ہوگا۔
یہ سچ ہے کہ جب ہم مر جائیں گے تو وہ جو ہم سے محبت کرتے ہونگے ہمیں یاد کریں گے۔