Wednesday, 08 January 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Umar Farooq
  4. Qayadat Ka Bohran

Qayadat Ka Bohran

قیادت کا بحران

وہ اچانک میری طرف مڑے اور فرمایا "سر مبارک ہو" میں نے حیرانگی سے ان کی طرف دیکھا اور پوچھا "کیسی مبارک؟" انہوں نے میری طرف گھورا اور بولے" کیا آپ نے انٹرنیشنل رپورٹس نہیں پڑھیں؟ " میں نے انکار میں سرہلادیا، یہ میرے دوست تھے، پولیٹیکل فیملی سے تعلق رکھتے ہیں، عمران خان کے بہت بڑے فین ہیں، یہ انھیں اپنا بلکہ پورے پاکستان کا لیڈر بھی سمجھتے ہیں، میں چند دن پہلے ان کے پاس بیٹھا ایک ریسرچ پڑھ رہا تھا کہ یہ اچانک میری طرف مڑے ایک کہنے لگے" سر آپ کو بہت مبارک ہو، پاکستان کو عمران خان کی صورت میں ایک لیڈر مل ہی گیا ہے، پاکستان نے نا صرف سروائیو کرنا شروع کردیا ہے بلکہ ایمنسٹی انٹرنیشنل، بلومبرگ اور ورلڈ بینک جیسے عالمی اداروں کی رپورٹس بھی حوصلہ افزاء ہیں۔

یہ نہایت پرجوش لہجے میں فرمانے لگے"وہ دن دور نہیں جب یہ ملک عظیم ہوگا اور پوری دنیا کی نگاہیں پاکستان پر مرکوز ہوا کریں گی، میں نے ان کی طرف دیکھا، ان شاءاللہ کہا اور دوبارہ پڑھنے میں مصروف ہوگیا، یہ مجھے چپ دیکھ کر بولے" میں آپ سے اتنی اہم بات کررہا ہوں اور آپ پڑھنے میں مصروف ہیں، کیا آپ کو نہیں لگتا پاکستان دنیا کا عظیم ملک بنے گا، لوگ ہمیں عزت کی نگاہ سے دیکھا کریں گے، دنیا ہماری مثالیں دیا کرے گی، تاریخ میں ہمارا نام سنہری لفظوں سے لکھا جائے گا، پاکستان کے بارے میں عالمی اداروں کی مثبت رپورٹس دیکھ کر مجھے یوں محسوس ہوتا ہے کہ اس دور کا آغاز ہوچکا ہے" میں نے لیپ ٹاپ ایک سائیڈ پر رکھا اور بڑی معذرت کی ساتھ عرض کی" کیا اب پاکستان کی رفعت، اس کی عظمت، اس کے وقار کا فیصلہ چند رپورٹس کریں گی؟

"وہ حیرانگی سے میری طرف دیکھنے لگے، میں نے کرسی ان کی طرف گھماتے ہوئے عرض کی" ملکوں کو عظیم چند رپورٹس نہیں بلکہ عظیم قیادتیں "عظیم" بناتی ہیں، بڑے لیڈروں کی وجہ سے عظیم ملک وجود میں آتے ہیں، امریکہ کو امریکہ جارج واشنگٹن، ابراہم لنکن اور روز ویلٹ جیسے لوگوں نے بنایا ہے، انگلینڈ آج بھی پورے دنیا میں انگلینڈ ونسٹن چرچل کی وجہ سے ہے، ماؤزے تنگ آج بھی پوری دنیا میں چین کی پہچان ہیں، تمہیں تاریخ میں بھی ایسے بیشمار لیڈرز مل جائیں گے جنہوں نے قوموں اور ملکوں کے مقدر بدل دیے، تم صرف مسلمان حکمران ہی دیکھ لو، دنیا میں حضرت عمرفاروق سے بڑا لیڈر کوئی نہیں ہے، آپ کے زمانے میں ملکوں کی گارگردگی جانچنے والے ادارے نا تھے لیکن اس کے باوجود اسلام اور مسلمانوں نے بے تحاشہ ترقی کی، آپ نے پوری دنیا کو ایسے سسٹم دیے جو آج تک پوری دنیا میں رائج ہیں، آپ نے جیل کا تصور دیا، پولیس کا محکمہ بنایا، شراب نوشی کی سزائیں مقرر کیں، عدالتی نظام کی بنیاد رکھی، آبپاشی کا نظام قائم کیا، فوج کا باقاعدہ محکمہ قائم کروایا، اثاثہ جات کی Money trial کے نظام کو بھی آپ نے متعارف کروایا چناں چہ اس دور میں ہم نے بغیر رپورٹس کے بھی بے پناہ ترقی کی اور اسلامی سلطنت پوری دنیا میں پھیلتی چلی گئی۔

اسی طرح عمر بن عبدالعزیز بنو امیہ کے آٹھویں خلیفہ تھے، آپ نے شاہانہ قیادت اور عدل وانصاف سے اہل حجاز کے دل جیت لیے، آپ نے بیت المال کو عوام کی ملکیت قرار دیا، آپ نے معاشی اور سیاسی نظام کو بہتر بنایا، آپ نے رعایا کی فلاح وبہبود کے وسیع پیمانے پر اقدامات کیے، آپ کے زمانے میں ناجائز آمدنیوں کی روک تھام کی گئی، آپ نے لوگوں کا مال ناجائز قبضوں سے چھڑوایا، آپ کے زمانے میں ظلم کا سدباب کیا گیا، آپ نے علم کی اشاعت پر خصوصی توجہ دی چناں چہ بنوامیہ کے 92 سالہ دور حکومت میں آپ کا اڑھائی سالہ دور حکومت تاریکی میں روشنی کی اہمیت رکھتا ہے، قائد اعظم سے کون واقف نہیں، برصغیر نے آج تک قائد اعظم سے بڑا لیڈر پیدا نہیں کیا، آپ نے اپنی عمر ایک ایسے خطے کے حصول کیلئے وقف کردی جہاں مسلمانوں کو مکمل آزادی ہو، جہاں صرف اور صرف اسلام کی حکمرانی ہو، آپ مذہبی آزادی اور اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری کی بات کرتے تھے، آپ نے مسلمانوں کو ہمیشہ سائنسی علوم حاصل کرنے کی تلقین کی، آپ نے تعلیم کو زندگی اور موت کا مسئلہ قرار دیا، آج پاکستان قائد اعظم کی قیادت کا نتیجہ ہے، تم خود دیکھ لو حضرت عمرفاروق ہوں، عمر بن عبدالعزیز ہوں یا پھر قائد اعظم یہ سب اہل، ایمان دار، بے غرض اور سب سے بڑہ کر اپنے مفادات کو پس پشت ڈالنے والے لوگ تھے لہذا ان کے ادوار میں مسلمانوں نے بے تحاشہ کامیابیاں سمیٹیں، ملک آگے بڑھے، سلطنتیں وسیع ہوئیں، غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ ہوا، قیصر وکسری جیسی سلطنتیں پاش ہوئیں، مسلمانوں نے پوری دنیا کو اپنی طرف متوجہ کیا اور عظیم قوت بن کر ابھرے، انھیں یہ عظمت ایمنسٹی انٹرنیشنل یا ورلڈ بینک کی رپورٹوں نے عطا نہیں کی تھی، یہ قیادت تھی جس نے شاندار سلطنتوں کی بنیاد رکھی، یہ کارنامے بڑے لیڈروں کی قیادت میں سرانجام دیے گئے تھے۔

وہ میری طرف غور سے دیکھ رہے تھے، میں اٹھا ان کے قریب جاکر بیٹھ گیا اور ان کے ہاتھ پر ہاتھ رکھتے ہوئے عرض کی" عظیم قیادتیں عظیم ملک تشکیل دیتی ہیں اور بدقسمتی کے ساتھ پاکستان میں ایسی قیادتوں کا بحران ہے، ہم آج تک قائد اعظم کے سوا کوئی بڑا لیڈر پیدا نہیں کرسکے جو بے غرض ہو، جو ایماندار اور اہل ہو، جو اپنے مفاد قومی مفاد کی خاطر قربان کرسکے، جو پاکستان کے حقیقی مسائل کی طرف توجہ دے سکے" میں نے عرض کی" تم خود بتاؤ جس ملک میں قیادت کا بحران ہو وہاں عالمی رپورٹس کی کیا حیثیت رہ جاتی ہے؟" انہوں نے اپنا ہاتھ کھینچا اور گہری خاموشی میں چلے گئے

Check Also

Nuqta, Riwayat Aur Jadeediyat Ka Haseen Imtizaj

By Mujahid Khan Taseer