Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Teeba Syed
  4. Hussainiat Universal Truth

Hussainiat Universal Truth

حسینت یونیورسل ٹرتھ

دنیا میں مختلف قسم کے علوم ہیں اور سب سے ناقابلِ اعتبار علم تاریخ کا ہے۔ تاریخ پورے سچ نہیں بولتی خاص طور پہ وہ تاریخ جو دولت کدوں میں بیٹھ کر لکھی گئی ہو اور دنیا کا سب سے بہترین علم وہ ہے جو کائنات آپ کے دل پہ تمام تر سچائیوں کے ساتھ اتار دیتی ہو۔

علیؑ اور حسینؑ کو تاریخ نے بڑی کوشش کی کم تر ثابت کرنے کی، غلط ثابت کرنے کی اور مٹانے کی۔ مگر تاریخ یہ کرنے میں ناکام رہی کیونکہ علیؑ اور حسینؑ ابنِ علی ایک یونیورسل ٹرتھ بن گئے اور جانتے ہیں کہ یونیورسل ٹرتھ کیا ہوتا ہے؟ جس کی کوئی سرحد نہ ہو، کسی خاص مذہب، نسل یا ادارے کی اس پر اجاراداری نہ ہو۔ وہ ٹرتھ کائنات کی سچائی بن جائے اور ہر وہ شخص جو قدرت اور فطرت کے قریب ہو تو وہ اس سچ کو پا لے۔

علیؑ اور حسینؑ کی محبت کا عالم بھی تو یہی ہے کہ جس کی کوئی حد نہیں کوئی سرحد نہیں ہے۔ علیؑ اور حسینؑ سے محبت کرنے والے صرف مسلمان نہیں ہیں، بلکہ عیسائی، ہندو اور لامذہب بھی ہیں۔

ہر صوفی نے علیؑ اور حسینؑ کو اپنا پیر مانا، اپنا مرشد مانا۔ ہر آرٹسٹ کے دل میں علیؑ خود ہی بس جاتا ہے۔ نصرت کو سن لیں، عابدہ کو سن لیں۔۔ آپ کو علی علی ہی کی صدا سنائی دی جائے گی۔

میں آج تک جس بھی آرٹسٹ سے ملی اسے علیؑ کا مداح پایا۔۔ وجہ صرف یہ ہے کہ ایک آرٹسٹ فطرت کے قریب ہوتا ہے اور علیؑ ایک یونیورسل ٹرتھ کی صورت میں اس کے دل میں آن بستے ہیں۔

واقعہ کربلا بھی تو علیؑ کی Legacy تھی۔ مجھے واقعہ کربلا سن کر کبھی بھی رونا نہیں آیا، میرے آنسو خشک ہو جاتے ہیں، کیونکہ یہ واقعہ سن کر مجھے جوش آتا ہے۔ میں کربلا کو دنیا میں سب سے بڑی مزاحمت کی علامت سمجھتی ہوں جس میں نومولود بچوں نے بھی حصہ لیا۔ حاکمِ وقت کے خلاف ڈٹ جانا وہ بھی نان ڈیموکریٹک دورِ حکومت میں۔۔ یہ حسینؑ ابن علی ہی کر سکتا تھا۔ خدا سر دے تو حسینؑ جیسا دے جو کٹ تو سکے لیکن جھکایا نہ جا سکے۔

یہ واقعہ آج بھی اسی شدت سے زندہ ہے۔ آج بھی حسینیت تنہا ہے، کوفے کے بازار ہیں، کوفی کیفیات ہیں اور یزدییت تختوں پر براجمان ہے۔ آج ایک نظریہ حسینؑ ہے اور ایک نظریہ یزید ہے۔ آج کے یزید کے سامنے سوال اٹھا دینے والا حسینت کے نظریے کو لیے ہوئے ہے۔

خدا ہمیں حسینت کے نظریے پر عمل کرنے والا بنائے تاکہ کل کو تاریخ ہمیں مٹانا بھی چاہے تو ہم یونیورسل ٹرتھ بن کر کائنات کے دل میں جیتے رہیں۔

یزیدیت اور کوفیت سے اللہ ہمیں لڑنے کی طاقت عطا کرے۔ خدا سر دے تو حسینؑ جیسا دے جو کٹ تو سکے لیکن جھکایا نہ جا سکے۔

Check Also

Mufti Muneeb Ur Rehman

By Abid Mehmood Azaam