Saturday, 23 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Tazeem Asim
  4. Mazhab Card

Mazhab Card

مذہب کارڈ

کیوں؟ تین بچوں کی شادی شدہ ماں کو محبت نہیں ہو سکتی، میں نے اس کو غور سے دیکھا اور کچھ لمحوں کی خاموشی کمرے میں پھیل گئی۔ وہ آج کی میری پہلی کلائنٹ تھی، عمر لگ بھگ چالیس کے قریب تھی، صاف رنگ، کشادہ چہرہ، بالوں کو سفید رنگ کے اسکارف میں خوبصورتی سے لپیٹے ہوئےکرسی پر براجمان تھی۔ محبت تو عمر کے کسی بھی حصے میں ہو سکتی ہے۔

میں نے کمرے میں موجود خاموشی کو توڑتے ہوئے، جواب دیا، شادی کے بیس سال کے بعد اب جبکہ آپ کے بچے جوان ہو رہے ہیں۔ آپ دوسری شادی کا فیصلہ کیوں کرنا چاہ رہی ہیں؟ مجھے اسں سے محبت ہوگئی ہے، میں اس کے بغیر نہیں رہ سکتی، میں کوئی غیر شرعی کام نہیں کر رہی ہوں اور اسلام بھی مجھے اجازت دیتا ہے کہ اگر میں اپنے شوہر کے ساتھ خوشں نہیں ہوں تو میں اس سے طلاق لے کر دوسری شادی کر سکتی ہوں اس نے پراعتماد لہجے میں جواب دیا۔

عامر نے فیصلہ کر لیا تھا کہ آج وہ ہر حال میں عالیہ کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دے گا عالیہ کے ساتھ اس کی شادی کو اٹھارہ سال ہو چکے تھے۔ اللہ نے اس کو ایک بیٹی اور ایک بیٹے سے نوازا تھا جوکہ اب کالج پہنچ چکے تھے۔ اس نے بچوں کے اپنے کمرے میں جانے کے بعد عالیہ کو بتایا کہ وہ دوسری شادی کر رہا ہے یہ الفاظ عالیہ پر بم بن کر گرے اس نے بے یقینی سے عامر کو دیکھا کہ وہ مذاق کر رہا ہے۔

شادی کہ اٹھارہ سال کے بعد وہ کیسے بےوفائی کر سکتا ہے۔ عامر نے نظریں پھیرتے ہوئے جواب دیا مجھے نور سے محبت ہو گئی ہے، میں اس کے بغیر نہیں رہ سکتا اور ویسے بھی میں کوئی گناہ نہیں کر رہا ہوں اسلام مجھے اجازت دیتا ہےکہ میں چار شادیاں کرسکتا ہوں۔ مجھے ظھیر سے محبت ہوگئی ہے دعا نے مسکراتے ہوئے جواب دیا اس لئے میں نے گھر سے بھاگنے کا فیصلہ کیا۔

کیونکہ میرے والدین کبھی بھی میری شادی ظھیر سےکرنے کے لئے راضی ناں ہوتے، میں نے کوئی گناہ نہیں کیا، نکاح کیا ہے اور اسلام ہمیں اجازت دیتا ہے کہ میں اپنی مرضی سے نکاح کر سکتی ہوں، دعا نے پراعتماد لہجے میں اینکر کی آنکھں میں دیکھتے ہوئے جواب دیا۔ اگر آپ نظر دوڑائیں تو یہ کہانیاں آپ کو اپنے اردگرد نظرآئیں گی، کردار مختلف ہو سکتے ہیں، نام مختلف ہو سکتے ہیں جگہ مختلف ہو سکتی ہے۔

لیکن یہ کہانیاں آپ کے آس پاس موجود ہیں، کبھی آپ نے غور کیا ہم کس طرح سے اسلام کا نام لے کر اپنے خاندان کو تکلیف پہنچا رہے ہیں، مجھے لگتا ہے کہ ہمیں اسلام کو اپنے مطلب سے ہٹ کر گہرائی سے سمجھنے کی ضرورت ہے، اسلام کیا ہے، اور وہ کس طرح کے خاندانی نظام کی بات کرتا ہے؟ ماں باپ اور بچوں کے درمیان کس طرح کے تعلقات ہونے چاہیں؟ میاں اور بیوی کا رشتہ کیا ہے؟

ان کو کیوں ایک دوسرے کا لباس کہا گیا ہے؟ آئیں مل کر ان سوالات کے جواب تلاش کرتے ہیں۔ اسلام تو ایک مضبوط خاندانی نظام کی بات کرتا ہے، ایک دوسرے کے ساتھ وفادار رہنے کی بات کرتا ہے، اسلا م ہمیں درگزر کرنا سکھاتا ہے، معاف کرنے کا درس دیتا ہے، تعلقات نبھانے کی بات کرتا ہے، اپنے خاندان کی عزت کرنا، ان سے محبت کرنا، ان کا خیال رکھنا اور ان کو اپنے کسی بھی عمل سے تکلیف ناں پہنچانے کی بات کرتا ہے۔

یہ تو ایک مکمل محبت کا مذہب ہے، جتنی خاندان میں محبت ہو گی اتنا ہی معاشرہ پرسکون ہوگا، اس میں امن ہوگا، کیونکہ فرد کی تربیت اس کے گھر سے شروع ہوتی ہے۔ اس میں ماں اور باپ دونوں کا کردار بہت اہم ہے۔ اس دعا کے ساتھ کالم کو ختم کرتی ہوں اللہ ہمیں دوسروں کے لئے آسانیاں پیدا کرنے والا بنائے۔

Check Also

Hamare Khawab

By Azhar Hussain Bhatti