Wednesday, 25 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Taseer Zaman
  4. IMF Ke Naam Khula Khat

IMF Ke Naam Khula Khat

آئی ایم ایف کے نام کھلا خط

نہایت ہی قابل صد احترام۔

عزیز از جان آئی ایم ایف

السلام علیکم۔

بعد از سلام عرض ہے کہ یہاں بالکل خیریت نہیں ہے مگر آپ کی خیریت نیک مطلوب ہے۔ بعد از سلام عرض ہے کہ ہمارے تعلق اور دوستی کا زمانہ گواہ ہے اور اس تعلق سے دنیا کا بچہ بچہ واقف ہے، ہمارا تعلق ہمالیہ سے بلند اور سمندر سے گہرا ہے۔ بخدا یہ میں سچ کہہ رہی ہوں، چین کے لیے تو فقط حق ہمسائیگی ادا کرنے کے لیے میں یہ الفاظ استعمال کرتی ہوں وگرنہ میرے دل میں جو تمہارا مقام ہے وہ میں جانتی ہوں یا میرا خدا۔

آمدم بر سرِ مطلب کہ ہمیں اکثر و بیشتر آپ کی مدد اور استعانت کی ضرورت درپیش رہتی ہے اور آپ بھی بصد مہربانی و شفقت ہماری مفلسی کا بھرم رکھ لیتے ہیں مگر پتہ نہیں کس رقیب رو سیاہ کے کہنے میں آتے ہیں یا خود ہی ایسی منچلی طبیعت پائی ہے کہ کسی قدر ناشناس محبوبہ کی طرح ناز اور عشوے دکھانے لگتے ہیں۔ ایسےکٹھور اور بے مروت ہو جاتے ہیں کہ ہمارے بے بس، لاچار، مسکین، لاغر و بےلباس لیڈرز پر بھی رحم نہیں کرتے، ایسے سخت سست کہتے ہیں کہ وہ بے چارے سہم کر گلی گلی بھٹکتے بھیک مانگتے پھرتے ہیں۔ اسی لیے میں نے خود ہی آپ کو خط لکھنے کی جسارت کی ہے۔

پیارے آئی ایم ایف۔

آپ کو شاید ہمارے بارے میں مکمل معلومات نہیں ہیں، وگرنہ کبھی بھی ایسی ناقدری نہ کرتے بلکہ ہماری مدد کر کے فخر سے سینہ چوڑا کر کے بین الاقوام کے محلے میں اتراتے پھرتے۔ جناب عالی میں وہ قوم ہوں جس کے کاندھوں پر نہ صرف موجودہ وقت میں کئی پہاڑ جیسی ذمہ داریاں ہیں بلکہ آنے والے وقتوں میں بھی کئی کارنامے انجام دینے ہیں، جو میں چیدہ چیدہ عرض کیے دیتی ہوں۔ اس وقت دنیا کی سب قومی، معاشی اور مذہبی ذمہ داریاں میرے ذمہ ہیں چاہے کہیں مذہبی جنگ ہو، کسی قوم کا تنازعہ ہو یا معاشی ناہمواری ہو میں ہی ان خنجروں اور تیروں کے آگے سینہ سپر ہوں، میرے سپوت فیس بک، واٹس ایپ اور پب جی اور دیگر میدانوں میں ان فتنوں کا سدباب کر رہے ہیں۔

جبکہ مستقبل میں ہونے والی محاذ آرائیوں کے لیے بھی میں ہی چنیدہ قوموں میں سے ہوں۔ میں ہی ہوں جس نے غزوۂ ہند میں ہنود کے شر سے دنیا کو نجات دلانی ہے، میں ہی دجال کے فتنے کا قلع قمع کرنے کی ہمت و جرات سے لیس ہوں۔ میں نے ہی یہودیوں اور لالچی سرمایہ کاروں کے معاشی حصار کو توڑ کر اس دنیا کو بچانا ہے۔ حتیٰ کہ کئی معاملات و مسائلِ بین الاقوام میرے ناتواں کندھوں پر پڑے ہیں۔

جبکہ اگر دوسری طرف آپ کا بینک بیلنس دیکھا جائے تو اتنے سرمائے سے آپ کو اللہ نے نواز رکھا ہے کہ کئی اونٹ بھی اٹھانے سے قاصر ہو جائیں، آخر قارون کی طرح یہ خزانہ اپنے ساتھ زمین میں تو لیکر نہیں جاؤ گے۔ اس سے اگر ایک مفلس مگر کارآمد و حوصلہ مند قوم کی تھوڑی مدد کر دو تو تمہارا کیا بگڑ جائے گا؟ چند ارب ڈالر ہی کی تو ضرورت پڑتی ہے وہ بھی سال میں ایک مرتبہ۔ تمہاری تجوری تو نہیں مانگتے تم سے۔

تمہاری اس سخاوت اور کریمی کی وجہ سے ہمارے مسکین، معصوم اور لاچار وزرائے اعظم، ارکان کابینہ و پارلیمنٹ کے گھر چلتے ہیں، بے ضرر، بے نوا، مظلوم بیوروکریٹس، کمشنرز اور دیگر اداروں کے افسران کی گاڑیاں اور اخراجات چلتے ہیں، اسی سے "اگر بچت ہو" تو عوام کو پٹرول، بجلی اور خوراک پر سرکاری رعایت (سبسڈی) ملتی ہے۔ اگر آپ یہ صدقہ خیرات نہیں کرو گے تو ان مظلوموں اور مسکینوں کی آہ سے بچ نہیں پاؤ گے۔

دوسری طرف آپ کی کئی کمزوریاں ہمارے معاشی ماہرین اور خاص طور پر صحافیوں کے ہاتھ لگ گئی ہیں اور وہ شور مچا مچا کر آپ کے ان مذموم ارادوں کو طشت از بام کر رہے ہیں۔ آپ نے جو طعنے دے دے کر ہماری قومی غیرت جگانے کی جسارت کی ہے اس پر تو کچھ لوگ بہت سیخ پا ہیں، آپ جو خرچے روک روک کر اخراجات میں کمی کا الٹی میٹم دے رہے ہیں آپکی یہ فتنہ سازی بھی زبان زدّ عام ہے جبکہ آپ نے جو سحری والوں کی طرح ٹین بجا بجا کر میرے سپوتوں کو خواب غفلت سے جگانے کی کوشش کی ہے یہ چارج شیٹ بھی آپ کے خلاف استعمال ہو رہی ہے۔ لہٰذہ اطلاعًا عرض ہے کہ اپنی اداؤں پر پہلے ہی ذرا غور کر لیں ایسا نہ ہو کہ لینے کے دینے پڑ جائیں اور پچھلے قرضوں کی واپسی غوری کی شکل میں آپ پر آ پڑے۔

آخر میں دست بستہ عرض گزار ہوں کہ ہمارے ساتھ ہمارے لیے نہیں بلکہ اپنے اور بین الاقوامی برادری کی بھلائی کے لیے مدد کرتے رہا کریں، اس میں آپ کا اور اس دنیا کا ہی بھلا ہے ہمارا تو اللہ وارث ہے ہی۔

آپ کی اس مہربانی، نوازش اور رحم دلی کے جواب میں ہم ان اقدامات کا وعدہ کرتے ہیں۔

ا۔ ہم ملک کے تمام مدارس میں آپ کے لیے دنیا اور آخرت کی کامیابی اور بھلائی کی دعا کا اہتمام کریں گے۔

ب۔ غزؤہ ہند میں کامیابی کے بعد ترقیاتی کاموں کے لیے آپ سے ڈبل سود پر قرض لیں گے۔

ج۔ دجال کے فتنے کو ختم کرنے اور پوری دنیا میں امن قائم کرنے کے بعد آپ کے ادارے کو خصوصی مراعات سے نوازا جائے گا۔

آپکی مخلص و تابعدار

پاکستانی قوم۔

Check Also

Yaroshalam Aur Tel Aviv Mein Mulaqaten

By Mubashir Ali Zaidi