1.  Home
  2. Blog
  3. Taimoor Khattak
  4. 100 Unit Muft Bijli Ka Lollipop

100 Unit Muft Bijli Ka Lollipop

100 یونٹ مفت بجلی کا لولی پوپ

ن لیگ کی صدر اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز آج کل وزیراعلیٰ حمزہ شہباز شریف کے لیے پر زور مہم چلا رہی ہے، ہر دوسرے دن لاہور کے کسی کارنر پر کارنر جلسوں میں مصروف ہے، کیونکہ اسی مہینے 17 جولائی کو 20 حلقوں پر ضمنی الیکشن کے بعد معلوم ہو جائے گا کہ پنجاب کا اگلا وزیراعلیٰ کون ہو گا؟ اسی نسبت سے ایک طرف مریم نواز تو دوسری طرف پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اپنے وزیراعلیٰ کے لئے پر زور جلسے کر رہے ہیں۔

دو دن قبل مریم نواز لاہور میں کارنر جلسے میں پر زور آواز میں اپنی ایک تقریر میں فرما رہی تھی کہ کل حمزہ شہباز پنجاب کے عوام کے لیے بہت بڑا اعلان کرنے جا رہے ہیں، میں ان کی تقریر بڑے غور سے سن رہا تھا جیسے ہی بڑے پیکج کی بات ہوئی تو ساری توجہ ایک بار کل پر ہو گئی کہ دیکھو کل حمزہ شہباز صاحب عوام کیلئے کونسا نیا شگوفہ چھوڑنے جا رہے ہیں؟

خیر کل ہوئی وزیراعلیٰ صاحب کا براہ راست ٹیلیوژن پر آنے کا پیغام مجھے میرے موبائل پر فیس بک سے موصول ہوا، تو میں نے بھی فوراً سے اپنا انٹرنیٹ آن کیا اور وزیراعلیٰ کو براہ راست سننے لگا، خیر پہلے ادھر اُدھر کی باتیں چلتی رہی مجھے بار بار کل کی تقریر میں مریم نواز کے بڑے پیکج کی بات بار بار کانوں میں گونج رہی تھی اور سوچ رہا تھا کہ حمزہ شہباز صاحب آخر وہ کب سنائیں گے بڑا اعلان؟

خیر آخر انہوں نے وہ بڑے پیکج سنانے کیلئے آخر اپنے بڑے پیکج کی طرح اپنا دل بڑا کر کے سنا ہی دیا کہ پنجاب میں 100 یونٹ صارفین کو بجلی مفت دی جائے گی اور کہا ہے کہ کم بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کا خرچہ صوبائی حکومت اٹھائے گی، اور اس کے لیے 100 ارب روپے مختص کر دئیے گئے ہیں جس سے 90 لاکھ خاندانوں کو فائدہ ہو گا، ضرورت مندوں کو سولر پینل بھی بلا معاوضہ ملیں گے، مہنگائی کا جن بوتل میں بند ہو گا، سسکتی معیشت کو دوبارہ زندہ کرنا ہے، اور پنجاب کو ایک بار پھر اپنی اصلی روپ میں لیکر آنا ہے۔

جیسے ہی مریم کی پیشنگوئی کا یہ بڑا پیکج سنا تو خیال آیا یہ 100 یونٹ استعمال کون کرے گا؟ اس پیکج سے استفادہ کون حاصل کرے گا؟ 100 یونٹ تو صرف اگر ایک بلب بھی ماہانہ چلاتیں رہیں شاید اسکا بھی 150 یونٹ بل آتا ہے، اگر ایک بلب کے استعمال سے 100 سے 150 یونٹ آتے ہیں تو کیسے پنچاب حکومت پنجاب کی عوام کو مفت بجلی دیں گی اور وہ بھی پچھلے چھے ماہ میں پہلے دیکھا جائے گا کہ اگر کسی نے مسلسل چھے ماہ میں صرف 100 یونٹ خرچ کیے ہیں تو ان کو مفت بجلی دی جائے گی۔

بس پھر سمجھ لگ گئی کہ یہ عوام کو ایک اور لولی پوپ دیا گیا ہے، یہ پیکج صرف اور صرف آنے والے ضمنی انتخابات میں ایک مہم کا طریقہ ہے، اس پیکج کو اگر بھارت کے پنجاب کے وزیراعلیٰ کی طرح 300 یونٹ مفت پنجاب کے عوام کو ریلیف دیا جاتا تو کچھ سمجھ میں آتا، پچھلے دنوں بھارت کے وزیراعلیٰ بھگونت مان نے اپنے پنجاب کے عوام سے کیے وعدے کو پورا کرتے ہوئے بھارتی پنجاب کو 300 یونٹ مفت بجلی کا اعلان کیا۔

ادھر ہمارے وزیراعلیٰ جو 100 یونٹ پچھلے چھے ماہ استعمال ہونے پر مفت بجلی کا اعلان کر رہے ہیں، افسوس ہمارے حکمرانوں پر جو صرف عوام کے جذبات کے ساتھ کھیلتے ہیں اور افسوس ان عوام پر بھی جو ان کی باتوں میں آ کر ان سے امیدیں لگا لیتے اور ان کو اپنا پیشواؤں کی طرح ہر گلی محلے میں دفاع کرتے ہیں۔

Check Also

Out Of The Box

By Javed Chaudhry