Saturday, 28 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Tahira Fatima
  4. Hazrat Musa, Hazrat Essa Aur Bani Israel (1)

Hazrat Musa, Hazrat Essa Aur Bani Israel (1)

حضرت موسیٰؑ، حضرت عیسیٰؑ اور بنی اسرائیل (1)

سَبَّحَ لِلّٰہِ مَا فِی السَّمٰوٰتِ وَ مَا فِی الۡاَرۡضِ ۚ وَ ہُوَ الۡعَزِیۡزُ الۡحَکِیۡمُ۝

جو چیز آسمانوں میں ہے اور جو زمین میں ہے سب ﷲ کی تسبیح کرتی ہے اور وہ غالب ہے حکمت والا ہے۔ (سورۃ الصف آیت 1)۔

چاندنی کی چمک بالکل خاموش ہے، درخت کی ہر شاخ خاموش ہے۔ چاند، سورج، ستارے سب خاموش ہیں۔ ان کی کوئی آواز نہیں ہے۔ لیکن سب خاموشی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ صحرا اور پہاڑ خاموش ہیں۔ گویا فطرت مراقبہ میں ہے۔ پوری کائنات خاموش ہے لیکن ناقابل یقین رفتار سے آگے بڑھ رہی ہے۔ اور یہ سب اپنے اپنے کاموں کو انجام دینے میں مسلسل مصروف عمل ہیں۔

ﷲ تعالیٰ کا ارشاد ہے:

یاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا لِمَ تَقُوۡلُوۡنَ مَا لَا تَفۡعَلُوۡنَ۝

مومنو! تم ایسی باتیں کیوں کہا کرتے ہو جو کیا نہیں کرتے۔ (سورۃ صف آیت 2)

کَبُرَ مَقۡتًا عِنۡدَ اللہِ اَنۡ تَقُوۡلُوۡا مَا لَا تَفۡعَلُوۡنَ۝

ﷲ اس بات سے سخت بیزار ہے کہ ایسی بات کہو جو کرو نہیں۔ (سورۃ صف آیت 3)

ﷲ تعالیٰ کے قانون کے مطابق یہ بات سب سے زیادہ قابل نفرت اور قابل اعتراض ہے کہ کوئی کہے کہ وہ کچھ کرے گا، لیکن پھر وہ نہ کرے۔ ایک طرف وہ لوگ ہیں جو اپنے فرائض کی انجام دہی میں مسلسل مصروف رہتے ہیں اور کوئی بات نہیں کرتے تو دوسری طرف وہ لوگ ہیں جو صرف شیخی بگارتے ہیں اور باتیں کرتے ہیں لیکن اپنے مقرر کردہ فرائض کو ادا نہیں کرتے۔ جب لوگ دوسروں کو جھوٹ نہ بولنے کا مشورہ دینے لگیں، دھوکہ نہیں دینے کا رشوت نہ لینے کا، ہر برا کام نہ کرنے کا مشورہ مگر خود یہی کرتے پھریں تو پورا معاشرہ کرپٹ اور بے عمل ہو جاتا ہے۔

قرآن تاریخ سے اس بات کا ثبوت دیتا ہے کہ جو لوگ باتیں کرتے رہتے ہیں ان کی نفسیات پر کیا گزرتی ہے۔ جو ایک دلیل کے بعد دوسری دلیل گھڑتے رہتے ہیں۔ اس میں کہا گیا ہے کہ حضرت موسیٰؑ کی قوم کا طرز عمل دیکھو، وہ مسلسل صرف باتیں کرنے میں مشغول رہتے تھے لیکن سنتے نہیں تھے اور جو کچھ حضرت موسیٰؑ انہیں حکم الٰہی کے مطابق کرنے کے لیے کہتے تھے وہ نہیں کرتے تھے۔ انہوں نے اپنے لامتناہی سوالوں سے حضرت موسیٰؑ کو دل میں درد دینا شروع کر دیا۔ قرآن نے ان چیزوں کو کئی مقامات پر بیان کیا ہے۔ مثال کے طور پر، قرآن نے گائے کو ذبح کرنے کا سادہ حکم دیا تھا لیکن انہوں نے اس کے رنگ، اس کی عمر، اس کے سائز وغیرہ کے بارے میں ٹیڑھی دلیلیں شروع کر دیں۔

قرآن کریم نے حضرت موسیٰؑ کی مثال دی ہے کہ ان پر کیا گزرا:

وَ اِذۡ قَالَ مُوۡسٰی لِقَوۡمِہٖ یٰقَوۡمِ لِمَ تُؤۡذُوۡنَنِیۡ وَ قَدۡ تَّعۡلَمُوۡنَ اَنِّیۡ رَسُوۡلُ اللہِ اِلَیۡکُمۡ ؕ فَلَمَّا زَاغُوۡۤا اَزَاغَ اللہُ قُلُوۡبَہُمۡ ؕ وَ اللہُ لَا یَہۡدِی الۡقَوۡمَ الۡفٰسِقِیۡنَ۝

اور وہ وقت یاد کرنے کے لائق ہے جب موسٰی نے اپنی قوم سے کہا تھا کہ بھائیو تم مجھے کیوں ایذا دیتے ہو حالانکہ تم جانتے ہو کہ میں تمہارے پاس ﷲ کا بھیجا ہوا آیا ہوں۔ پھر جب ان لوگوں نے کجروی کی ﷲ نے بھی انکے دل ٹیڑھے کر دیئے اور ﷲ نافرمانوں کو ہدایت نہیں دیتا۔ (سورۃ صف آیت 5)

حضرت موسیٰؑ کی قوم بہت باتیں کرتی تھی لیکن جب انہیں کسی کام کے لیے بلایا جاتا تو وہ بہانے تلاش کرتے تھے اور اس طرح وہ اپنے رسول کے لیے باعث ندامت بن جاتے تھے۔ تو یہ وہ حالات تھے جن میں حضرت موسیٰؑ نے اپنی قوم سے کہا: تم کیوں ہمیشہ میرے لیے مصیبت اور اذیت کا باعث بنے رہتے ہو، حالانکہ تم جانتے ہو کہ میں تمہاری طرف ﷲ کی طرف سے رسول بنا کر بھیجا گیا ہوں۔ میں تم سے جو بھی راستہ اختیار کرنے کو کہتا ہوں وہ ﷲ تعالیٰ کی طرف سے تجویز کیا گیا ہے اور تمہاری اپنی بھلائی کے لیے ہے۔ لیکن اس کے باوجود انہوں نے اپنی غلط روش ترک نہیں کی۔ جب وہ راہِ راست سے بھٹک گئے تو قانونِ جزا کے مطابق ان کے دل حق سے مزید ہٹ گئے۔

یُّؤْفَكُ عَنْهُ مَنْ اُفِكَؕ۝

اس قرآن سے وہی اوندھا کیا جاتا ہے جو اوندھا ہی کر دیا گیا ہو۔ (سورۃ الذاریات آیت 9)

قانون الٰہی بتاتا ہے کہ جو لوگ جانتے بوجھتے گمراہ ہو جاتے ہیں وہ صحیح منزل تک نہیں پہنچ سکتے۔ قرآن ان واقعات سے بھرا ہوا ہے کہ بنی اسرائیل نے حضرت موسیٰؑ کو کس کس طرح مشکل وقت دیا تھا۔ حضرت موسیٰؑ ان سے کہتے رہے کہ میں جو کچھ تم تک پہنچاتا ہوں وہ ﷲ تعالیٰ کی طرف سے ہے اور تمہارے اپنے فائدے کے لیے ہے۔ تم ﷲ کا حکم مان کر مجھ پر کوئی احسان نہیں کرو گے۔ اگر تم ایسا نہیں کرو گے تو تمہیں اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ قرآن میں پھر حضرت عیسیٰؑ کا بیان آتا ہے جو حضرت موسیٰؑ کے بعد آئے۔

وَ اِذۡ قَالَ عِیۡسَی ابۡنُ مَرۡیَمَ یٰبَنِیۡۤ اِسۡرَآءِیۡلَ اِنِّیۡ رَسُوۡلُ اللہِ اِلَیۡکُمۡ مُّصَدِّقًا لِّمَا بَیۡنَ یَدَیَّ مِنَ التَّوۡرٰىۃِ وَ مُبَشِّرًۢا بِرَسُوۡلٍ یَّاۡتِیۡ مِنۡۢ بَعۡدِی اسۡمُہ، ۤ اَحۡمَدُ ؕ فَلَمَّا جَآءَہُمۡ بِالۡبَیِّنٰتِ قَالُوۡا ہٰذَا سِحۡرٌ مُّبِیۡنٌ۝

اور وہ وقت بھی یاد کرو جب مریم کے بیٹے عیسٰی نے کہا کہ اے بنی اسرائیل میں تمہارے پاس ﷲ کا بھیجا ہوا آیا ہوں جو کتاب مجھ سے پہلے آ چکی ہے یعنی تورات اسکی تصدیق کرتا ہوں اور ایک پیغمبر جو میرے بعد آئیں گے جنکا نام احمد ﷺ ہوگا انکی بشارت سناتا ہوں۔ پھر جب وہ ان لوگوں کے پاس کھلی نشانیاں لے کر آئے تو کہنے لگے کہ یہ تو سراسر جادو ہے۔ (سورۃ صف آیت 6)

اس وقت بنی اسرائیل کی قوم کا یہی حال تھا۔ وہ لوگ جو حضرت موسیٰؑ کے لیے پریشانی اور صرف پریشانی کا باعث تھے، انہوں نے حضرت عیسیٰؑ کے ساتھ اس طرح بھی برا سلوک کیا جس سے سب واقف ہیں۔ وہ ایک رسول کی خبر پر کیسے یقین کریں گے جو آنے والا ہے؟ اب جب وہ منتظر رسول آخر کار آیا اور واضح قانون لے کر آیا تو انہوں نے کہا: یہ ﷲ کی وحی نہیں ہے، بلکہ ایک صریح جھوٹ ہے جو اس نے گھڑ لیا ہے۔

حضرت عیسیٰؑ کے بعد آنے والے رسول کے نام کے بارے میں عیسائیوں میں ایک زبردست بحث ہوتی ہے۔ یہاں قرآن کہتا ہے کہ اس رسول کا نام "احمد" ہوگا لیکن عیسائی کہتے ہیں کہ بائبل میں ایسا کوئی نام نہیں ہے۔ پہلی بات حضرت عیسیٰؑ کی دی ہوئی اصل بائبل موجود ہی نہیں ہے۔ یہاں تک کہ اصل یونانی بائبل بھی موجود نہیں ہے۔ اب بہت سی زبانوں میں بہت سی بائبلیں ہیں اور نئے ورژن آتے رہتے ہیں۔

یہاں تک کہ انگریزی میں بھی بہت سے ورژن ہیں۔ ایک ہی ورژن کے کئی ایڈیشن ہیں اور ایک ایڈیشن کسی دوسرے ایڈیشن سے میل نہیں کھاتا۔ عیسائی کہتے ہیں کہ بائبل میں"احمد" نام کا کوئی نام نہیں ہے۔ لیکن برناباس، برنباس کی ایک بائبل ہے جو اصل بائبل سے زیادہ قریب ہے جس میں رسول ﷲ ﷺ کا نام (جو حضرت عیسیٰؑ کے بعد آئیں گے) کو "محمد" لکھا گیا ہے۔ حضرت محمد ﷺ کا ذکر بائبل میں درج ذیل مقامات میں ملتا ہے۔

میں تمھارے بھائیوں کے درمیان میں سے ایک پیغمبر پیدا کروں گا، جو تمھاری (موسیٰ) کی طرح ہوگا، اور میں اپنے الفاظ اس کے منہ میں ڈالوں گا اور وہ ان سے یہی کہے گا جو میں اسکو حکم دوں گا۔ (بائبل، ڈیوٹرانمی (کتابِ استثنا)، باب نمبر 18 آیت 18)

جب کتاب اس کو دی گئی جو ان پڑھ ہے اور کہا کہ اس کو پڑھو میں تمھارے لیے دُعا کروں گا تو اس نے کہا کہ میں پڑھا لکھا نہیں ہوں۔ (بائبل، یسعیاہ کی کتاب، سورة 29 آیت 12)

محمد ﷺ کا ذکر نام کے ساتھ سلیمان کے گیت (songs of solomon) میں کیا گیا ہے۔

In Song of Solomon 5:16, the verse in Hebrew transliteration is۔

חִכּוֹ֙ מַֽמְתַקִּ֔ים וְכֻלּ֖וֹ מַחֲמַדִּ֑ים זֶ֤ה דוֹדִי֙ וְזֶ֣ה רֵעִ֔י בְּנ֖וֹת יְרוּשָׁלִָֽם

ḥikkōw mamṯaqqîm wəḵullōw maḥămaddîm zeh ḏōwḏî wəzeh rê, î, bənōwṯ yərūšālim

Where His mouth is most sweet, and he is altogether desirable. This is my beloved and this is my friend, O daughters of Jerusalem.

وہ بہت میٹھا ہے، ہاں: وہ بہت پیارا ہے۔ یہ میرا محبوب ہے اور یہ میرا دوست ہے، اے یروشلم کی بیٹیوں (Song of Solomon 5:16)

بہرحال موجودہ بائبلوں میں بھی لکھا ہے کہ حضرت عیسیٰؑ کے شاگردوں نے ان سے اس الٰہی نظام کو نافذ کرنے کو کہا جو وہ لائے تھے۔ اس پر حضرت عیسیٰؑ نے فرمایا کہ میرے بعد ایک اور رسول الٰہی آئے گا اور وہ میرا مشن مکمل کرے گا اور نظام الٰہی کو نافذ کرے گا۔ کہ جب وہ آئے تو تم اس کی پیروی کرو۔

Check Also

All The Shah’s Men

By Sami Ullah Rafiq