Saturday, 18 May 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Syed Shariq Waqar
  4. Deen

Deen

دین

صاحبو راقم بذاتِ خود کوئی بہت زیادہ دین دار انسان تو نہیں، پر پانچ وقت کی نماز جس میں اکثر کوتاہی ہوجاتی ہے، پابندی کی کوشش ضرور کرتا ہے۔ اللہ پاک نے قرآن کریم کا ترجمہ پڑھنے کی بھی توفیق دی ہے، اور عالم دینوں کے بیانات سے بھی اکثر استفادہ کرنے کی سعادت بھی حاصل ہوتی رہتی ہے۔ دنیا کی آبادی تقریبا سات ارب کے لگ بھگ ہے، اور چار ہزار سے کچھ زائد مذاہب موجود ہیں۔

اللہ پاک نے دنیا میں چار انبیا پر الہامی کتابیں نازل کیں، حضرت داؤد ؑ پر زبور، حضرت موسیٰ ؑ پر توریت، حضرت عیسیٰ ؑپر انجیل اور حضرت محمد ﷺ پر قرآنِ کریم۔ کیا اللہ پاک نے چار چار الگ مذاہب نازل کیے؟ خالقِ کائنات تو ایک ہی ہے یعنی اللہ کی ذات، پھر ایک مذہب کیوں نہیں؟ بہت سے دینی شعور رکھنے والوں سے تبادلہ خیال کرنے سے یہ سمجھ آتا ہے کہ، اللہ کا دین تو ایک ہے بس جیسے جیسے انسانوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا گیا۔

آبادیاں بڑھتی اور بنتی گئی، اسی طرح سے طرز ِمعاشرت اور طرزِ معیشت اور انسانی نظام اور اللہ نے اپنی وحدانیت کی تعلیم، دینے کےلیے دنیا میں ایک لاکھ چوبیس ہزار پیغمبر بھیجے۔ اور چار نبیوں پر اپنا کلام، وحی کی صورت میں نازل کیا اور آخر کار قرآن کریم اور نبی کریمﷺ پر دین مکمل کردیا۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ، دنیا میں چار ہزار سے زائد مذاہب کیسے وجود میں آئے؟ آج عیسائی مذہب کے پیروکار سب سے زیادہ ہیں پھر مسلمان دوسرے نمبر پر، مذہب تو دونوں آسمانی ہیں پھر تفریق کیوں؟

یہودیت کے پیروکار آج کی دنیا میں بہت تھوڑے ہیں، پر آسمانی کتاب کو مانتے ہیں۔ سمجھ کچھ یہ ہی آتا ہے کہ اللہ کا پیغام تو ایک ہی ہے، پر ہر دور میں حضرت انسان نے اسے اپنے مقاصد کے کچھ اور رنگ دے دیا۔ قرآن کریم میں دین مکمل کیا گیا، یعنی پچھلے آسمانی کلام میں مزید الہامی اضافوں کے ساتھ انسانوں کی رہنمائی کے لیے قرآن کی صورت میں نازل ہوا، اور پھر آپؐ پر نبوت ختم کردی گئی یعنی دین مکمل ہوگیا۔

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ چار ہزار سے زائد مذاہب کیوں؟ ہندو مت، بدھ مت، سکھ اور دیگر دوسرے مذاہب۔ یہ تمام بڑے مذاہب اپنی دینی کتابیں رکھتے ہیں۔ جنکی بہت سی تعلیمات اسلام سے ملتی جلتی ہیں، پر کہیں کہیں بت پرستی بھی آجاتی ہے۔ وجہ یہ سمجھ آتی ہےکہ اللہ پاک نے مختلف ادوار میں، مختلف علاقوں میں ایک لاکھ چوبیس ہزارپیغمبر بھیجے۔ جنہوں نے اللہ کے پیغام کو آگے بڑھایا، پر انسانوں پر شیطان حاوی ہوا اور اسکی سرکشی انسان کو سیدھی راہ سے بھٹکاتی گئی، اور وہ دین میں اپنی ترجیحات شامل کرتا گیا۔

خالق کائنات ایک ہی ہے، اسکا دین بھی ایک ہی ہے، اسکی آخری اور مکمل شکل اسلام ہے اور حضرت محمد مصطفیٰ ؐاللہ کے آخری نبیؐ ہیں۔ ساتھ ساتھ اللہ پاک نے، چونکہ اسلام سے قبل بہت سے عقائد فروغ پاچکے تھے، اس ہر عقیدے کے احترام کی ہدایت بھی دیں اور ان کو مناسب طرز عمل کے ذریعے صراطِ مستقیم پر چلنے کی تبلیغ کا نظریہ بھی دیا۔ اللہ سب کو ہدایت نصیب فرمائے۔

Check Also

Khawaja Saraon Par Tashadud Ke Barhte Waqiat

By Munir Ahmed Khokhar