Zimmedar Aap Honge
ذمہ دار آپ ہوں گے
ہر کسی کی بیوی کا کوئی نہ کوئی طنزیہ یا دھمکیہ تکیہ کلام ضرور ہوتا ہے۔ میری بیگم کا تکیہ کلام ہے "ذمہ دار آپ ہوں گے" دنیا میں کہیں کوئی پتہ بھی ہل جائے یا گھر میں ذرا سا کچھ ہو جائے، اس کے منہ سے یہی جملہ نکلتا ہے۔ مثال کے طور پر
" آپ کا دھیان پتا نہیں کن چکروں میں ہوتا ہے، کوئی ایک چکر ہو تو پھر بھی ہے۔ بجلی کے بل کی آخری تاریخ ہے۔ اگر جمع نہ ہوا تو اس کے ذمہ دار آپ ہوں گے"
"بچوں کے اسکول کی فیس جمع نہ ہوئی تو ذمہ دار آپ ہوں گے"
"واش روم کی ٹوٹی لیک کرتی ہے۔ کسی کا پاؤں پھسل گیا تو ذمہ دار آپ ہوں گے"
"ابھی ابھی میں نے صفائی کی ہے اگر ذرا سا بھی گند پڑا اب تو ذمہ دار آپ ہوں گے"
"آپ نے کہا تھا میں دو روٹیاں کھاؤں گا اگر پوری نہ کھائیں اب تو ذمہ دار آپ ہوں گے"
"لان میں لگے گلاب کے پودے مرجھا رہے ہیں اگر خراب ہو گئے تو ذمہ دار آپ ہوں گے"
"گرمیاں آ گئیں مجھے لان کے سوٹ نہیں دلوائے اس کے ذمہ دار آپ ہوں گے"
گھر میں ہلکی پھلکی نوک جھونک ہونے کی دیر ہے، بس آگے سے سننے کو ملتا ہے "اگر آپ نے میری ذرا سی بھی شکایت میرے بھائی جان کو لگائی یا ان کے آنے پر منہ بنا کر بیٹھے تو ذمہ دار آپ ہوں گے"
"میری آپی کو آپ نے کچھ کہا اور انہیں دل کی تکلیف ہو گئی تو ذمہ دار آپ ہوں گے"
"اگر آپ کے لئے پکوڑے بناتے گرم تیل کے چھینٹے مجھ پر پڑے تو ذمہ دار آپ ہوں گے"
"گاڑی آپ نے باہر کھڑی کر دی اگر اسے کچھ ہوا تو ذمہ دار آپ ہوں گے"
"ہمسائی کے بچوں کی سالگرہ ہے اگر ان کے لئے گفٹ نہ لا کے دیا تو ذمہ دار آپ ہوں گے"
میں تو بس احساس ذمہ داری سے نڈھال رہتا ہوں۔ اتنی ذمہ داریاں ہیں، کہ گھر کے باہر چوہا بھی مرا ملے تو اس کا ذمہ دار میں ہوں، کئی بار کہا کہ اے میری بیگم تم سے پہلے بھی میں ہی ذمہ دار تھا، اب بھی میں ہی ہوں اور مرنے کے بعد بھی میں ہی رہوں گا۔ تم بس یہ بات بات پر مجھ پہ ذمہ داری نہ فکس کیا کرو مگر اس کا بھی قصور نہیں۔
آپی بتا رہی تھیں کہ شادی سے پہلے ایک دن انہیں آ کر بولی "اگر مہندی کے فنکشن پر مجھے سبز رنگ کا کشمیری سوٹ نہ بنا کر دیا تو ذمہ دار آپ ہوں گی" اور ایک بار بھائی بتا رہے تھے کہ کہنے لگی "جہاں رشتہ کر رہے ہیں اگر اس بندے نے مجھے ذرا بھی تنگ کیا تو ذمہ دار آپ ہوں گے" جب انہوں نے یہ سن کر کہا " شادی تو تم اپنی پوری رضامندی اور پسند سے بھی کر رہی ہو" تو فوری بولی "پھر بھی ذمہ دار آپ ہی ہیں "
سسرال کی یہ باتیں سن کر قدرے چین پاتا ہوں اور خود کو ذمہ دار محسوس کرتا ہوں۔ آج پوچھا کہ یہ تو بتاو تم بھی کسی چیز کی ذمہ دار ہو کہ نہیں؟ بولی " آپ کی ذمہ داری مجھ پہ ہی تو ہے"